فہرست
پہلا حصہ: مُلکی صورتحال
1- یہ منشور ہم ایک ایسے وقت میں ترتیب دے رہے ہیں، جب ہمارے مُلک کا معاشی و سیاسی، سماجی اور قومی، صنفی اور جنسی، اور ماحولیاتی منظر نامہ بُحرانوں اور بکھری مزاحمتوں سے عبارت ہے۔ مہنگائی اور غربت، عورتوں اور خواجہ سراؤں پر مظالم، جبری گمشدگیاں اور ٹارگٹ کلنگ، سماجی اور قومی ناانصافیاں، مذہبی انتہا پسندی اور فرقہ واریت، جنگ اور دہشت گردی، موسمیاتی تبدیلی اور سیلاب کی تباہ کاریاں، ڈیموگرافک چیلنج، شہری اور زرعی زمینوں سے جبری بیدخلیاں، ریاستی جبر، نجکاریاں اور بڑھتے سامراجی قرضے، اور معیشت و سیاست میں فوج کا بڑھتا اثر و رسوخ جیسے موضوعات ہر جگہ زیرِ بحث ہیں:
2- صنفی اور جنسی بُحران: پاکستان اس وقت ایک سنگین صنفی اور جنسی بحران سے گزر رہا ہے۔ اس بحران نے پدرشاہانہ جنونیت، عورتوں کے قتلِ عام اور جنسی بربریت کی کئی بہیمانہ اور وحشیانہ شکلوں کو جنم دیا ہے، جس نے وباء کی طرح پورے سماج کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس نے سب سے زیادہ خاندان کے ادارے، تعلیمی اداروں اور مدرسوں کو متاثر کیا ہے، جو اس وقت بہت پُرتشدد ہو چکے ہیں۔ تین گروہوں کو اس بربریت کا سامنا ہے: عورتیں اور بچیاں، خواجہ سراء اور نابالغ لڑکے۔ ویسے تو پدرشاہانہ تشدد کی کئی سماجی، معاشی، ثقافتی اور نفسیاتی شکلیں ہیں، مگر سب سے تشویشناک پہلو صنفی بنیادوں پر جسمانی تشدد اور قتلِ عام، اور خاموش اموات کا بڑھنا ہے۔ جینوسائیڈ کی طرح فیمسائیڈ (صنف کی بنیاد پر عورتوں کا مردوں کے ہاتھوں قتلِ عام) پاکستان میں روزمرہ کا معمول ہے۔
3- خاموش اموات اور منظّم ریپ کی وباء ابھی تک منظرِ عام پر نہیں آئی۔ کام کی زیادتی، مار پیٹ، خوراک کی کمی، کمسنی کی شادی، صحت جیسی بنیادی سہولت کی عدم موجودگی کی وجہ سے سالانہ لاکھوں عورتیں حمل اور زچگی کے دوران مر جاتی ہیں۔ 21 فیصد بچیوں کو کمسنی میں ہی بیاہ دیا جاتا ہے، جو کہ منظّم قانونی ریپ کے زمرے میں آتا ہے۔ پاکستان میں زچہ بچہ کی اموات کی شرح جنوبی ایشیاء میں سب سے زیادہ ہے۔ جبری اور غیر محفوظ اسقاطِ حمل میں اموات، مادہ بچی کا حمل گرانا، طفل کشی (انفانٹیسائیڈ) یعنی نوزائیدہ بچیوں کو مار کر کچروں کے ڈھیر پر پھینکنا سب خاموش اموات ہیں۔ ان اموات کی وجہ سے پاکستان میں عورتوں کی آبادی مردوں سے 3 فیصد کم ہے۔ خطرناک بات یہ ہے کہ اِس عفریت کے پیچھے پاکستان کے حکمران طبقات، آمرانہ اور استبدادی ریاست، اور سامراجی ریاستیں اپنی مکمل طاقت کے ساتھ کھڑی ہیں، یعنی اِس سے بھی بڑی عفریتیں۔
4- گو کہ پاکستان بننے کے بعد سرمایہ داری نظام، ٹیکنالوجی کی ترقی، غیر ملکی اشیاء کی بھرمار، عورتوں کی تعلیم اور روزگار اور سیاسی و سماجی حقوق کی تحریکوں، اور انفارمیشن ریولوشن کی وجہ سے کچھ سطحی تبدیلیوں کے نتیجے میں معیارِ زندگی میں کچھ بہتری تو آئی ہے لیکن عورتیں اور خواجہ سراء آج بھی صدیوں سے جاری پدرشاہانہ جبر و استحصال کا شکار ہیں۔ سماج میں محنت کش اور محنت کار طبقات، محکوم قوموں، زیرِ عتاب مذاہب اور فرقوں، اور ”کمی ذاتوں (کام کرنے والی ذاتوں)“ سے تعلق رکھنے والی عورتیں اور خواجہ سراء سماج کا پسماندہ اور محکوم ترین حصہ ہیں۔ ان کو تہہ در تہہ جبر و استحصال کا سامنا ہے: خاص طور پر پیداواری، تولیدی، اور جنسیت کے پہلوؤں میں۔
5- ایک طرف اِنتہا پسند پدرشاہی اب پاکستان جیسی سیکیورٹی سٹیٹ کے جنگی مقاصد کے لئے ایک سٹریٹیجک اثاثے کی حیثیت حاصل کر چکی ہے۔ دوسری طرف حکمران سیاسی طبقہ پدرشاہی میں اس انتہا پسندانہ بڑھوتری اور بربریت پر مجرمانہ طور پر متفق ہیں۔ حکمران طبقے کی مین سٹریم پاپولسٹ جماعتیں اپنے طبقاتی مفادات کے لئے ہمیشہ مذہبی جماعتوں کی خوشنودی کے لئے عورت کے سوال پر سمجھوتہ کرتی رہی ہیں۔
6- ریاست کا صنفی نظریہ، ڈھانچہ، فقہ و قوانین، اور ترقیاتی پالیسیاں: یہ سب کے سب پدرشاہی بنیادوں پر اُستوار ہیں جو عورت کو دوسرے درجے کا شہری، اور خواجہ سراؤں کو انسان ہی نہیں مانتیں، اور ان سے اچھوتوں جیسا سلوک عام ہے۔ ایک طرف آئین صنفی برابری کی بات کرتا ہے مگر دوسری طرف پورا کا پورا ریاستی نظام، پالیسیاں اور قانون صنفی عدم مساوات، امتیاز، اور جبر پر مبنی ہیں جو عورت کی غلامی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ تعلیم، صحت، روزگار، اور انصاف کے حصول اور زندگی کے ہر شعبے میں صنفی جبر (عورت پر جنس کی بنیاد پر جبر) کی وجہ سے عورتیں اور خواجہ سراء مردوں کے مقابلے میں انتہائی پسماندہ ہیں۔ اکثریت وراثت، پسند کی شادی، اور ووٹ جیسے قانونی حقوق سے محروم ہے۔ اگر تعلیم حاصل کر بھی لیتی ہیں، تو چند مخصوص پیشوں میں دھکیلا جاتا ہے۔ مردوں کے مقابلے میں اُجرت کم دی جاتی ہے۔ جبری مشقت اور کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی عام ہیں۔ ہندو اور مسیحی بچیوں کا مذہبی انتہا پسند تنظیموں اور درگاہوں کی طرف سے اغواء اور مسلم اغوا کاروں سے جبری شادیاں عام ہیں۔ صنفی تفرق کے 146 ممالک کی عالمی انڈکس پر پاکستان کئی دہائیوں سے دوسرے سے چوتھے آخری نمبروں پر رہا ہے۔ پاکستان عورتوں کے لئے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں شامل ہے۔
7- بڑھتا قومی جبر و استحصال: قومی تضاد اور اس کے گرد ریاستی جبر مزید گہرا ہوا ہے۔ محکوم قوموں کی مادری سرزمینوں، پیداواری اور قدرتی وسائل، ساحلوں، ثقافتوں، تاریخ، زبان اور شناخت پر وفاق، فوج اور پنجاب کے قبضے بڑھ رہے ہیں۔ پشتون اور بلوچ سرزمین کو افغانستان میں سوشلسٹ انقلاب کو گرانے کے لئے سامراجی جنگ کے خلاف استعمال کیا گیا، اور اب بھی سٹریٹیجک ڈیپتھ اور دوسری کولڈ وار کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہاں امریکیوں کو فوجی اڈے دیئے گئے، سٹریٹیجک اثاثے رکھے گئے، اور مائنز بچھائی گئیں۔ بلوچستان، سندھ اور پختونخوا میں سونا، گیس، تیل، کوئلہ، یورینیم، کرومائیٹ، زرعی اراضیوں، ٹمبر، بجلی، بندرگاہوں، ساحلوں، جزائر، ٹریڈ ٹرمنل، اور پانی کے ذخائر پر قبضے ہیں۔ سی پیک راہداری بھی بلوچ قوم پرست حلقوں کی مرضی کے خلاف بنائی گئی۔ اس وقت تمام صوبوں کی زرعی اراضیوں پر فوج اور جرنیلوں کا قبضہ بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ اُوپر سے وفاقی حکومت اِسی منصوبے کے تحت صوبوں کی 44 لاکھ ایکڑ قابلِ کاشت زمین کو گلف ممالک، سعودی عرب اور چین کو زرعی فارمز بنانے کے لئے پٹے پر دے رہی ہے۔ جبکہ اسّی فیصد دیہی آبادی بے زمین ہے، جن کی اکثریت محکوم قوموں سے ہے۔
8- ریاستی جبر: وسائل پر قبضہ گیری واسطے جبری ریاست سازی اور جبری قوم سازی جاری ہے۔ محکوم قوموں پر ریاستی جبر جنگی جارحیت کی شکل اختیار کر چکا ہے۔ انہیں منظّم جینوسائیڈز، کریک ڈاؤن اور ملٹری آپریشنز کا سامنا ہے۔ پشتون، بلوچ اور سندھی قوم پرست مزاحمت کاروں کو جبری گمشدگیوں، ماورائے عدالت قتل، اور زندانوں کا سامنا ہے اور ان کے خاندانوں کی خواتین اور بچے سالوں سے سڑکوں پر احتجاج کر رہے ہیں، خاص کر بلوچ خواتین۔
9- ناہموار ترقی اور حقوق کی پامالی: محکوم قوموں کے عوام کی اکثریت پسماندہ دیہی علاقوں میں زندگی بسر کر رہی ہے، جہاں بنیادی سہولیات تک نہیں ہیں۔ اکثریتی عوام، وفاق کی طرف سے وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، ناہموار ترقی اور بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لئے زمینوں پر قبضے، غیر جمہوری حکومت سازی، فوج کشیوں اور دہشت گردی کا شکار ہونے کے باعث کہیں زیادہ غربت، بیروزگاری، بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی اور عمومی سماجی پسماندگی کا شکار ہیں۔ جنگ زدہ اور غربت زدہ علاقوں سے مرد مزدوروں کی بڑے پیمانے پر لیبر مائگریشن کے بعد دیہی آبادی کی اکثریت محکوم قوموں کی عورتوں پر مشتمل ہے، جو بیوگی کی زندگی گزار رہی ہیں۔ خاندان جو جبری نقل مکانی کی وجہ سے شہروں میں کچی آبادیوں میں رہ رہے ہیں، انہیں مسلسل جبری بیدخلیوں کا سامنا ہے۔ ووٹ کا حق رکھنے والی 10 ملین عورتوں کے پاس شناختی کارڈ تک نہیں ہیں، اور نہ ہی ووٹ، جبکہ ان کی اکثریت کا تعلق محکوم قوموں سے ہے۔ اِس وقت 5-16 سال کے درمیان عمروں کے 23 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ یہ شرح دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ ان کی اکثریت بلوچ اور پشتون قبائلی لڑکیوں پر مشتمل ہے۔
10- معاشی بحران، مہنگائی اور غربت: مالیاتی اور معاشی بُحران کی وجہ سے طبقاتی تضاد مزید گہرا ہوا ہے۔ ٹیکسوں اور قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی وجہ سے عوام مہنگائی کے طوفان میں گھر چُکے ہیں۔ دوسری طرف ایلیٹ گروپوں کو سالانہ $17 بلین ڈالر کی مراعات دی جاتی ہیں۔ اس میں کارپوریٹ سیکٹر، جاگیرداروں، رئیل اسٹیٹ ڈیویلپر، سیاسی طبقہ، اور فوجی اشرافیہ شامل ہیں۔ اس میں سبسڈی، ٹیکس بریکس، بیل آؤٹ پیکیجز، خام مال کی سستی مگر تیار مال کی مہنگی قیمتیں، زمین و سرمایہ اور ریاستی خدمات کو فوقیتی رسائی شامل ہیں۔ غیر ذمہ دارانہ بے بہا سامراجی قرضے، فوجی اخراجات، ڈالر کی قلت اور روپے کی گرتی قیمت، تجارتی خسارہ، اور حکمران طبقے کو ریاستی مراعات کی وجہ سے مالیاتی اور معاشی بُحران ہے۔ ملک سامراجی قرضوں میں ڈوب چکا ہے اور دیوالیہ ہونے کے دہانے پر ہے۔ کٹوتیوں، نجکاریوں اور ملازمتوں سے برطرفیوں، حتیٰ کہ صحتِ عامہ و تعلیم کے شعبوں میں نجکاریوں کے نتیجے میں لوگ برسرِ احتجاج ہیں۔ بے تحاشا مہنگائی نے محنت کش اور محنت کار طبقوں، اور سماج کے پچھڑے ہوئے حصوں کو مزید غربت میں دھکیل دیا ہے۔ گلوبل اِکانومی چارٹ پر فی دن فی کس آمدن ($3.65) کے حساب سے خطِ غُربت کے نیچے زندگی گزارنے والوں کی تعداد 2017-2018ء کے درمیان 40 فیصد تھی، تقریباً ایک کروڑ پچیس لاکھ لوگ۔ جبکہ یہ شرح بلوچستان میں 69 فیصد اور پختونخوا میں 50 فیصد تھی، جو سیلابوں اور روپے کی قیمت گرنے سے مزید مہنگائی کے بعد مزید زیادہ ہوگئی ہوگی۔ یہ شرح، اوسط عالمی شرح (24 فیصد) سے دوگنی ہے۔
11- مالیاتی سامراجیت: غُربت اور سامراجی قرضوں میں براہِ راست باہمی اور اُلٹ تعلق ہے۔ جتنے قرضے بڑھتے ہیں، اُتنے ہی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچہ گھٹتا ہے، اور غربت بڑھتی ہے۔ اب تو یو-این-او جیسے نیو لبرل ادارے بھی کھلم کھلا ہر عالمی فورم پر کہہ رہے کہ تیسری دُنیا کو عالمی قرضوں کی بلند سطح، ناکافی سماجی اخراجات، اور غربت کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ کے درمیان باہمی تعلق ہے۔
12- پاکستان تاریخی طور پر مالیاتی بُحران کو حل کرنے کے لئے انقلابی اقدامات کے بجائے، یا تو مزید غیر مُلکی قرضے لیتا رہا ہے، یا پھر اپنے ملک کی عوامی ملکیت کی زمین اور وسائل، مزدور اور فوج کو عالمی سامراجی منڈی میں کرائے/اجارے/پٹے پر دیتا رہا ہے۔ درحقیقت پاکستان کا سب سے بڑا ایکسپورٹ ”مزدور اور جنگجو“ ہیں۔ اس وقت پاکستان اپنی سرزمین، سونا، تیل، ہوائی اڈے، بندرگاہیں، زرعی زمینیں سبھی کچھ کو ملکی اور غیر مُلکی کمپنیوں اور غیر مُلکی ریاستوں کو پٹے پر دے چُکا ہے، خاص طور پر امریکہ، گلف ممالک، سعودی عرب اور چین کو۔ غالباً پاکستان دُنیا کا سب سے زیادہ کالونائزڈ ملک ہے۔ ایک زرعی مُلک ہونے کے باوجود ناقص اور کسان دُشمن زرعی پالیسیوں کی وجہ سے زرعی شعبہ کوئی خاص شرحِ نمو حاصل نہیں کر سکا، اور جنگ زدہ اور غربت زدہ علاقوں سے مزدور کسان کھیت چھوڑ کر گلف میں مزدوری ڈھونڈنے پر مجبور ہیں۔ زراعت سے وابستہ 50 فیصد دیہی آبادی بے زمین خاندانوں پر مشتمل ہے، جبکہ پاکستان کا سب سے بڑا ایکسپورٹ مزدور ہیں، ٹیکسٹائل نہیں۔ زراعت اب عورت کسان کی ذمہ ہو گئی ہے، جسے ’فیمنائزیشن آف ایگریکلچر‘ کہا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹ فارن انوسٹمنٹ کے بڑے چرچے ہو رہے ہیں، کہ وہ معاشی بحران حل کرے گا۔ مگر اُس نے پہلے سے موجود قومی، طبقاتی، اور صنفی تضادات کو گہرا کیا ہے۔
13- عالمی مالیاتی اداروں سے سامراجی قرضے اور حد درجہ فوجی اخراجات ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ ان کے درمیان براہِ راست تعلق ہے۔ غیر پیداواری اخراجات مزید قرضوں کا باعث ہیں۔ جس کے نتیجے میں ریاست بجٹ کٹوتیاں اور نجکاریاں کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود سے دستبردار اور بری الذمہ ہو گئی ہے۔
14- تبدیل ہوتا پیداواری نظام: پیداواری نظام، خاص طور پر صنعت سازی کی نشوونما کی رفتار سست ہے۔ معیشت کا بڑا حصہ نیولبرل سرمایہ دارانہ بنیادوں پر کنزیومرازم پر مبنی ہے، جو منافع خوری کو تو بڑھا رہا ہے، مگر روزگار پیدا نہیں کرتا۔ پُرانی قبائلی، جاگیردارانہ طرزِ پیداوار اب جدید سرمایہ دارانہ مالیاتی نظام اور کارپوریٹ پیداوار کے اندر تقریباً ضم ہو چکی ہے۔ 90ء کی دہائی سے محنت کش اور لوئر مڈل کلاس خاندانوں کی عورتیں بھی بڑے پیمانے پر معیشت کے غیر رسمی شعبے میں آئی ہیں۔ مگر اطراف میں اب بھی پُرانی قبائلی اور جاگیردارانہ طرزِ پیداوار موجود ہے۔ جبکہ بڑے شہروں کے آس پاس کے علاقے کی زرعی زمینیں اب رئیل اسٹیٹ، کنسٹرکشن انڈسٹری اور کارپوریٹ فارمنگ کی شکل میں تبدیل ہو رہی ہیں۔ جبکہ پُرانے نظام سیاسی اور ثقافتی طور پر دیہاتوں اور شہروں میں زندہ ہیں۔ ریاست اور صنعت پر پراپرٹی ٹائیکونز کا سیاسی کنٹرول بڑھ رہا ہے۔ فوج خود سب سے بڑا پراپرٹی ٹائیکون بن کر اُبھری ہے۔ ڈی ایچ اے، بحریہ ٹاؤن، سی ڈی اے، روڈا اور ہر ضلع میں ڈیولپمنٹ اتھارٹی جیسے اشرافیانہ شہر سازی کے منصوبے زرعی زمینوں، کسانوں کی جدی پُشتی بستیوں، شہروں کے اطراف میں کچی آبادیوں، نیشنل پارکس اور گرین بلٹس، قبرستان، تہذیبی اثاثے، ماحولیات، حیاتیات، مُلکی بجٹ، اور ریاستی نظام کو کھا رہی ہیں۔
15- دوسری طرف، دیہی اطراف میں آج بھی قبائلی سردار، جاگیردار، اور بڑے زمیندار خود کاشت کسانوں کی زمینوں، شاملات، ندی کناروں، اور جنگلات پر قبضے کر رہے ہیں۔ اِن کی نجی جیلیں موجود ہیں، جہاں ہاریوں کو کڑی سزائیں دیتے ہیں۔ بے زمین کسان خاندان قرضوں کی وجہ سے جبری مشقت پر مجبور ہیں، اور مزدور قوانین تک اُن پر لاگو نہیں۔ جاگیردارانہ اور قبائلی تنازعات میں عورتوں کا اغواء اب بھی عام ہے، خاص طور پر سندھ میں۔
16- صنعت اور صنعتی مزدور: صنعت اور صنعتی مزدور دونوں بے حال ہیں۔ توانائی اور بجلی کے مستقل بُحران، لاقانونیت، تعلیم اور ہُنر کی کمی، اور مُلک میں مسلسل فوجی ڈکٹیٹروں اور جنگ کے نتیجے میں سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے مینوفیکچرنگ اور انڈسٹریل سیکٹر ترقی نہیں کر سکا، اور ہزاروں انڈسٹریل یونٹس بند ہو چکے ہیں، خاص طور پر پختونخوا میں۔ لاغر صنعت کی وجہ سے بے روزگاری عام ہے۔ غیر قانونی رستوں سے یورپ جانے والے بے روزگار نوجوان سمندروں میں ڈوب رہے ہیں۔ بڑے پیمانے پر مڈل کلاس کے اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان پروفیشنل مرد اور خواتین بھی نااُمید ہو کر پاکستان سے باہر منتقل ہو رہے ہیں۔ نوجوان کہہ رہے ہیں کہ ”پاکستان اب رہنے لائق نہیں رہا“۔
17- معیشت کی ملٹرائزیشن: دوسری طرف، صنعتی اور تجارتی شعبوں میں فوج کی سرمایہ کاری نا صرف بڑھی ہے بلکہ مستحکم بھی ہوئی ہے۔ آج جب ہم یہ منشور ترتیب دے رہے ہیں، فوج خود سب سے بڑا سرمایہ دار، اور سب سے بڑا جاگیردار ہے۔ اس وقت ملک کے کارپوریٹ کیپٹل اور زرعی زمین کا سب سے بڑا مالک فوج ہے، پچاس سے زیادہ بڑے کارخانوں، کمپنیوں، اور فاؤنڈیشنز کا مالک ہے جن میں سیمنٹ، فوڈ سے بینکنگ تک کے سیکٹر شامل ہیں۔ فوج ’جیوسٹریٹیجک پالیسی‘ کے ساتھ ساتھ ’جیواکنامک‘ مفادات کو واضح طور پر سامنے لائی ہے، اور ٹینک اور ٹریکٹر دونوں کو ساتھ چلا رہی ہے۔ پاکستان کے کُل 35 فیصد کارپوریٹ کیپٹل کی مالک فوج ہے۔ فوج نے ہمیشہ لینڈ ریفامز کی مخالفت کی ہے مگر کارپوریٹ فارمنگ کی داعی رہی ہے، جہاں کہ فوج خود سب سے بڑا جاگیردار بن کر اُبھری ہے۔ ابھی حال ہی میں فوج نے 4.8 ملین ایکڑ سرکاری زرعی زمین کو کارپوریٹ فارمنگ کے لئے قبضے میں لے لیا ہے۔ موجودہ حکومت کے معاشی بحالی منصوبے (اکنامک ریوائیول پلان 2023ء) کے تحت بنائے جانے والی ’سپیشل انوسٹمنٹ فسلٹیشن کونسل‘ میں فوج کو باقاعدہ کلیدی کردار دے دیا گیا ہے۔ اور دو طرفہ تجارت کے لئے فوج کی کارگو سروس ’نیشنل لاجسٹکس سیل‘ کی گاڑیاں کاشغر اور شنگھائی پہنچ چُکی ہیں۔ مُسلم لیگ کی موجودہ حکومت کی طرف سے آرمی ایکٹ 1952ء میں سال 2023ء کے ترامیم کے ذریعے فوج کو مُلکی معیشت میں باقاعدہ کلیدی کردار دے دیا گیا ہے، جو مُلکی معیشت کی جمہوریت سازی میں ایک بڑی رکاوٹ بن کر سامنے آئے گا۔ فوڈ کرائسس کے اس دور میں فوج سب سے بڑا جاگیردار بن کر سامنے آئی ہے۔ ایک زرعی مُلک ہونے باوجود، پاکستان میں بھوک کی شرح خطرناک ہے۔ 2023ء کے گلوبل ہنگر انڈکس پر 125 ممالک کی فہرست میں پاکستان زیادہ بھوک میں 102 ویں رینک پر ہے۔
18- عوام کی معیارِ زندگی اور معیشت بہتر کرنے والی ”لازمی صنعت (essential industry)“ کی ترقی کی بجائے ریاست کی توجہ کا مرکز اسلحہ سازی کی جدید صنعت کی ترقی رہی ہے۔ جس میں مینوفیکچرنگ یونٹس کے علاوہ تحقیقی ادارے اور لیب، اور مارکیٹنگ کمپنیاں شامل ہیں۔ صنعت سازی پر خرچ ہونے والے زیادہ تر مُلکی وسائل فوج کی ملکیت میں اسلحہ سازی اور مینوفیکچرنگ کی صنعت پر، اور پرائیویٹ سیکٹر میں ایکسپورٹ پر مبنی پنجاب کی کاٹن اور ٹیکسٹائل، اور سرجیکل اوزار کی صنعتی ترقی پر خرچ کیے جاتے ہیں۔ باقی بڑے کارخانے ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ہیں جو ایکسپورٹ کے لیے اشیاء بناتے ہیں۔ موجودہ صنعت عوام کی ضروریاتِ زندگی پوری نہیں کرتی۔
19- غیر مُلکی اشیاء کی بھرمار کی وجہ سے بھی مُلکی صنعت ترقی نہیں کر سکی۔ فری مارکیٹ اکانومی کے اصول کے تحت دنیا بھر سے سامانِ تعیش، تیل اور اسلحہ کی درآمدات، اور مُلکی برآمدات کم ہونے سے نا صرف تجارتی خسارہ بھی بڑھا ہے۔ اکثر مشینیں بیرونی ممالک سے درآمد کی جاتی ہیں جو کہ مہنگی ہوتی ہیں اور عام عوام کی دسترس سے بھی باہر ہیں۔ ہم یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ جو ریاست ایٹم بم اور سوپر سانک ہتھیار بنا سکتی ہے اور جدید جنگی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتی ہے، وہ چولہا جلانے کا لائٹر، مصالحہ پیسنے کی چھوٹی مشین، بائیو گیس کا گھریلو پلانٹ، ایئر کنڈیشن، مشینی جھاڑو، کپڑے دھونے کی مشین، ہسپتالوں کی مشینری اور کورونا والے ماسک کیوں نہیں بنا سکتی؟
20- کوئلے کے کان گرنے اور کارخانوں میں بوائلر پھٹنے سے مزدور جل جل کر مر رہے ہیں۔ ایک تو کم سے کم اُجرت پہلے ہی کم ہے، اُوپر سے وہ بھی نہیں دی جاتی، لیبر ریلیشنز کو ریگولیٹ کرنے کا کوئی نظام نہیں ہے۔ فیکٹری لیبر انسپکشن کا نظام ختم کر دیا گیا ہے۔ غیر رسمی شعبہ میں مزدور سب سے زیادہ ہیں، جن کی اکثریت خواتین پر مشتمل ہے، جہاں سب سے زیادہ مزدور کا استحصال ہوتا ہے۔ اس وقت صرف 2 فیصد مزدور منظّم ہیں، اور یونینز کی ممبر شپ میں صرف 2 فیصد ویمن ورکرز ہیں۔ مختصراً یہ کہ پاکستان میں مالکان جو چاہیں مزدور کے ساتھ کر لیں۔
21- موسمیاتی بُحران اور بڑھتی بھوک اور بیماریاں: گلوبل وارمنگ کی وجہ سے پاکستان اس وقت شدید موسمیاتی بُحران کی لپیٹ میں ہے۔ عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کی وجہ سے خشک سالیوں، جنگلوں میں آگ، سیلاب، آندھیوں، ٹڈی دل حملوں، بے وقت اور زیادہ بارشوں نے پاکستان میں پچھلی کئی دہائیوں سے تباہی مچائی ہوئی ہے۔ 2022ء میں پہلے ملک کے بڑے اور قیمتی جنگلات، خوردنی پودے، چراگاہیں اور گھریلو ایندھن کے درخت بھی جل گئے۔ پھر ہمالیہ، قراقرم اور ہندوکش کے گلیشیئر پھٹ پڑے، اور شدید مون سون بارشیں بھی ہوئیں۔ سیلابوں سے پاکستان کے پچپن فیصد سے زیادہ اضلاع شدید متاثر ہوئے، خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں، جبکہ باقی جُزوی طور پر متاثر ہوئے۔ پاکستان سے مُلحقہ متنازعہ علاقے گلگت بلتستان میں 43 فیصد اضلاع شدید متاثر ہوئے، اور کشمیر بھی۔ پاکستان میں زرعی پیداواری نظام، آمد و رفت کا نظام، تعلیم اور صحت کا انفرسٹرکچر ڈوب گئے۔ ساڑھے تین کروڑ سے زیادہ انسان متاثر ہوئے۔ ہزاروں انسان، لاکھوں مال مویشی، اور جنگلی اور آبی حیات جان سے گئے۔ انسان اور مال مویشی سڑکوں پر آ گئے۔ زرعی پیداواری نظام کی تباہی اور شدید مہنگائی کی وجہ سے کسان اور شہری محنت کش عوام خوراک کی شدید قلت اور بھوک کا شکار ہے۔ حاملہ عورتیں اور بچے خوراک کی قلت اور علاج میسر نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ جبکہ ریاستی بے حسی، عوام دُشمن ترجیحات، اور معاشی بُحران کی وجہ سے عوام کی بحالی اب تک نہیں ہو سکی ہے۔ جبکہ اِس سال ایک اور سیلاب متوقع ہے۔
22- آبادی میں بے تحاشہ اضافہ اور تولیدی بے انصافیاں: پاکستان کو شدید ڈیموگرافک چیلنج کا سامنا ہے، اور دنیا میں زیادہ آبادی رکھنے والا پانچواں مُلک بن گیا ہے۔ چونسٹھ فیصد حصہ تیس سال سے کم عمر ہے، اور آبادی میں یوتھ کا اُبھار ہے۔ تعلیم و روزگار کی عدم دستیابی اہم مسئلہ بن رہا ہے۔ وسائل کی تقسیم میں ڈیموگرافک پالیٹکس، غربت اور بے روزگاری، جنگ اور غربت زدہ علاقوں سے بڑے پیمانے پر اندرون اور بیرون ملک نقل مکانی اور رہائش کی کمی، پہلے سے کم پبلک سروسز پر بڑھتا دباؤ، ماحولیات اور قدرتی وسائل پر دباؤ، محنت کش خاندان کی عورتوں پر نرینہ اولاد پیدا کرنے کا دباؤ اور کام کا بوجھ، غیر محفوظ اسقاطِ حمل، کمسنی کی شادیاں، اور جنگ زدہ افغانوں کی پاکستان آمد بڑے مسائل کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
23- ریاست پر فوج کی بالادستی: ایک سیکیورٹی، رینٹیئر سٹیٹ، اور وہ جو اپنے آغاز سے ہی اپنے عوام، محکوم قوموں اور ہمسایوں کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہو، وہ کسی بھی جمہوری، فلاحی یا سیاسی سرگرمی کو ممکن نہیں رہنے دیتی۔ اسی وجہ سے پاکستان کی ریاست نے خود کو عوام کی فلاح و بہبود اور مال و جان کی حفاظت کی ذمہ داری سے بری الذمہ کیا ہوا ہے، اور عوام کو اپنے رحم کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ ریاست اپنے کالونیل بوجھ، قرضوں، نوکر شاہی کے بھاری ڈھانچے، مذہبی انتہا پسندی، اور اپنے داخلی اندرونی تضادات کے حجم کے بوجھ تلے مزید معطل ہوتی جا رہی ہے۔
24- خارجہ پالیسی: پاکستان کی خارجہ پالیسی امریکہ نواز، جنگجویانہ، اور مذہب پرست ہے۔ پراکسی جنگوں، ہمسایوں سے جنگ اور دہشت گردی، اور مذہبی مرکزیت پر مبنی ہے۔ داخلہ پالیسی اسی خارجہ پالیسی کے تابع ہے۔ ایک سیکورٹی سٹیٹ ہونے کے ناطے ”غربت، پدرشاہی، اور مذہب“ ریاست کے سٹریٹیجک ایسیٹ ہیں، جو جنگی اقتصاد کے لئے گن فوڈر تیار کرنے میں کام آتے ہیں۔ خارجہ پالیسی ”جنگ“ ہے، نہ کہ تجارت اور سفارت۔
25- پارلیمان: یہ اس وقت حزبِ اختلاف کے بغیر چل رہی ہے۔ فوج کی طرف سے اٹھارہویں ترمیم کے خاتمے اور صدارتی نظام لانے کے لئے 2018ء کے انتخابات میں سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے ہائبرڈ مارشل لائی حکومت کو گرانے سے پیدا ہونے والے تضادات نے مُلک میں آئینی اور انتخابی بحران پیدا کیا ہوا ہے۔ حکمران طبقے کی سویلین اور ملٹری ایلیٹ کے درمیان ریاستی اقتدار اور تختِ لاہور پر چپقلش نے پورے ریاستی نظام اور ملک کو لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ ایک طرف فیڈرل اور صوبائی حکومتیں محلاتی سازشوں میں مصروف ہیں، تو دوسری طرف وفاق پر ریاستی کنٹرول کے لئے فوج، پارلیمان، اور اعلیٰ عدلیہ کے درمیان لڑائی گندی ترین شکل اختیار کر چُکی ہے۔ اس اندرونی لڑائی کے دوران ریاست، سیاست، معیشت، ثقافت اور نظریات پر فوج کی گرفت مزید مضبوط ہوئی ہے۔
26- عدلیہ: عوام انصاف کے لئے سرگرداں ہیں۔ متضاد اور امتیازی قوانین کی بھرمار ہے۔ حقوق کاغذوں پر ہیں، مگر حقیقت میں میسر نہیں۔ پے در پے مارشل لاؤں اور ہائبرڈ حکومتوں کی وجہ سے آئین کی حیثیت کاغذ کے ٹکڑے کی رہ گئی ہے۔ اعلیٰ عدالتیں فوج کے ساتھ مل کر حکومتوں کو گرانے میں مصروف ہیں، جبکہ عدالتوں میں مقدمات کے انبار لگے ہیں، خاص طور پر ضلعی عدالتوں میں۔ اُوپر سے نئی فوجی عدالتیں کھڑی کر دی گئی ہیں۔
27- بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی: ریاست قومی سلامتی کے نظریے اور ”وسیع تر قومی مفاد“ کی آڑ میں عوام کے بنیادی مسائل کے حل اور سماجی انصاف کی ذمہ داریوں سے خود کو مستثنیٰ کر چکی ہے۔ کسی بھی قیمت پر سرمائے، زمینوں اور رئیل اسٹیٹ کا حصول اِس ریاست کا مقصد ہے۔ عوامی وسائل اسلحہ کی خریداری، کاروبار اور جنگوں کے ٹھیکوں پر خرچ کیے جاتے ہیں۔ بجلی، گیس، تعلیم، علاج، روزگار اور پینشن، اور رہائش کی فراہمی اور جان و مال کی حفاظت تو دور کی بات ہے، ہماری ریاست تو عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کی ذمہ داری تک سے خود کو مستثنیٰ کر چکی ہے۔ موجودہ سہولیات بھی امتیاز پر مبنی ہیں۔ مسائل اور بیروزگاری میں گھری عوام، خاص طور پر عورتیں ”اپنی مدد آپ“ کے نظریے کے تحت ملکی اور غیر ملکی این جی اوز کے ہتھے چڑھ چُکی ہیں۔ عوام ریاست اور سیاست پر اعتماد کھو چکے ہیں۔
28- کرائے کی جنگیں: کولڈ وار کے دوران افغان ثور انقلاب پر سامراجی حملے اور چار دہائیوں کی پراکسی جنگ (پہلے جہاد اور پھر نام نہاد وار آن ٹیرر) اور منظّم دہشت گردی کے بعد اب دوسری کولڈ وار شروع ہو چُکی ہے۔ جس کے پاکستان کے لیے تباہ کن سماجی و اقتصادی اثرات سامنے آ چکے ہیں۔ اِس بار امریکہ نے چین کے خلاف نئی پراکسی جنگ کا آغاز کر دیا ہے، جہاں افغانستان پھر سے عالمی میدانِ جنگ، اور پاکستان فرنٹ لائن سٹیٹ ہے۔ پشتون اور بلوچ سرزمین کو جنگوں کے لئے پہلے بھی کرائے پر دیا گیا تھا، اب پھر سے یہ سلسلہ جاری ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر پشتونوں اور بلوچوں کا قتل عام جاری ہے۔ لاقانونیت اور پراکسی ڈیتھ سکواڈز کا راج ہے۔ ڈیورنڈ لائن کے دونوں طرف سے مزید جنگ زدہ پشتون بڑے پیمانے پر پھر سے جبری نقل مکانی پر مجبور ہوں گے، جو جبری بیدخلیوں اور آبادی کاری کے مسئلے کو ہوا دے گا۔ ساتھ ہی ساتھ مُلک میں صنعتی ترقی، اور عوام کو سہولیات کی فراہمی معطل رہے گی۔ جبر و استحصال کی موجودہ شکلیں مزید گہری ہوں گی، اور مذہبی انتہا پسندی بھی جاری رہے گی۔
29- لاغر سیاسی قوتیں: سیاسی منظر نامے پر اس وقت ایسی کوئی بڑی منظّم ترقی پسند سیاسی قوت موجود نہیں ہے، جو ایک فیصلہ کُن سیاسی ایکشن لے سکے، اور پاکستان کی ریاست، سیاست، اور معیشت کو عسکری قوتوں کی بالا دستی، اور عالمی سامراجیت سے آزاد کر سکے۔ سوشلسٹ، نیشنلسٹ، اور فیمنسٹ قوتیں بکھری ہوئی اور منقسم ہیں۔ جبکہ نیولبرل قوتیں (مذہبی اور سیکولر دونوں) اِقتدار کے حصول کے لئے اندر خانہ آپسی تضادات کے باوجود نیولبرل ایجنڈا، اور فوج کی بالادستی کی حامی اور یکجہتی میں ہیں۔ وکیلوں کی منظّم اکثریت بھی ان سے متفق ہے۔ جمہوریت کی نرسریاں ویران ہیں، طلباء یونین پر پابندی ہے، اور ٹریڈ یونین کی تنظیمی قوت کو ریاستی جبر، قانونی شکنجوں، اور مراعات سے توڑ دیا گیا ہے۔
30- اکثر مین سٹریم سیاسی پارٹیاں اپنے اندرونی طبقاتی مفاد کی کشمکش، اور فوج کی سیاسی انجینئرنگ کی وجہ سے اپنے ہی بوجھ تلے ٹوٹ رہی ہیں۔ چند بڑی مزاحمتی تحریکیں چل رہی ہیں، خاص طور پر جنگ، ملٹرائزیشن، اور قومی و ریاستی جبر کے خلاف پشتون، بلوچ اور سندھی مزاحمت کار سڑکوں پر ہیں۔ اِنکے علاوہ عمومی طور پر اس وقت سماج میں ایسی کوئی منظّم سیاسی قوت، انقلابی لہر اور اُبھار موجود نہیں جو کسی بھی قسم کا انقلاب کر سکیں: کوئی بورژوا جمہوری، یا قومی جمہوری، یا کوئی ڈیموکریٹک سوشلسٹ انقلاب۔ صنفی انقلاب تو دور کی بات۔ البتہ قومی جدوجہد میں عمومی طور پر نئی صف بندیوں کا امکان ہے۔ تو گویا یہ ایک لمبی لڑائی ہے!