فہرست
دوسرا حصہ: نظریاتی اساس اور سیاسی پروگرام
تعارف
1- حرفِ آغاز: یہ منشور درج بالا معروضی حالات کے پیشِ نظر ترقی پسند اور سیکولر جمہوری قوتوں کے وسیع تر اتحاد کی ضرورت کے پس منظر میں لکھا گیا ہے، خاص طور پر فیمنسٹ، نیشنلسٹ اور سوشلسٹ قوتوں کی عہدِ حاضر کی جدوجہدوں کے گرد تشکیل دیا گیا ہے۔ یہ منشور ”سانجھی جدوجہد اور سانجھی آزادی“ کے تصور پر مبنی ہے، اور سوشلسٹ نظام اور صنفی مساوات کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالنے کے تصور پر مبنی ہے، بشمول عبوری دور کے پروگراموں میں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ تمام محکوموں کی تنقیدی شعور رکھنے والی منظّم سیاسی قوتوں کی آپسی یکجہتی کے بغیر جبر و استحصال سے ہماری آزادی ممکن نہیں ہے: یا تو ہم سب اکھٹے آزاد ہوں گے، یا ہم میں سے کوئی بھی نہیں!
2- ہمارا سوشلسٹ فیمنسٹ نظریہ مارکسی اُصولوں، مُلک کی سماجی ساخت و معروضی حالات، اور ہماری دھرتی اور مزاحمت کی تاریخ پر مبنی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پدرسری نظام پاکستان میں تاریخی طور پر اور موجودہ طبقاتی، قومی جبر اور مذہبی جبر کے ڈھانچوں کی ساری پرتوں میں تہہ در تہہ پیوست ہے، اور جبر کے یہ ڈھانچے ایک دوسرے سے تقویت لے کر ایک دوسرے کے دم پر قائم ہیں۔ اِس لئے ممکن نہیں ہے کہ جہاں پورا کا پورا خاندان یا گاؤں جاگیردار، سردار یا سرمایہ دار کے قبضے میں ہو، تو اس خاندانی نظام اور سماج میں پھنسی عورتیں، لڑکیاں، اور خواجہ سراء پورا نظام بدلے بغیر، صرف پدرسریت سے مکمل طور آزاد ہو سکیں۔ یا جب پوری قوم غلام ہو، تو قومی آزادی کے بغیر وہ قوم پدرسریت سے آزادی حاصل کر لے۔ اس لئے ہم عوامی، قومی، طبقاتی اور جمہوری مزاحمتوں کو فیمنسٹ مزاحمت کا حصہ سمجھتے ہیں۔ ہم ہر اُس طرزِ سیاست کو رد کرتے ہیں جو ظلم، جبر اور استحصالی نظام کی بنیادوں کو مضبوط بناتی ہو۔ ہم سانجھی لبریشن کی سیاست کے حامی ہیں۔
منتہائے مقصود
3- منتہائے مقصود: ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ پاکستان کے شہروں اور دیہاتوں کی ورکنگ کلاس، محکوم اقوام، اور زیرِ عتاب مذاہب کی عورتوں اور خواجہ سراؤں کو وسیع بنیادوں پر منظّم کر کے دوسری منظّم سوشلسٹ اور ترقی پسند نیشنلسٹ قوتوں کے ساتھ مل کر مُلک میں قومی جمہوری سوشلسٹ انقلاب کے رستے مکمل صنفی انقلاب کی تعمیر تک جدوجہد جاری رکھے گا۔
انقلاب کا تصور
4- اِنقلاب کا تصور: ہمارا انقلاب کا تصور، استحصالی نظام کا خاتمہ اور جمہوری اشتراکی سماج کا قیام ہے۔ اس سے ہماری مراد صنفی، قومی اور طبقاتی استحصال کے ساتھ ساتھ عالمی مالیاتی سرمایے کی اجارہ داری اور قرض کی معیشت کا خاتمہ، سامراجیت کی ہر شکل سے آزادی، پدرشاہی کا خاتمہ اور صنفی مساوات کا قیام، قوموں کو حقِ خود ارادیت اور رضا کارانہ وفاق کا قیام، غیر طبقاتی سماج کے قیام، زمین ساحل وسائل کی ملکیت کی از سرِ نو تقسیم، سیکیوریٹی سٹیٹ کا خاتمہ اور عوامی جمہوری ریاست کا قیام، سیکولر بنیادوں پر ریاست اور سماج کی تشکیل، جنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ اور امن کا قیام، جمہوری اور سول آزادیوں کا قیام، عوام کی آزادانہ منتخب پارلیمان کی بالادستی، متناسب نمائندگی پر مبنی انتخابی نظام، ماحولیاتی بقاء، اور اجتماعی مفادِ عامہ اور سماجی انصاف کی بنیاد پر حقِ حکمرانی ہے۔
5- غرض، سماجی انصاف، صنفی مساوات، اور قومی خود ارادیت کے اُصولوں کی بنیاد پر عوام کی بنیادی ضروریات (غذا، چھت، تعلیم، صحت، روزگار، بڑھاپے کی پینشن) ماحولیاتی اور موسمیاتی بقاء، سماجی فلاح و بہبود، اور مساوی حقوق کے لئے ریاست کو ذمہ دار ٹھہرانا ہے۔ اور نوآبادیاتی ریاست و معیشت میں فوجی اور سول حکمران اشرافیہ پر مشتمل حکمران طبقے کی اجارہ داری کو توڑنا، سماج اور معیشت کی جمہوریت سازی، رویوں اور پرامن سماجی و صنفی رواداری کے تصور کو ترویج دینا ہے نہ کہ بے لگام مسابقت یا منافع کے لئے اندھی دوڑ کو۔
6- ہمارا انقلاب کا تصور صرف معیشت کا احاطہ نہیں کرتا، بلکہ معیشت کے علاوہ عوام، قوموں، صنفوں، عقائد، شہریوں اور ریاست کے درمیان رشتے کی تشکیلِ نو کے لئے ایک نیا عمرانی معاہدہ (آئین) بھی ہے۔ جو پیداواری تعلقات کے ساتھ ساتھ سماجی، قومی و صنفی تعلقات کو پُرامن جمہوری اور مساوی بنیادوں پر اُستوار کرے۔ ثقافت، آرٹ، تعلیم، صحت، امنِ عامہ کی بہتری اور ماحولیات کا تحفظ کرے۔ ترقی کے نیولبرل تصورات سے نجات اور اکیسویں صدی کے تقاضوں کے مطابق ممکنہ حد تک پلینڈ اِکانومی، پرامن بقائے باہمی پر مبنی خارجہ پالیسی اور ہمسایہ ممالک سے پرامن دوستانہ سفارتی اور تجارتی تعلقات فروغ دے۔ تقلیدی بنیادوں پر مبنی تعلیمی نصاب اور مسخ شدہ تاریخ کو از سرِ نو جدید سائنسی، جمہوری اور سیکولر بنیادوں پر تشکیل کرے۔
7- صنفی انقلاب سے ہماری مراد پدرسری نظام اور اس سے جُڑے معاشی و سماجی ڈھانچوں کا خاتمہ، امتیاز اور جبر و تشدد، اور سیکسزم کی ہر شکل سے آزادی ہے۔ اور سماج اور زندگی کے ہر پہلو میں انسانی مساوات کی بنیاد پر صنفی مساوات کا قیام ہے۔ ہم نظریاتی طور پر عورتوں، لڑکیوں اور خواجہ سراؤں پر جبر اور استحصال کو پاکستان کے عوام کے طبقاتی، اور قومی جبر و استحصال کا لازمی جُزو سمجھتے ہیں۔ صنفی، طبقاتی، اور قومی استحصال کو سرمایہ داری نظام کی بنیادی اکائیاں سمجھتے ہیں۔ سرمائے اور پدرشاہی نظام کے درمیان معاشی گٹھ جوڑ کو عورت پر جبر و استحصال کی بنیاد مانتے ہیں۔
فیمنزم کا تصور
8- فیمنزم کا تصور: پاکستان میں اکثر عوام اور سیاسی حلقے ”لبرل/بورژوا فیمنزم“ کو ہی فیمنزم سمجھتے ہیں اور کسی دوسری طرح کی فیمنزم سے ناواقف ہیں، حتیٰ کہ کسی حد تک بایاں بازو بھی۔ لبرل فیمنزم ویسے بھی پاکستان میں سیاسی شعور پر غالب نظریہ ہے۔ اس لئے اِس فکری مغالطے کی وضاحت کرنا ضروری ہے۔ دُنیا میں فیمنزم کے نظریات اور سیاست کے وسیع پھیلاؤ اور اس کے کئی تصورات اور مقاصد ہیں۔ مگر ان سب میں ایک بات مشترکہ ہے اور وہ یہ ہے کہ ہر فیمنسٹ نظریہ ایک سیاسی نظریہ ہے۔ پاکستان کے پس منظر میں ہم انہیں دو بڑے فیمنسٹ نظریوں میں درجہ بندی کر سکتے ہیں: (1) لبرل فیمنزم، اور (2) سوشلسٹ فیمنزم۔
9- لبرل فیمنزم: یہ اس وقت تمام سرمایہ دارانہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ایک مقبولِ عام اور غالب نظریہ ہے۔ عمومی طور پر یہ نظریہ سرمایہ داری/طبقاتی/پدرشاہی نظام اُلٹائے بغیر، اور اس کے اندر رہتے ہوئے ”ویمن رائٹس“ کے لئے قانون سازی، برابر انفرادی معاشی مواقع، شخصی و انفرادی آزادی اور تشدد سے بچاؤ کی وکالت کرتا ہے۔ یہ عورت کی ماتحت حیثیت کا تعلق سماجی رواج اور قانون سے مانتا ہے۔ یہ سرمایہ داری نظام اور مجموعی طور پر طبقاتی و پدرسری نظام کو عورت کی غلامی کا سبب نہیں سمجھتا اور نہ ہی اس کے خلاف جدوجہد کے اُصول پر مبنی ہے۔ یہ سرمایہ داری کو چلانے میں عورت کی شمولیت پر مبنی ہے۔ سماج میں مرد اور عورت کے صنفی کرداروں (جینڈر رولز) نظام کے اندر مساوی مواقع ’اکنامک ایمپاورمنٹ‘ پر رُک جاتا ہے اور اس کی مادی اور تاریخی بنیادوں کو نہیں چھیڑتا۔ مختصراً یہ کہ لبرل فیمنزم، سرمایہ داری نظام کے اندر رہتے ہوئے صنفی اِصلاحات کی جدوجہد کے اُصول پر مبنی ہے، اور اکثر قانونی راہ تک محدود رہتی ہے۔ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ اس نظریے پر تنقید رکھتی ہے کیونکہ یہ نظریہ سرمایہ دارانہ سماج کی پسی ہوئی محنت کش اکثریت کی آزادی، مساوات، اور یکجہتی کے تصور سے خمیراً متصادم ہے۔ اس نظریے سے بُنی جدوجہد اکثر صرف صنفی پہلو اور ویمن رائٹس تک محدود رہتی ہے، اور پدرشاہی کے مستقل بنیادوں پر خاتمے کے لئے سماجی و معاشی انقلاب کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
10- سوشلسٹ فیمنزم: ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ اس نظریے کی داعی ہے۔ یہ مارکسی اُصولوں پر مبنی ہے اور صنفی، قومی اور طبقاتی بنیادوں پر پیداواری ذرائع کی ملکیت اور تقسیمِ محنت کو چیلنج کرتا ہے۔ گھر، کمیونٹی، سماج اور ریاست کی سطح پر پدرسری نظام اور اُس کے مادی ڈھانچے گرانے پر مبنی ہے۔ عورتوں اور خواجہ سراؤں کی زندگی کے ذاتی اور سماجی دونوں پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے۔ پیداواری اور تولیدی کام کے درمیان پیداواری رشتے کو مانتا ہے۔ گھر کے کام کو پیداواری عمل کا حصہ سمجھتا ہے۔ طبقاتی استحصال اور پدرشاہی جبر دونوں کے خاتمے کی جدوجہد کے اُصول پر مبنی ہے۔ ہماری جدوجہد طبقاتی استحصال، پدرشاہانہ جبر اور قومی جبر تینوں کے خاتمے اور سیکولرازم کے اُصولوں پر مبنی ہے۔
11- فیمنزم سے ہماری مراد سماج/معاشرے کے ہر پہلو (یعنی سیاسی، معاشی، قومی، ثقافتی، ازدواجی، اور ذاتی زندگی میں) میں صنف کی بنیاد پر تقسیم، تفریق اور اِمتیاز قائم کرنے والے پدرشاہی نظام اور اس کے مادی ڈھانچوں کے خاتمے کے لیے سیاسی جدوجہد کرنا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پدرشاہی نظام عورتوں اور خواجہ سراؤں کی محکومیت کا ایک بڑا سبب ضرور ہے مگر واحد سبب نہیں ہے۔ ہم فیمنزم کا صنفی بنیادوں کے علاوہ طبقاتی اور قومی بنیادوں پر بھی آزادی کا نکتۂ نظر رکھتے ہیں۔
سیاسی پروگرام
12- سیاسی پروگرام: ہماری جدوجہد کے 9 پہلو ہیں: (1) پدرشاہی اور تشدد سے آزادی، (2) قومی جبر و استحصال سے آزادی، (3) طبقاتی استحصال سے آزادی، (4) سیاسی معیشت کی جمہوریت سازی، (5) عالمی سامراجیت سے آزادی، (6) عوامی جمہوری بنیادوں پر ریاست سازی، (7) ماحولیاتی اور انسانی بقاء، (8) جنگ اور ملٹری آپریشنز کا خاتمہ، اور قیامِ امن، اور (9) آبادی میں توازن اور تولیدی انصاف۔
(1) پدرشاہی نظام اور تشدد سے آزادی
13- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ پدرشاہی (عورت پر مرد کی بالا دستی کا نظام) کو مکمل طور پر صنفی انقلاب کے ذریعے گرانے، اور صنفی مساوات کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گا۔ اور ساتھ ہی پدرشاہانہ انتہا پسندی سے پیدا ہونے والے صنفی اور جنسی بحران کے محرکات کے خلاف مزاحمت تعمیر کرے گا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ پدرشاہی اور پدرشاہانہ تشدد ایک سٹرکچرل مسئلہ ہے، اور اس کی معاشی، ثقافتی، تاریخی، اور مادی جڑیں سرمایہ دارانہ ڈھانچوں اور اس کی جبر کی تاریخ میں ہیں، جن کو گرانے اور عوامی جمہوریت کا قیام اِس سے آزادی کا رستہ ہے۔
14- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ عورتوں پر تاریخی جبر اور پدرشاہی نظام کا اِدراک کرتے ہوئے عورتوں اور خواجہ سراؤں کی محکومیت اور ان کی محنت اور جنسی استحصال پر مبنی تمام معاشی، ریاستی، سماجی اور پدرشاہانہ ڈھانچوں اور روایات کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھے گا۔ جنس کی بنیاد پر تمام امتیازات کا خاتمہ اور زندگی کے تمام شعبوں میں عورتوں اور خواجہ سراؤں کو مساوی مواقع اور حیثیت کے لیے گھریلو، معاشرتی اور ریاستی سطح پر زندگی کے ہر شعبے میں عورتوں اور خواجہ سراؤں کی برابری، نشوونما، نمائندگی اور استحصال سے آزادی کے لیے جدوجہد کرے گا۔
15- اِس وقت پدرشاہی میں انتہاء پسندی، قاتلانہ جنونیت اور جنسی بربریت کا عُنصر فوری توجہ طلب مسئلہ ہے۔ اس وبائی اور ہنگامی صورتحال میں ہم سوشلسٹ انقلاب آنے تک ہاتھ پر ہاتھ دھرے نہیں بیٹھ سکتے، جس کے خلاف ہنگامی بنیادوں پر پولیٹکل اور کلچرل ایکشن میں ہمارا جانا بھی ضروری ہے۔
16- نظریاتی پہلو: ہم سمجھتے ہیں کہ پدرشاہی نظام ریاستی، سماجی، معاشی اور خاندانی ہر سطح پر عورت اور خواجہ سراء کی مساوی انسانی حیثیت، ترقی اور آزادی کا راستہ روکتا ہے۔ یہ مرد کو عورت اور خواجہ سراء پر اخلاقی برتری، سماجی مراعات، وسائل و جائیداد کی ملکیت، وراثت اور حسب و نسب پر کنٹرول دیتا ہے۔ عورت کی انسانی حیثیت چھینتا ہے۔ خاندان کے ادارے کو جابر بناتا ہے، اور پورے سماج کو زنگ آلود کرتا ہے۔ بانجھ عورت اور خواجہ سراؤں کا خاندان بنانے کا حق نہیں مانا جاتا، کیونکہ وہ خاندان کے روایتی پدرشاہانہ تولیدی ضابطوں پر پورے نہیں اُترتے۔ ہماری نظر میں پیداواری وسائل کی نجی ملکیت اور پدرشاہی لازم و ملزوم ہیں۔
17- زندگی اور سماج کی صنفی تقسیم: یہ زندگی کو نجی و عوامی (پبلک اینڈ پرائیویٹ) خانوں میں تقسیم کرتا ہے، اور یہ تقسیم جسمانی، اور تولیدی طور پر عورت کو برباد کرتا ہے، اور اُسے نفسیاتی بے بسی، پسماندگی، جہالت، اور ثقافتی حبس کے اندھیروں میں دھکیلتا ہے۔ انسان کے شعور پر قبضہ کرتا ہے اور اُس کے تنقیدی شعور کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، خاص طور پر محنت کش طبقے، سماج کے پچھڑے حصے اور دیہی علاقے کی عورت کے۔ نتیجتاً صدیوں سے عورت اور خواجہ سراء اپنی صورتحال بدلنے کے لیے دم، تعویز گنڈے، جادو ٹونے اور مزاروں میں پناہ لئے ہوئے ہیں۔
18- پدرشاہی کی مادی بنیادیں: نجی ملکیت پر مبنی پیداوار کا نظام اور صنفی تقسیمِ محنت وہ اہم تاریخی مادی بنیادیں ہیں جس کے اُوپر پدرشاہی نظام کھڑا ہے۔ یہ عورت کی قوتِ محنت، تولیدی طاقت، جنسی صلاحیت اور نفسیات پر مرد کی بالادستی/ضبطگی قائم کرتا ہے۔ پیداواری نظام اور تولیدی نظام کے درمیان تعلق کو استحصالی بنیادوں پر تشکیل دیتا ہے۔ پاکستان میں حالیہ صنفی اور جنسی بحران کی ایک بڑی وجہ عورت کی قوتِ محنت، تولیدی طاقت، جنسی صلاحیت اور نفسیات کے پدرشاہانہ استعمال پر قبائلی، جاگیرداری، اور سرمایہ دارانہ طرزِ پیداوار اور سماجی تعلقات کے مابین کسی حد تک متضاد مفادات ہیں۔ مگر اس کے باوجود آخری تجزیے میں ان تینوں نظاموں کا عورت اور خواجہ سراء کے خلاف آپسی گٹھ جوڑ مضبوط ہے، اور اکثر پدرشاہی بارگین کے ذریعے طبقاتی مفادات کا تحفظ کیا جاتا ہے، اور مذہبی رائٹ ونگ کی تشفی کی جاتی ہے۔
19- ویسے تو پدرشاہی نظام کے لفظی معنی خاندان پر ”باپ کی بالا دستی“ کے ہیں۔ لیکن پدرشاہی نظام زندگی کے ہر پہلو میں مردوں کا عورتوں اور باقی صنفوں پر حاکمیت کا نظام ہے۔ اس حاکمیت کی بنیادیں تاریخی اور مادی ہیں، جس میں مردوں کے درمیان مراتب اور طبقاتی فرق کے باوجود باہمی انحصاری اور یکجہتی کے ذریعے وہ ایک گروپ کے طور پر زندگی کے ہر شعبے میں عورتوں پر بالا دستی اور کنٹرول حاصل کرتے ہیں۔ عورتوں اور خواجہ سراؤں کو عمومی طور پر پیداواری، مالی اور اقتصادی وسائل کی نجی ملکیت اور وراثت سے محروم کر کے معاشی و سماجی بالا دستی کو جاری رکھا جاتا ہے۔ حتیٰ کہ پدرشاہی اپنی افزائش اور اس کے ضابطوں کو اگلی نسل تک منتقل کرنے کا بوجھ بھی عورت کے کندھے پر لادتا ہے۔ بچوں کی طرف سے پدرشاہی ضابطوں کی خلاف ورزی اور بغاوت کی سزا بھی ماؤں کو ملتی ہے۔
20- صنفی مساوات سے مُراد: صنفی برابری/مساوات سے ہماری مراد پدرشاہی، طبقے، قوم، ذات، اور مذہب کی بنیاد پر حاصل کردہ مراعات میں عورت کی برابر حصہ داری بالکل بھی نہیں ہے۔ عین اس کے برعکس ان مراعات کو مکمل طور پر ڈھانا ہے۔ اس سے مراد صرف عورت کے لیے برابری نہیں، بلکہ معاشرے میں ہر انسان کے لیے مکمل انسانی حیثیت اور مساوات ہے۔ ہم پدرسری، مدرسری دونوں نظاموں کو رد کرتے ہیں، اور سرمایہ داری کو بھی، کیونکہ یہ سب انسان پر انسان کی بالادستی پر مبنی نظام ہیں۔ ہم ایسا معاشرہ بنانا چاہتے ہیں جہاں گھریلو کام اور معاشرے کی دولت مشترکہ سماجی نوعیت کے ہوں، تاکہ لوگ ’مزدور‘ اور ’عورت‘ جیسے زمروں میں تقسیم ہو کر استحصال کے بجائے حقیقتاً انسان بن کر مرضی کے کام اور تخلیق کے لئے آزاد ہوں، اور بھرپور انسانی زندگی جی سکیں۔
21- خواجہ سراؤں کی آزادی کا سوال: نظریاتی طور پر ہم صنف (جینڈر) کو ایک سماجی صفت (سوشل کنسٹرکشن) تسلیم کرتے ہیں، نا کہ ایک جسمانی صفت۔ ہم خواجہ سراء کے اپنی صنف خود چُننے کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، اور خواجہ سراء کے سوال کو ایک سوشلسٹ فیمنسٹ سوال سمجھتے ہیں۔ جنوبی ایشیاء میں صدیوں سے موجود ہونے کے باوجود خواجہ سراؤں کے وجود کو ایک مکمل انسان اور شہری کے طور پر تسلیم نہیں کیا گیا، اور نہ ہی اُنکی ثقافت کو، اور نہ ہی مُلکی شماریات اور نظام میں ان کے وجود اور کام کو۔ نوآبادیاتی دور کے قوانین سے متاثر جدید قانونی فریم ورک نے بھی انہیں مزید پسماندہ اور بے توقیر کیا۔ ہم خواجہ سراؤں پر ڈھائے جانے والے ’ٹرانسفوبک‘ تشدد اور جنسی استحصال، قتلِ عام، بے شناخت اور بے سہارا زندگی، غربت اور بیچارگی، خاندان کے ادارے سے بے دخلی، سماجی اور ریاستی سطح پر منظّم امتیازی سلوک، وراثت اور حسب نسب سے بیدخلی، تعلیم و روزگار کے حق سے بیدخلی، اور سیاست و ریاست سے منظّم بیدخلی کو پاکستان کے عوام کے استحصال اور جبر کا حصہ سمجھتے ہیں، اور اِسے پدرشاہی اور طبقاتی نظام سے جُڑا ہوا سمجھتے ہیں۔ خواجہ سراؤں کا استحصال تاریخی طور پر صنف اور طبقے دونوں کی بنیاد پر ہوتا آیا ہے۔ ہم خواجہ سراؤں کی طبقاتی اور پدرشاہانہ جبر و تشدد اور جنسی استحصال سے آزادی کو اپنی جدوجہد کا حصہ مانتے ہیں۔
22- سیاسی طور پر، ہم سمجھتے ہیں کہ خواجہ سراؤں کو منظّم طریقے سے سیاسی، معاشی، سماجی اور خاندانی منظر نامے سے باہر رکھا گیا ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں بشمول بائیں بازو، فیمنسٹ اور طلبہ تنظیموں نے بھی تاریخی طور پر ان کو اپنے سیاسی حلقوں سے خارج کیے رکھا۔ انہیں باضابطہ طور پر شہری تسلیم کرنے کے لیے جو بھی تھوڑے بہت اقدامات پاکستان میں کیے گئے ہیں وہ بھی اب مذہبی دائیں بازو کی جماعتوں کے حملوں کے بعد کمزور ہو رہے ہیں، جس کے نتیجے میں ریاستی سرپرستی میں پولیس کی طرف سے خواجہ سراؤں کی ہراسانی مزید عام ہو گئی ہے۔
23- اس وقت پاکستان میں خواجہ سراء کے سوال کے گرد سیاسی اور سماجی مکالمے کا آغاز ہو چکا ہے۔ جہاں کہ ریاست، این جی اوز اور خواجہ سراؤں کی پیشہ ورانہ انجمنیں اپنا اپنا بیانیہ تشکیل دے رہی ہیں، مگر غالب بیانیہ موجودہ نظام کے اندر رہتے ہوئے روزمرہ مسائل کے گرد تشکیل دیا جا رہا ہے، یا پھر صنفی شناخت اور اظہار سے متعلق نئی اصطلاحات، علم اور آگاہی کے کام پر مبنی ہے۔ تاہم خواجہ سراء کے سوال کو ایک ’سیاسی سوال‘ کے طور پر ’سندھ مورت مارچ‘ نے پہلی بار رکھا ہے، جو کہ ایک اہم سیاسی پیش رفت ہے۔ سندھ مورت مارچ سرمایہ داری اور پدرشاہی دونوں کو رد کرتی ہے، اور ترقی پسند بنیادوں پر تحریک کی بنیاد رکھ رہی ہے۔ ہم اس تحریک کو نا صرف سوشلسٹ فیمنسٹ تحریک کا حصہ سمجھتے ہیں، اس کے ساتھ یکجہتی کا رشتہ رکھتے ہیں، بلکہ خود بھی سوشلسٹ فیمنسٹ نظریاتی بنیادوں پر خواجہ سراؤں کی آزادی تک جہد و جہد کا عزم رکھتے ہیں۔
24- روایتی معاشی جبریت سے آگے کا تصور: ہمیں اپنی جدوجہد میں پیداواری رشتوں کے ہر پہلو میں صنفی استحصال و جبر، طبقاتی استحصال کے ذاتی اور عوامی دونوں پہلوؤں کے علاوہ اس کے ثقافتی و سیاسی پہلوؤں، اور پدرشاہی کی تاریخ کو بھی دیکھنا ہو گا، اور خاص طور پر بلا معاوضہ پیداواری رشتوں، اور گھریلو صنفی استحصال کو۔
25- بلا معاوضہ پیداواری رشتوں میں صنفی استحصال کے خلاف جدوجہد: ہم گھریلو کام اور گھریلو معیشت کو پیداواری نظام کی فاؤنڈیشن سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انسانی سماج کی بقاء میں انسان کی تخلیقِ نو اور پیداواری عمل لازم و ملزوم ہیں، ان کی باہمی جُڑت میں سرمایہ داری نظام تقسیمِ کار کے ذریعے مصنوعی تفریق پیدا کرتا ہے۔ جس میں عورت کی ذمہ داری گھر کے اندر اور مرد کی گھر سے باہر ٹھہرائی جاتی ہے۔ اس صنفی تقسیمِ کار کی وجہ سے جہاں محنت کش طبقے کے مرد کا تضاد طبقاتی حوالے سے سرمائے کے ساتھ بنتا ہے، وہاں وہ پدرسری نظام کی وجہ سے عورت کی گھریلو محنت سے بھی فائدہ اٹھاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مزدور تحریکوں میں پیداواری رشتوں میں استحصال کے خاتمے کے لئے جدوجہد تو کی جاتی رہی ہے مگر بلا معاوضہ پیداواری رشتوں میں صنفی استحصال کے خاتمے کی کوششیں نمایاں نظر نہیں آتیں، اور یہی بات مزدور تحریک کی کمزوری کا ایک بنیادی سبب بھی ہے۔ ’پروڈکشن‘ اور ’ری پروڈکشن‘ کے درمیان براہِ راست تعلق، گھریلو کام اور گھریلو پیداوار میں استحصال کا پہلو ہمارے تجزیے اور سیاست کا حصہ رہے گا۔ ہم گھریلو کام کی سوشلائزیشن کے حامی ہیں۔
26- ہم سمجھتے ہیں کہ غیر طبقاتی نظام کے قیام کی جدوجہد کی کامیابی کے لیے لازم ہے کہ استحصال زدہ محنت کش طبقہ اپنے معمولی اور فروعی مفادات کو، جو انھیں سرمایہ داری نظام میں پدرسریت کی وجہ سے ملتے ہیں، ترک کر دے۔ ورکنگ کلاس کی استحصالی نظام کے خاتمہ کی جدوجہد، پدرشاہی سے آزادی کا سوال اٹھائے بغیر اور عورتوں کی شمولیت کے بغیر کامیابی سے ہمکنار نہیں ہو سکتی۔ اس لیے ورکنگ کلاس کو جنس کی بنیاد پر آپس میں محاذ آرائی پیدا کرنے کی بجائے نابرابری اور استحصالی نظام کے خاتمہ کی مشترکہ جدوجہد کرنی ہو گی۔
27- ثقافتی پہلو: ثقافتی طور پر ایک طرف پدرشاہی نظام عورتوں اور خواجہ سراؤں کے لیے دو دھاری تلوار ہے جو اس کے ضابطوں اور اخلاقیات کی اطاعت کرتی ہیں، اُنہیں نہ صرف اِس کا جبر سہنا پڑتا ہے بلکہ ثقافت کی آڑ میں اُس جبر کا دفاع بھی کرنا پڑتا ہے۔ جو انکار کرتی ہیں، اُنہیں تشدد، کردار کشی، بدنامی اور تنہائی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عورتیں مجبوراً ساز باز کا سہارا لے کر خاندان اور سماج کے اندر اپنے لیے رُتبہ اور مفادات حاصل کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔ یہ نظام عورتوں کو بُری طرح تقسیم بھی کرتا ہے اور مرد کے پاس موجود پدرشاہی طاقت اور اختیار پانے کے لیے ہر عورت کو دوسری عورت سے مقابلہ کرنے اور پدرشاہی جبر میں شریک ہونے پر مجبور کرتا ہے۔ تاریخی طور پر پدرشاہی کو اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کے لئے پدرشاہی کو ثقافتی اثاثے کے طور پر عورت کو نظریاتی جہیز میں دیا جاتا ہے۔
28- پدرشاہانہ ثقافت اور نفسیات ہر مرد کو عورت اور خواجہ سراء پر جبر کرنے پر اُکساتا ہے۔ جبر کے اس عمل میں نا صرف مردوں کو یکجہتی میں قریب لاتا ہے، بلکہ عورتوں کو بھی ملوث کرتا ہے۔ جو پدرشاہی سے یکجہتی کرتی ہیں، اُنہیں پدرشاہانہ وفاداری کے بدلے کچھ پدرشاہانہ مراعات میں حصہ دیا جاتا ہے، یا کم از کم وہ خود پدرشاہانہ غضب سے بچ جاتی ہیں۔ قطع نظر صنف کے، پدرشاہی سماج میں تمام صنفوں سے پدرشاہی نافذ کئے رکھنے کی توقع کی جاتی ہے، جس میں مرد حاکم اور باقی اصناف محکوم ہیں۔ جو مرد پدرشاہی یکجہتی سے بغاوت کرتا ہے، سماج اُس کی کردار کشی کر کے اُسے تنہا کرتا ہے۔ پدرشاہانہ مرد بحیثیت ایک صنفی گروہ کے پدرشاہی ضابطوں سے باغی مردوں کو اپنی یکجہتی میں شامل رکھنے کے لئے مسلسل دباؤ میں رکھتے ہیں، باغی عورت اور خواجہ سراء کو سزا دیتے ہیں۔ قطع نظر صنف کے، فیمنسٹوں کو تنہا کرتے ہیں۔ اس لیے قطع نظر صنف کے، پدرشاہی نظام کے خاتمے کے لئے جو بھی فیمنسٹ سیاست کرے، ان کو منظّم تحریک سے جوڑنا ضروری ہے، بشمول مردوں کے۔ اور عوامی اور ثقافتی بنیادوں پر بھی تحریک کی تعمیر ضروری ہے۔
29- قانون سے آگے کا ایجنڈا: صدیوں سے ہمارے سماج میں عورتوں کی حیثیت ہر لحاظ سے کمزور رکھے جانے کی وجہ سے عورتوں، لڑکیوں اور خواجہ سراؤں کی اکثریت پدرشاہانہ تشدد اور جرائم کے بارے میں موجودہ قوانین سے استفادہ نہیں کر سکی ہیں، خاص طور پر محنت کش طبقات سے تعلق رکھنے والی پسماندہ علاقوں میں رہنے والی، اور زیرِ عتاب مذاہب سے تعلق رکھنے والی۔ وہ اپنی کمزور سماجی حیثیت کی وجہ سے میسر قانونی حقوق بھی عدالت کے ذریعے حاصل نہیں کر سکتیں۔ صرف قانون نہیں، عدالت، بار، تھانہ اور جیل کی ثقافت بھی شدید پدرشاہانہ اور متشدد ہے۔ اس لئے قانونی جدوجہد سے آگے محرکات کی بات رکھنی لازمی ہے۔
30- پدرشاہانہ جنونیت اور تشدد کے خاتمہ کا ہنگامی ایجنڈا: پاکستان میں پدرشاہی ایک درندہ صفت ایذا رساں عفریت بن چُکا ہے، جو ہنگامی بنیادوں پر توجہ طلب ہے۔ پدرشاہانہ جنونیت اور جنسی بربریت پر مبنی تشدد کا شکار تین سماجی گروہ ہیں: عورتیں، بچے، اور خواجہ سراء۔ اور یہ مردوں سے بھی انکی انسانیت چھین رہا ہے۔ ہمارے تجزیے کے مطابق منظرِ عام پر آنے والے فیمسائیڈ کے واقعات اور جنسی حملوں کی نوعیت چار طرح کی ہے: (1) سماجی نوعیت کے واقعات، (2) سیاسی نوعیت کے، (3) مذہبی نوعیت کے واقعات، اور (4) خراب معیارِ زندگی کی وجہ سے بڑے پیمانے پر خاموش اموات اور منظّم ریپ کی وباء۔
31- سماج کے اِن متاثرہ گروہوں میں تین قدریں مشترک ہیں: (1) یہ سب پدرشاہی کے دائرۂ اختیار اور ملکیت میں آتے ہیں۔ (2) یہ اپنے حملہ آور پر معاشی اور ذہنی انحصار رکھتے ہیں، اور اُن سے سماجی طاقت پر مبنی ماتحتی اور غلامی کا رشتہ رکھتے ہیں، اور (3) یہ نہتے ہیں، کسی بھی قسم کا اسلحہ نہیں رکھتے۔ دراصل اسی معاشی و سماجی ماتحت حیثیت کی وجہ سے یہ اِن حملوں کی زد میں آتے۔ لیکن اس کا حل یہ نہیں کہ انہیں بھی معاشی و سماجی استحصال کی طاقت، نجی ملکیت، پدرشاہی مراعات میں حصہ، اور ہتھیار دیئے جائیں۔ اس کا حل استحصال اور بالا دستی کے نظام کا خاتمہ، نجی ملکیت اور پدرشاہی کا خاتمہ ہے: اُس طاقت اور مادی بنیاد کا خاتمہ ہے، جس کے تابع بندوق، ٹیکنالوجی اور ریاست ہوتی ہے۔ اور ملک میں سماجی انصاف، امن اور عوامی جمہوریت کا قیام ہے۔
32- ہم سمجھتے ہیں کہ سماج کے اندر موجودہ صنفی اور جنسی جنگ، اور تشدد کی لہر کو کسی ایک سیاسی چھڑی سے حل نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں نا صرف بیک وقت کئی محاذوں پر لڑنا ہو گا، بلکہ یہ لڑائی اس صورتحال کے محرکات کے خلاف سب سے اہم اور ایک لمبی لڑائی ہے۔ ان میں تاریخی پدرشاہانہ محرکات کے علاوہ اس وقت تین بڑے محرکات شامل ہیں: (1) استحصالی پیداواری نظام میں تبدیلیوں سے اُبھرنے والا صنفی بحران اور تشدد؛ (2) قومی جبر اور ریاستی پالیسیوں سے اُبھرنے والا صنفی بحران اور تشدد (3) سامراجیت اور جنگی اقتصاد سے اُبھرنے والا بُحران اور تشدد۔
33- پندرہ نکاتی ایجنڈا: (1) لینڈ ریفارمز کے ذریعے جاگیرداری اور قبائلی نظام کا خاتمہ؛ (2) ہر طرح کا متوازی عدالتی نظام، امتیازی قوانین اور اداروں کا خاتمہ؛ (3) سیکولر ریاست کا قیام، اور مذہبی فاشزم کا خاتمہ؛ (4) پدرشاہانہ تشدد کے ہر شکل کیخلاف منظّم ریاستی مہم؛ (5) پدرشاہانہ تشدد پر مستند اعداد و شمار کے لئے سروے؛ (6) مفت تعلیم اور تعلیمی نظام کی سیکولر، جمہوری اور سائنسی بنیادوں پر تشکیل، اور خواتین کے سپورٹس اور آرٹ ایجوکیشن پر پابندی کا خاتمہ؛ (7) مفت علاج، اور ماں اور بچوں کی نگہداشت؛ (8) مکان سب کے لئے؛ (9) تشدد کی شکار عورتوں کے لئے ریلیف اور بحالی کا سرکاری نظام؛ (10) مستحکم اور مساوی روزگار کے لئے مستقل پے اینڈ پینشن؛ (11) چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے محرکات کا خاتمہ؛ (12) ڈیتھ سکواڈز کا خاتمہ اور سویلین اور ملٹری اسلحے پر کنٹرول؛ (13) پدرشاہی کی از حد بڑھوتری کی روک اور اسکی ملٹرائزیشن کا خاتمہ؛ (14) عوامی مقامات پر ہراسانی سے بچاؤ کے اقدامات، اور خطرات میں گھری خواتین کے لئے سیف ہاؤسز کا قیام؛ (15) ثقافتی جبر اور منظّم ذہن سازی اور رائے سازی کا خاتمہ۔
(2) قومی جبر و استحصال سے آزادی
34- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ پاکستان کو ایک کثیر القومی، کثیر الثقافتی، کثیر اللسانی، اور کثیر المذہبی ریاست تسلیم کرتا ہے۔ اور قومی جبر و استحصال کو طبقاتی استحصال، صنفی استحصال، سامراجیت، اور ناہموار سرمایہ دارانہ ترقی کے محرکات کے ساتھ جوڑ کر قومی آزادی کی جمہوری جدوجہد اور تحریکوں کا حصہ ہو گا۔ ہماری تنظیم درج ذیل جدوجہدوں کا حصہ ہو گی: (1) جبری ریاست سازی اور جبری قوم سازی کا خاتمہ، اور اندرونی اور بیرونی کالونائزیشن سے آزادی؛ (2) عالمی جمہوری اصولوں کے مطابق قومی حقِ خود ارادیت بشمول حقِ علیحدگی پر مبنی رضا کارانہ وفاق کی آئینی ضمانت؛ (3) ناہموار ترقی اور حقوق کی پامالی کا خاتمہ اور وسائل کی از سرِ نو تقسیم؛ (4) مساوی حقِ حکمرانی و جمہوری حقوق؛ (5) قومی سرزمینوں کی وفاق کے تصرف سے آزادی، اور ان پر قوموں کا اپنا اختیار؛ (6) قوموں کی شناخت، تہذیب، تاریخ، اور ثقافتوں کو مساوی ریاستی حیثیت؛ (7) قومی زبانوں کی مساوی ریاستی حیثیت، اور قومی زبانوں کا درجہ؛ (8) پیداواری اور قدرتی وسائل، اور ساحل پر مکمل اختیار۔
35- نظریاتی طور پر ہم قوم کو اہم تاریخی، سیاسی، اقتصادی، ثقافتی، جغرافیائی، لسانی اور سماجی حقیقت کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ اور قومی جبر و استحصال کو بھی سرمایہ دارانہ نظام کے جبر و استحصال کے ڈھانچے کا ایک اہم ستون اور جُزو سمجھتے ہیں۔ سیاسی طور پر ہم پاکستان کو نیشن سٹیٹ نہیں، بلکہ ایک ملٹی نیشن سٹیٹ (کثیر القومی) ریاست تسلیم کرتے ہیں، جہاں وفاق کو محکوم قوموں کے نکتۂ نظر سے رضا کارانہ طور پر تشکیل نہیں دیا گیا، اور وفاق پر پنجاب اور فوج کی بالادستی اور اجارہ داری قائم ہے۔ جہاں محکوم قوموں کو غیر مساوی اور ناہموار ترقی، ہر طرح کی قبضہ گیریت اور شدید ریاستی جبر کا سامنا ہے۔ سرزمین، پیداواری وسائل اور ساحلوں پر قبضہ کرنے کیلئے جبری ریاست سازی اور جبری قوم سازی کے عمل میں قوموں کی ثقافت اور تاریخ کو مسخ کیا گیا۔ قومی زبانوں کو تسلیم نہیں کیا گیا۔ ثقافتی اور فکری بالادستی کے تحت قومی تاریخوں کو نصاب سے سرے سے غائب کر دیا گیا ہے، یا مسخ کر دیا گیا ہے۔
36- ہم قومی سوال کو صرف قومی تشخص/شناخت کا سوال نہیں سمجھتے، بلکہ اس کو ایک معاشی، سیاسی، تاریخی، جغرافیائی، اور تہذیبی ثقافتی سوال بھی سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حقِ خود ارادیت بشمول حقِ علیحدگی، اپنی سرزمین اور پیداواری وسائل پر اختیار، مساوی حقِ حکمرانی و جمہوری حقوق، زندہ رہنے کا حق اور جینوسائیڈ سے آزادی، مساوی بنیادی اور انسانی حقوق، ڈیموگرافک بالا دستی اور قومی بنیادوں پر جبری بے دخلیوں، اپنی تہذیب اور ثقافت پر تسلط سے آزادی، فکری تسلط اور جبری قوم سازی کے نظریات سے آزادی، جبری ریاست سازی سے آزادی، قومی زبان کا حق، اپنے نصاب و تاریخ اور تاریخی قومی وحدت کی بحالی کا سوال بھی ہے۔
37- نیشنلزم پر نکتۂ نظر: ہم فیمنزم کی طرح نیشنلزم کی بھی ترقی پسند شکل کے حامی ہیں۔ ہماری نظر میں قوم پرستی (نیشنلزم) اور نسل پرستی (ریسزم) متضاد تصورات ہیں۔ نیشنلزم قومی تسلط، نابرابری، جبر اور امتیاز سے آزادی کی جدوجہد کا نظریہ ہے۔ جبکہ ریسزم بالکل اِسکے متضاد نظریہ ہے، اور رنگ و نسل کی بنیاد پر قومی برتری، تسلط اور امتیاز قائم کرنے کا نظریہ ہے۔ اگر نیشنلزم کو امپیریلزم کے ساتھ جوڑ کر نہ دیکھا جائے تو یہ ایک بورژوا، یا نسلی شاونسٹ شکل اختیار کر سکتی ہے۔ یعنی اگر یہ امپیریلزم کے خلاف نہ ہو تو لبرل فیمنزم کی طرح نیشنلزم بھی امپیریلزم اور نیولبرل حلقوں کا آلہ کار بن سکتا ہے۔ ہم مذہبی، نسلی، لسانی، یا امپیریلسٹ بالادستی کی بنیادوں پر گھڑے گئے نظریات اور ”جبری ایکتا“ کو رد کرتے ہیں۔ سیکولر اور ترقی پسند قومی تحریکوں اور تنظیموں سے جُڑنے اور یکجہتی کا نکتۂ نظر رکھتے ہیں۔
38- جبری قوم سازی کا خاتمہ: ہم کسی بھی بنیاد پر جبری ریاست سازی یا قوم سازی کو رد کرتے ہیں۔ جیسے کہ پاکستان میں ’پاکستانیت‘ کے گرد جبری قوم سازی کے لئے مذہب کو جبری یکسانیت/مصنوعی ایکتا بنانے کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے، اور قوموں کے تاریخی تشخص اور وجود کو مٹایا جا رہا ہے۔ یہ برطانوی کالونیل دور کی پالیسی ہے، یہ جمہوری اصولوں کے خلاف ہے، اور قوموں کی ارتقاء میں رکاوٹ ہے۔ ”مسلم نیشنلزم“ اور ”دو قومی نظریے“ جیسے نظریاتی ڈھکوسلے صرف حکمران طبقے کا قومی جبر کا آلہ ہیں۔ نیشن کی تعریف آبادی کی تعداد، مذہب یا رنگ کی بنیاد پر نہیں کی جا سکتی، بلکہ سماجی اور تاریخی عوامل سے ہوتی ہے۔
39- ہم قوموں کے ارتقائی اور تاریخی مادیت پر مبنی نکتۂ نظر سے متفق ہیں اور سمجھتے ہیں کہ قومیں صدیوں کے پیداواری عمل، سماجی و تہذیبی ارتقائی عمل سے گزر کر بنتی ہیں، راتوں رات کالونیل ریاستیں کھڑی کرنے اور جبری قوم سازی سے نہیں بنتیں، بلکہ اُلٹا مسخ کی جاتی ہیں اور اُن کی ارتقاء، برابری، معاشی ترقی اور آزادی کی راہیں محدود کی جاتی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ مساوات اور قوموں کی حقِ خود ارادیت قوموں کو ایک ریاست کے فریم ورک میں جوڑتی ہے، تقسیم نہیں کرتی، جبکہ جبری اور مصنوعی ایکتا ضرور تقسیم کرتی ہے۔
40- جبری ریاست سازی سے نجات: پاکستان بنتے ہی اس کی ریاست سازی اور قوم سازی کے عمل کا آغاز نا صرف غیر جمہوری بنیادوں پر بلکہ جبری بنیادوں پر شروع کیا گیا، جو اب تک جاری ہے۔ جبری ریاست سازی کے عمل سے پیدا ہونے والے تضادات اور تنازعات اب بھی چل رہے ہیں۔ این ڈبلیو ایف پی (حالیہ پختونخوا) میں 1946ء کے انتخابات کے ذریعے تشکیل دی گئی، کانگریس کی پشتون قوم پرست حکومت کو ایک جعلی پاکستان ریفرنڈم کے ذریعے گرایا گیا۔ اُس ریفرینڈم کا پشتون قوم پرستوں نے بائیکاٹ کیا تھا۔ 1947ء سے 1955ء تک آزاد بلوچستان اور سب پرنسلی سٹیٹس کو بھی جبری طور پر یا نوابوں کو مراعات کے زور پر پاکستان سے الحاق کرایا گیا، جس میں بہاولپور، خیر پور، چترال، سوات، ہنزہ، نگر، امب، پھلرا، بلتستان، گلگت، دیر، جندول، لسبیلہ، خاران، مکران، اور قلات کی ریاستیں شامل تھیں۔ یہ سلسلہ 1970ء تک چلتا رہا۔ اس دوران بنگلہ دیش کی قومی آزادی کی تحریک کو دبانے کیلئے فوجی آمر ایوب خان نے ون یونٹ (1955-1970ء) مسلط کیا۔ ”ڈیوائید اینڈ رول“ کی کالونیل پالیسی جاری رکھتے ہوئے قوموں کو تقسیم کیا، خاص طور پر پشتونوں اور بلوچوں کو پاٹا اور فاٹا میں تقسیم در تقسیم رکھا۔
41- جبری ریاست سازی اور جبری قوم سازی کے اس عمل سے پیدا ہونے والے تضادات اور تنازعات اب بھی چل رہے ہیں۔ پاکستان بننے کے بعد سے ہی بنگالی، سندھی، بلوچ، پشتون، اور سرائیکی قومیں ایک جمہوری وفاق، اپنی سیاسی، معاشی اور ثقافتی خودمختاری، اور حقِ خود ارادیت کے لئے لڑیں۔ گلگت بلتستان اور کشمیر جیسے متنازعہ خطوں پر بھی وفاق کی طرف سے تسلط کے لئے توسیعات جاری ہیں۔ اگر پنجابی حکمران اشرافیہ اکثریتی جبر کے ذریعے وفاق کو یرغمال بنائے رکھیں گی، تو محکوم قوموں کے لیے کنفیڈریشن کا مطالبہ ہی واحد انتخاب رہ جائے گا، یا پھر علیحدگی۔ ہم جبری ریاست سازی اور جبری قوم سازی کو رد کرتے ہیں، اور رضا کارانہ وفاق کا تصور رکھتے ہیں۔
42- آبادکاری کا مسئلہ: پچھلے 40 سال سے پاکستان دنیا کی سب سے بڑی جنگ زدہ افغان آبادی کا میزبان ہے۔ چالیس لاکھ میں سے اکثر واپس جا چکے ہیں۔ اِس وقت 15 لاکھ رجسٹرڈ موجود ہیں، اس میں 2021ء میں طالبان کے مسلح خونی ٹیک اوور کے بعد نئے آنے والے چھ لاکھ شامل ہیں۔ جنگی اکثریت پختونخوا میں ہے: پختونخوا 52 فیصد، بلوچستان 24 فیصد، پنجاب 24 فیصد، سندھ 5 فیصد، اور اسلام آباد 3 فیصد۔ ان کو مسلسل پاکستان میں رجسٹریشن کے مسائل، ہراسانی، نسل پرستی، اور غربت کا سامنا ہے۔ اِس مسئلے کا اضافی پہلو یہ ہے کہ پختونخوا کے جنگ زدہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے پاکستان کے سٹیزن پشتون بھی نسلی پروفائلنگ کی اس لہر کا شکار ہیں۔ اب جبکہ دوحہ معاہدے کے تحت 2021ء میں دوسری کولڈ وار کے لئے سٹیج تیار کرنے سے افغانستان میں جنگ اور تنازعہ دوبارہ شروع ہو چکا ہے، او مجبوراً افغان پھر سے پاکستان ہی کا رخ کریں گے، جو مزید لسانی تناؤ کو جنم دے گی۔ اس لئے آبادکاری کے مُدعے کو کھولنا ضروری ہے۔
43- اکنامک مائگریشن اور آبادکاری کے مسئلے کا کالونیل اور طبقاتی لنک سمجھنا ضروری ہے۔ کالونائزیشن کی وجہ سے ناہموار ترقی، جنگ اور غربت کے نتیجے میں محنت کش طبقہ جبری اکنامک مائگریشن پر مجبور ہوتا ہے۔ سرمایہ دارانہ ترقی کے لئے بڑے ترقیاتی منصوبے، سرمایہ دارانہ توسیعات کے لئے جنگیں بھی جبری نقل مکانی پر لوگوں کو مجبور کرتی ہیں۔ ریاستیں توڑنا، اور راتوں رات طاقت کے زور پر نئی سرحدیں کھینچنا امپیریلزم کی توسیعات کا خاصہ ہے، جو کہ لاکھوں لوگوں کو اپنے ملک کے اندر اور دوسرے ممالک میں پناہ لینے پر مجبور کرتی ہے۔ پاکستان کا مسئلہ اس لئے شدید ہے کہ اس نے نا صرف ”تقسیم کرو اور حکومت کرو“ کی کالونیل پالیسی جاری رکھی ہوئی ہے، بلکہ ایک نیشنل سیکیورٹی سٹیٹ ہونے کے ناطے افغان انقلاب پر سامراجی حملے میں ایک فرنٹ لائن سٹیٹ کا کردار ادا کیا۔
44- سندھ میں آبادکاری کے گرد حالیہ تنازعے کو ایک وسیع پس منظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے۔ یہ صرف سندھ کا مسئلہ نہیں ہے۔ شہروں کی کاسموپولیٹن سازی اور اشرافیہ سازی سرمایہ داری کے خمیر میں ہوتی ہے۔ دُنیا بھر میں ہمیشہ ناہموار ترقی کی وجہ سے نامساعد حالات میں رہنے والی آبادی روزگار اور امن کی تلاش میں، اور کاروباری حلقے کاروبار کی تلاش میں کاسموپولیٹن شہروں کا رُخ کرتے ہیں۔ خاص طور پر بندرگاہوں اور بڑے کاروباری شہروں میں کئی مقامی بورژوازی اور بڑی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے مفادات وابستہ ہوتے ہیں۔ سیاسی اور ریاستی حلقوں کے بھی جیو اکنامک مفاد وابستہ ہوتے ہیں، کیونکہ یہ صنعت اور تجارت کا مرکز ہوتے ہیں۔ افغانستان اور پاکستان دونوں ممالک کے پشتون تو خاص طور ’افغان ٹرینزیٹ ٹریڈ‘ کی وجہ سے بھی کراچی سے منسلک ہیں۔ ویسے بھی دُنیا بھر میں کاسموپولیٹن شہروں کے اندر ہر قوم کے لوگ رہتے ہیں، جہاں لسانی تناؤ کی صورت میں پاور سٹیک ہولڈرز اُس کے اُوپر اپنے ’تقسیم کرو اور حکومت کرو‘ کے پراجیکٹ کھڑے کر دیتے ہیں، جیسے کہ 1965ء میں جنرل ایوب خان نے صدارتی انتخابات ہارنے کے بعد فسادات کرائے۔ کراچی کو آگ لگائی، اور قتل و غارت کی، اور اِسے نسلی رنگ دیا، جو پہلا ”پٹھان مہاجر فساد“ کہلایا۔ اور پھر باقی ڈکٹیٹرز بشمول ضیاء اور مشرف اِسی پالیسی پر چلتے رہے اور ’ایم کیو ایم‘ جیسی مسلح تنظیمیں بنائیں۔
45- ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان جیسی رینٹیئر اور سیکیورٹی ریاست میں جہاں ملکی وسائل کا بڑا حصہ عسکری اداروں اور اُس کی کمپنیوں کو جاتا ہو اور بقیہ حصے کی تقسیم بھی نابرابری اور غیر منصفانہ بنیادوں پر ہوتی ہو، تو محکوم قوموں کو اپنی سرزمین، وسائل اور تہذیب گنوانے اور اپنے ہی وطن میں اقلیت ہونے کا خوف اور تشویش جائز ہے۔ مگر اُس تشویش کا اِظہار ریاست کی ڈیوائیڈ اینڈ رول پالیسی، افغانستان میں مداخلت، اور ریاست کی قومی اور معاشی پالیسیوں کے خلاف ہونی چاہیئے، نہ کہ محکوم قوموں کے مصیبت زدہ عوام کے خلاف۔ محکوم قومیں آپسی لڑنے کے بجائے، نظام کے خلاف لڑیں، کہ یہ لڑائی محکوم قوموں اور محنت کش طبقات کی مشترکہ لڑائی ہے۔
46- قومی آزادی کو فیمنسٹ جدوجہد کا حصہ بنانا: ہماری نظر میں قومی آزادی کے حاصلات سے نا صرف عورت قومی جبر و استحصال سے آزاد ہوتی ہے، بلکہ یہ صنفی آزادی کی راہیں بھی کھولتا ہے۔ عورتیں کسی بھی قوم کی آدھی انسانیت ہوتی ہیں۔ قومی جبر و استحصال سے آزادی اُن کا اُتنا ہی مُدعا ہے، جتنا کہ مردوں کا۔ اور ہمارے یہاں عورتیں قومی تحریکوں کا اہم حصہ رہی ہیں۔ طبقاتی جدوجہد کی طرح قومی جدوجہد بھی محکوم قوموں کے عمومی فیمنسٹ شعور کے ارتقاء میں ایک اہم کردار رکھتی ہے۔ ہمارے سماج میں تقسیم سے پہلے اور بعد کی سیاسی تاریخ میں کسی بھی مزاحمتی تحریک میں اتنی عورتیں نہیں رہی ہیں جتنی کہ قومی آزادی کی تحریکوں میں رہی ہیں۔ وہ برطانوی نوآبادیاتی نظام کے خلاف برٹش انڈیا میں قومی آزادی کی تحریکیں ہوں، یا تقسیم کے بعد بنگلہ دیش کی تحریکِ آزادی ہو، ون یونٹ کے خلاف نیپ کی تحریک ہو، یا سندھی قومی مزاحمتی تحریکیں ہوں، یا آج کی بلوچ، سندھی اور پشتون قوم پرست عورتیں۔ یہ نا صرف قومی تحریکوں کے سیاسی ہراول دستوں میں شامل ہیں، بلکہ فیمنسٹ تحریک کو بھی وسعت دے رہی ہیں۔
47- ہم قومی جدوجہد کو صنفی جدوجہد سے الگ نہیں دیکھتے، اور اسے صنفی جدوجہد کا اہم حصہ سمجھتے ہیں۔ ہم پدرشاہی، قومی پسماندگی اور قومی جبر میں پیوست سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ قومی ناہموار ترقی اور جبر کے نتیجے پیدا ہونے والی پسماندگی اور قوم پرستوں کے خلاف پُرتشدد ملٹری آپریشنز عورت کو صنفی جبر کی مزید گہرائیوں میں دھکیل رہے ہیں۔ ہماری نظر میں قومی جبر کا صنفی جبر سے گہرا رشتہ ہے کہ جہاں پوری کی پوری قوم محکوم ہو، اور اُس قوم کی اکثر عوام غربت اور پسماندگی کا شکار ہو، وہاں عورت کی برابری، ترقی، اور آزادی کے لئے صرف پدرشاہی نظام سے آزادی کی الگ تھلگ جنگ لڑنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہے۔ اس لیے قومی سوال ہمارے صنفی تجزیے کا اہم حصہ ہو گا، اور سیکولر اور ترقی پسند بنیادوں پر قومی آزادی کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی ہماری جدوجہد کا حصہ رہے گا۔
(3) طبقاتی استحصال سے آزادی
48- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ طبقاتی نظام کے خاتمے، اور سوشلسٹ فیمنسٹ بنیادوں پر غیر طبقاتی سماج کے قیام تک لیفٹ کے ساتھ مشترکہ جمہوری جدوجہد جاری رکھے گا۔ ہم جمہوری سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے طبقاتی استحصال، امتیاز، اور نابرابری کے تمام ڈھانچوں بشمول مادی، سماجی، سیاسی، اور ثقافتی، اور نفسیاتی ڈھانچوں کو گرانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ہم انسان کے ہاتھوں انسان کے استحصال کا خاتمہ کر کے، انسانی مساوات کے قیام تک جدوجہد جاری رکھنے کا عزم رکھتے ہیں۔ پیداواری ذرائع کی نجی ملکیت کے بجائے مفادِ عامہ کی بنیاد پر ہر ممکنہ حد تک مشترکہ سماجی ملکیت میں بدلنے کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔ اور دھرتی، اس پر موجود وسائل اور حیاتیات کے لامحدود استحصال اور تباہی پر مبنی طبقاتی نظام کے خاتمے کے ذریعے ماحولیات اور حیاتیات کی بقاء کا تصور رکھتے ہیں۔
49- وسائل (زمین، حصص و سرمایہ، اور مزدور) کی نجی ملکیت کے تصور پر قائم طبقاتی سماج اس وقت اپنی انتہائی ہیبت ناک شکل ’سرمایہ داری نظام‘ کی شکل میں پاکستان میں ظہور پذیر ہو چکا ہے۔ اس نظام کے خاتمے کا مطلب معاشی زبان میں پیداواری وسائل کی نجی ملکیت اور مزدور کے استحصال کا خاتمہ ہے، اور ثقافتی و نفسیاتی طور پر دولت پرستی، اشیاء پرستی، اور انفرادیت پرستی کا خاتمہ ہے۔
50- دُنیا کے دوسرے طبقاتی سماجوں کی طرح ہمارا سماج بھی دو بڑے متحارب گروہوں/طبقات میں تقسیم اور صف آراء ہے: ایک طرف صاحبِ مال و جائیداد طبقہ ہے، تو دوسری طرف بے بس محنت کش طبقہ جس کو اُمراء طبقے نے اپنا تنخواہ دار، معاوضے پر کام کرنے والا کارکن بنایا ہوا ہے، یا ان سے جبری مشقت لیتا ہے۔ ان کے درمیان متوسط طبقہ ہے جو صاحبِ مال و جائیداد طبقے کے مالکان کی بڑی کارپوریشنز یا اُن کی نمائندہ سرکار کا تنخواہ دار ہے، یا پیداواری وسائل کی تھوڑی بہت ملکیت، اور درمیانے کاروبار بھی رکھتے ہیں۔ عمومی طور پر مالی اور پیداواری ذرائع پر اُمراء اور مردوں کا قبضہ ہے جس کے نتیجے میں معاشرے کی اکثریت مالی اور پیداواری ذرائع کی ملکیت سے محروم ہے، خاص طور پر عورت، وہ بھی محنت کش طبقے اور کمی ذات سے تعلق رکھنے والی۔ اور پاکستان میں تو خواجہ سراؤں کی اکثریت کا روزگار کا حق ضبط کر کے انہیں بھیک مانگنے پر مجبور کرتا ہے۔
51- موجودہ طبقاتی ساخت: اگر پاکستان کی طبقاتی ساخت اور استحصال کی شکلوں کا جائزہ لیا جائے تو موجودہ طبقاتی ساخت کو تین بڑے طبقوں میں درجہ بند کیا جا سکتا ہے:
52- اُمراء طبقہ: اس میں بڑے جاگیردار، زمیندار، قبائلی سردار، بڑے سویلین سرمایہ دار، ایکسپورٹرز، ملٹری اور سول افسر شاہی سرمایہ دار، اور شہری رئیل اسٹیٹ کاروباریوں کو شمار کیا جا سکتا ہے۔ نا صرف مُلک کے اندر پیداواری ذرائع کی بڑی ملکیتیں (زمین، صنعت، حصص اور سرمایہ، لیبر) ان کے کنٹرول میں ہے، بلکہ یہ عالمی سرمایہ داروں کے گماشتے بھی ہیں۔ یہ ملٹی نیشنل کمپنیوں کے ساتھ کاروبار کرتے ہیں، اور سامراجی حلقوں سے تعلقات بھی رکھتے ہیں۔ کارپوریٹ کیپٹل کا 35 فیصد فوج کے پاس ہے۔ یہ طبقہ مُلکی اور عالمی بینکوں سے قرضوں کی شکل میں سرمایہ بھی حاصل کرتا ہے، اور ان کی سرمایہ داری کے حق میں شرائط سے مستفید بھی ہوتا ہے۔ سٹاک ایکسچینج بھی اس کے کنٹرول میں ہوتا ہے، اور ریاست بھی۔ یہ مڈل کلاس کو مینیجر کے طور پر رکھتے ہیں۔ کوئی معاشی بُحران یا مالی جھٹکا اِن کا کچھ نہیں بگاڑتا، اُلٹا بحرانوں کو موقع جان کر اُس پر اپنا منافع کھڑا کرتے ہیں، جیسے کہ کورونا میں ہوا۔ اِنہوں نے عوامی دولت سے خود کو اربوں کے ’کرونا بیل آؤٹ پیکیجز‘ دیئے، چینی اور آٹے ذخیرہ کر کے، کاغذوں میں امپورٹ کر کے سرکار اور عوام کو دوگنی قیمت پر بیچے۔ اور سیلاب کے بعد آبیانے معاف کرائے۔
53- درمیانہ/متوسط طبقہ: اس طبقے میں چھوٹے سرمایہ دار، زمیندار کسان، بڑی نجی اور سرکاری کارپوریشنز کے ایگزیکٹو، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے مالکان، تاجران، اور اعلیٰ تعلیم یافتہ پیشہ وار ماہرین کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ یہ اُمراء طبقے میں شامل ہونے کے لئے طبقاتی سیڑھی پر اُوپر چڑھنے کی مسلسل کوشش کرتے ہیں، اور اکثریت اُمراء طبقے کے وفادار ہوتے ہیں۔ ثقافتی اور نفسیاتی طور پر خود کو اُمرا طبقے کا ہی حصہ سمجھتے ہیں۔ سیاست میں ان کی اکثریت اُمرا طبقے کا ساتھ دیتی ہے۔ اِس وقت اِنتخابات میں اہم کردار رکھتے ہیں، خاص طور پر فوج کے سیاسی انجینیئرنگ کے منصوبوں میں۔ دیہی علاقوں میں برادری نظام، اور شہری علاقوں میں تاجران اور وکلاء انجمنوں، ریٹائرڈ فوجیوں کی ایسوسی ایشنز، صحافیوں کی انجمنوں، سول سوسائٹی ٹائپ تنظیموں کی شکل میں انتخابات کے لئے استعمال میں کام آتے ہیں۔ یہ بڑے مالی جھٹکے کی صورت اپنے ہی طبقے کی نچلی پرت میں آ گرتے ہیں۔
54- محنت کش طبقہ: یہ طبقہ نا صرف سب سے بدحال اور مجبور ہے، بلکہ عوام کی اکثریت اس طبقے سے ہے۔ اس طبقے میں جسمانی کام کرنے والے (محنت کش) اور ذہنی کام کرنے والے (محنت کار) دونوں شامل ہیں۔ ذہنی کام کرنے والوں کی اکثریت سماجی خدمات کے شعبے میں غیر یقینی ملازمتوں میں ہیں۔ یہ اپنی محنت کی کمائی پر گزارہ کرتے ہیں۔ ان کے پاس پیداواری ذرائع کی ملکیت اور مالی وسائل نہیں ہیں، یا خاندان گزارا لائق ہیں۔ ان میں بے زمین کسان، خود کاشت کسان، ہاری، مزدور اور وائٹ کالر ورکرز، کم تنخواہ دار، کلرک، ٹیچرز، ہیلتھ ورکرز، نرسز، سیلز ویمن/مین، دیہاڑی دار، ریڑھی کوکھے چلانے والے، پیس ریٹ کام کرنے والے، ہوم بیسڈ ورکرز، سماجی خدمات دینے والے، اور فیملی لیبر کرنے والے شامل ہیں۔ جبکہ کمی ذات اور زیرِ عتاب مذاہب کے محنت کش خاندان سب سے زیادہ استحصال کا ر طبقاتی مظالم کا شکار ہیں۔ محنت کش طبقہ کے لوگ کسی بُحران اور مالی جھٹکا آنے پر اکثر قرضوں میں ڈوب جاتے ہیں، تاحیات قرضے چکاتے ہیں، اور مالکان کی غُلامی میں جکڑ جاتے ہیں۔ یا پھر مفلسی اور بے روزگاری میں ڈوب جاتے ہیں، اور بھیک پر گزارا کرتے ہیں۔ مفلسوں کی اکثریت شہروں میں غریب عوام، خاندانوں کے دھتکارے ہوئے انسان، اور خواجہ سراؤں پر مشتمل ہے۔
55- بدلتا پیداواری نظام اور رشتے: زرعی شعبے پر نوآبادیاتی نظام کے دور سے چلتے آئے بڑے زمینداروں اور جاگیرداروں کی اجارہ داری ہے۔ جہاں جہاں یہ ہیں، وہاں ان کو نا صرف معاشی کنٹرول ہے بلکہ جرگہ، پنچائیت، تھانہ اور تحصیل، عدلیہ، انتخابات، اسمبلیوں اور ترقیاتی فنڈز پر بھی کنٹرول ہے۔ جبکہ پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد حصہ دیہی ہے، اور جو زراعت سے وابستہ ہے۔
56- میکنائزیشن اور زراعت میں سرمایہ کاری سے روایتی طرزِ پیداواری رشتے بدل رہے ہیں۔ اب روایتی بٹائی/اجارے کے علاوہ اُجرت پر بھی کام ہوتا ہے۔ اس طرزِ پیداوار سے نئی تقسیمِ محنت بنی، جہاں کہ ایک طرف بیروزگاری بڑھی، تو دوسری طرف نئے ہنر اور تعلیم کی مانگ۔ اب روایتی کسان خاندان بدل رہا ہے۔ بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، نوے کی دہائی میں عالمی بینکوں کی قرضوں کے اندر سٹرکچرل ایڈجسٹمنٹ کی شرائط تحت کسانوں کو بیج، کھاد، اور بجلی سبسڈی کے خاتمے کی وجہ سے اب روایتی کسان گھرانوں کا گزر بسر کھیت سے پورا نہیں ہوتا۔ کسان خاندان میں لڑکوں کی ٹیکنکل تعلیم کا رواج عام ہو رہا ہے۔ اکثر کسان خاندانوں سے نوجوان مزدور کام کی تلاش میں پاکستان میں شہروں اور گلف ممالک کا رُخ کر رہے ہیں۔ ان تبدیلیوں کے نتیجے میں زرعی شعبے کی محنت بلا معاوضہ فیملی لیبر کی صورت میں زیادہ تر عورتوں پر آن پڑی۔ اِن تبدیلیوں کو اب زراعت کی فیمنائزیشن، اور غربت کی فیمنائزیشن بھی کہا جاتا ہے۔ اس وقت 72 لاکھ عورتیں کُل وقتی یا جُز وقتی طور پر زراعت کے شعبے میں کام کرتی ہیں، جن کی اکثریت فیملی لیبر کے طور پر کام کرتی ہے، جبکہ کام کا ٹھیکہ خاندان کے سربراہ مرد لیتے ہیں۔
57- قبائلی اور جاگیرداری دونوں طرزِ پیداوار اور سماج اب جدید سرمایہ داری میں تیزی سے ضم ہو رہے ہیں۔ مگر ہمارا اندازہ ہے کہ اس معاشی اور سماجی ارتقاء کے باوجود طبقاتی نظام کے صنفی تعلقات کے پہلو میں انتہا پسند پدرشاہی اپنی قبیلوی اور جاگیردارانہ شکلوں میں پاکستانی نوعیت کی سرمایہ داری کے اندر لمبے عرصے تک برقرار رہے گی۔ یہ نا صرف اپنی تاریخی قدیمیت کی وجہ سے برقرار رہے گی بلکہ مذہبی اور عسکری قوتوں کی جنگی ضروریات کی وجہ سے بھی اپنی انتہا پسند نوعیت میں برقرار رہے گی، کہ اب جنگ بڑی انڈسٹری کی شکل اختیار کر چکی ہے۔ پاکستان میں ان دونوں عسکری اور مذہبی قوتوں کا تعلق جدید جنگی معیشت سے ہے، جو پدرشاہی کی ملٹرائزیشن پر چلتی ہے۔ پاکستان کا پیداواری نظام اور معیشت دونوں استحصالی اور عسکری نوعیت کے ہیں، اور عورتوں کا استحصال اور غلامی کو قائم دائم رکھنے کے لئے پدرشاہانہ تشدد کو آلے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ طبقاتی جدوجہد کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالنے کے ساتھ ساتھ، ہماری جدوجہد کا مرکز سرمایہ دارانہ پدرشاہی سے آزادی رہے گا۔
58- پاکستان میں اس وقت پدرشاہی سرمایہ دارانہ شکل میں اپنی جڑیں بنا چُکی ہے، مگر زیادہ تر شہری علاقوں میں اور صنعت اور سروس سیکٹرز میں۔ ان فارمل سیکٹر کے بُوم نے کروڑوں مزدوروں کو غیر یقینی، غیر محفوظ، اور کم اُجرت والی ملازمتوں میں جذب کیا ہوا ہے، جہاں صنفی امتیاز کی بنیاد پر عورتوں سے لے جانے والی سستی لیبر سے اربوں ڈالر کمائے جا رہے ہیں: جیسے کہ ہوم بیسڈ ورک سے۔ اِن کی تعداد تقریباً دو کروڑ بتائی جاتی ہے، جس کی اکثریت ویمن ورکرز پر مشتمل ہے۔ اس میں پیس ریٹ ورک، پارٹ ٹائم ورک، فری لانس ورک، اور آن لائن عارضی گِگ ورک شامل ہیں۔ زراعت کی طرح اب ہوم بیسڈ ورک کی بھی فیمنائزیشن ہوئی ہے، خاص طور پر ٹیکسٹائل سیکٹر میں۔ ٹیکسٹائل پاکستان کی سب سے بڑی صنعت ہے۔ جس میں ورکرز کا بیانوے فیصد خواتین ورکرز بتایا جاتا ہے۔
59- سرمایہ داری اور پدرشاہی نظاموں کا مضبوط گٹھ جوڑ: طبقاتی نظام استحصال پر مبنی پیداواری رشتے قائم کرتا ہے جیسے آقا اور غلام، جاگیردار اور مزارع، سرمایہ دار اور مزدور، اجارہ دار اور کسان، اور مالک اور ملازم۔ جاگیردارانہ طرزِ معیشت کی نسبت سرمایہ دارانہ معیشت میں عورت مزدور اور مرد مزدور کے استحصال کے طریقے مختلف ہوتے ہیں۔ اور اس کے طبقاتی ڈھانچے کی ہر تہہ کے اندر پدرشاہی ڈھانچہ بُنا ہوا ہے: عورت مزدور کی محنت کو نسبتاً سستے داموں خریدا جاتا ہے کیونکہ اسے لیبر مارکیٹ میں ”ریزرو آرمی“ کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ جس کو منڈی میں محنت کی ضرورت کی کمی بیشی کے پیشِ نظر بوقتِ ضرورت استعمال کیا جاتا ہے۔ اور پھر واپس گھر بھیجا جاتا ہے۔
60- استحصال کی شکلیں: طبقاتی نظام میں عورت کی محنت کے استحصال کی کئی پوشیدہ شکلیں ہیں: (1) خاندان کی افزائش و نگہداشت یعنی گھریلو کام/خدمت، مزدور خاندان میں نئے مزدوروں کی پیدائش اور موجودہ مزدوروں کی خدمت۔ (2) گھریلو معیشت میں بلا معاوضہ پیداواری فیملی لیبر، خاص طور پر زرعی شعبے میں۔ (3) غیر رسمی معیشت میں مخفی اور جبری مشقت، اور زیادہ محنت طلب خواری والے کام (جیسے کہ جھینگے چھیلنا، گارمنٹس سلائی، پیکنگ، ڈومیسٹک ورک، بھٹہ خشت، اور شیشے کی چوڑیاں بنانا، قالین بافی وغیرہ)۔ غیر رسمی معیشت میں غیر معین اور غیر مقرر کام کی صورت میں ایمپلائر کو مکمل صوابدیدی اختیارات حاصل ہوتے ہیں۔ اور (4) رسمی معیشت میں بھی ادنیٰ مانے جانے والے اور سستی ترین لیبر، مردوں کی نسبت کم معاوضے اور زیادہ محنت طلب کام ملتے ہیں، اور انہیں خدمات کے روایتی شعبوں میں بھی دھکیلا جاتا ہے جیسے کہ تعلیم اور ہیلتھ کیئر۔ پاکستان میں تنخواہوں میں صنفی فرق کی وجہ سے مالکان 25-60 کی عمر کی محنت کش عورتوں کو کم اُجرت دے کر اُن سے اوسط 500.5 اَرب روپے لوٹتے ہیں، جو کہ صنف کی بنیاد پر بہت بڑا نقصان اور استحصال ہے۔ آئی ایل او کے مطابق پاکستان میں خواتین کی اُجرت میں صنفی امتیاز اوسطاً 34 فیصد ہے، جو کہ عالمی اوسط سے دُگنا ہے۔
61- دیہاتوں سے مرد مزدوروں کا روزگار کیلئے دوسرے شہروں اور ممالک میں جانے کے بعد اَب اکثر کھیتوں میں عورتوں کا کام کرنا بلا معاوضہ کام کی بڑی مثال ہے۔ ہمارا سماج اور ریاست اِن عورتوں کو نہ تو کسان مانتے ہیں، اور نہ ہی مزدور قوانین کے تحت اِن کو منظّم ہونے کا حق ہے۔ درحقیقت ہمارا سماج محنت کش خاندان کی عورت سے بلا معاوضہ مشقت لینے والا سماج ہے۔ اگر اُجرت پر کام مل بھی جائے، تو وہ بھی اکثر جُز وقتی ہوتا ہے۔ اِسی وجہ سے عورتوں کا خاندان کے مردوں پر معاشی انحصار قائم ہے اور اکثر عورتیں معاشی غلامی اور اس سے جڑی سماجی غلامی میں رہتی ہیں۔
62- ایک طرف قبائلی طرزِ پیداوار میں محنت کش طبقے کی عورت کو خاندان، برادری اور قبیلے کی ملکیت، اور افرادی قوت یعنی لیبر پاور پیدا کرنے کی مشین بنا رہا ہے۔ یہ سماج عورت کے حصے اور وراثت کا تصور نہیں رکھتا۔ دوسری طرف جاگیرداری نظام عورت کی ذات کو جاگیر کا حصہ بناتا ہے۔ گھریلو معیشت اور پیداواری کام میں عورت سے مشقت لیتا ہے، اور لیبر پاور پیدا کرنے کی مشین بناتا ہے۔ جبکہ سرمایہ داری نظام اُس کی محنت کے استحصال اور لیبر پاور پیدا کرنے کی مشین بنانے کے ساتھ ساتھ اُسے اجناس (کموڈیٹیز) کا حصہ بناتا ہے۔ لیبر مارکیٹ بھی صنفی بنیادوں پر تقسیم کرتا ہے۔ محنت کش عورتوں کو سب سے استحصالی شعبوں میں دھکیلتا ہے۔ پاکستان میں خواتین ورکرز کا سب سے زیادہ استحصال غیر رسمی شعبے (زرعی اور غیر زرعی دونوں) میں ہوتا ہے اور خواتین ورکرز کی اکثریت بھی اِسی شعبے میں ہے۔ معیشت کا غیر رسمی شعبہ اُسے کہتے ہیں جس پر نہ ٹیکس لگتا ہو اور نہ ہی لیبر رائٹس مانیٹر ہوتے ہوں۔ اب تو نیولبرل اکنامسٹ بھی غیر رسمی شعبے کو ”گرے لیبر مارکیٹ“ کہتے ہیں۔
63- جدید سرمایہ دارانہ پیداواری نظام انفارمیشن ٹیکنالوجی، میڈیکل سائنس، ٹیکنالوجی، سڑک اور ٹرانسپورٹ، اور میڈیا لایا، جو صنفی تعلقات و تصورات اور صنفی آرڈر کو بدل رہے ہیں، خاص طور پر موبائل فون، انٹرنیٹ، ٹی وی اور ٹرانسپورٹ نے ایک نئے طرز کے صنفی اور جنسی تناؤ کو جنم دیا ہے۔ ان سہولیات سے ایک طرف عورت کی زندگی قدرے آسان ہوئی ہے، جیسے کہ تعلیم اور روزگار کے لئے اکیلے سفر کرنا، کام اور عوامی مقامات پر آسانی سے آنا جانا، دنیا اور اپنے حقوق سے باخبر رہنا، رابطوں میں آسانی، ملازمت ڈھونڈنے میں آسانی، آن لائن خریداری وغیرہ۔ مگر دوسری طرف یہ عورتوں کے لئے استحصال اور کنٹرول کے نئے پدرشاہانہ خطرات لے کر آئے۔ مثال کے طور پر: الٹرا ساؤنڈ ٹیکنالوجی کی مدد سے سیکس سیلیکشن کر کے مادہ حمل گرانا؛ ٹی وی کے ذریعے قدامت پرست ذہن سازی اور سرمایہ دارانہ اور پدرشاہانہ نظریات کا پھیلاؤ؛ آن لائن ہراسانی اور بلیک میلنگ؛ ڈارک ویب کے لئے جنسی استحصال؛ سوشل میڈیا فیم کا پاگل پن؛ بے انت اشتہار بازی اور کنزیومرازم؛ عورت اور فیمنسٹ تحریک پر منظّم آن لائن حملے اور کردار کشی؛ سیاسی کارکنوں کی نگرانی؛ ففتھ جنریشن وارفیئر اور ڈرون حملے، گھروں کے اندر عورتوں کے خلاف آتشیں اسلحے کا استعمال، کیمیکل و بیالوجیکل حملے وغیرہ۔
64- سرمایہ دارانہ معیشت، ریاست، اور پدرشاہی سماج چاہتے ہیں کہ عورتوں کی اکثریت صرف خاموش مزدور، اور صارف بن جائے۔ پدرشاہانہ خاندان چاہتا ہے کہ گھر کے اندر کی تقسیمِ محنت نہ بدلے، اور عورت تولیدی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ، باہر، گھر اور فیملی کیئر ورک بھی جاری رکھے۔ عوامی مقامات پر ملازمت کرنے والی عورت کے کردار پر شک کرنا، عورت کو اپنی کمائی پر اختیار نہ دینا، گھر کے کام اور خاندان کی خدمت میں کوتاہی، اور دو تنخواہوں سے بھی گھر کا خرچ پورا نہ ہونے پر اکثر شوہر اور بیوی کے درمیان پُرتشدد لڑائیاں ہوتی ہیں۔ پاکستان میں پیداواری نظام میں تبدیلیوں سے اُبھرنے والے اِس صنفی بُحران کے خلاف عورتیں انفرادی اور اجتماعی مزاحمت کر رہی ہیں، اور ان کا اظہار ہمیں موجودہ فیمنسٹ تحریک، اور شہریوں کی طرف سے آن لائن بکثرت ملتا ہے۔
65- ہماری فیمنسٹ سیاست کا طبقاتی فوکس: ہم طبقاتی نظام کے اندر ”مساوی مواقع“ کا تصور رد کرتے ہیں۔ جہاں طبقاتی نظام ہو گا، وہاں یقیناً پدرشاہی بھی ہو گی، اور اِن نظاموں کے ہوتے ہوئے مساوی مواقع کبھی بھی نہیں ہو سکتے۔ اس لئے انکو گرانا ضروری ہے۔ جاگیرداری کی طرح سرمایہ داری بھی طبقاتی تفریق قائم رکھتی ہے، البتہ اِس کی شکلوں میں فرق ہے۔ سرمایہ دار بھی محنت کش طبقے کی اکثریت کو سرمائے سے محروم رکھتے ہیں، اور جس خاندان کے پاس وسائل اور سرمایہ ہوتا ہے، تو وہ شریعت کا سہارا لے کر عورت اور خواجہ سراء کو مساوی حق سے محروم کرتے ہیں۔ مساوی وراثت تو دور کی بات، آدھا شرعی حصہ بھی نہیں دیتے، خاص طور جاگیرداری میں۔
66- پیداواری وسائل کی ملکیت: سرمایہ دارانہ طبقاتی نظام اُمراء طبقے کی مُٹھی بھر عورتوں کو وسائل کی نجی ملکیت میں کچھ حصہ دیتا ہے، مگر ان کو بھی مکمل اختیار نہیں دیتا۔ جیسے کہ بھٹو دور کی زرعی اصلاحات کے وقت جاگیرداروں نے ملکیتیں بچانے کے لئے زمینیں خاندان کی عورتوں کے نام کیں، جو بعد میں ان عورتوں کی خاندان سے باہر شادی کی راہ میں بیڑیاں بنیں۔ کئی جاگیرداروں نے اپنی بیٹیوں بہنوں کو قرآن سے بیاہ دیا۔ اب سرمایہ داری میں کرپشن چھپانے کیلئے اُمراء طبقہ اپنی دولت، زمینیں اور کمپنیاں اپنی بیویوں، بہنوں، اور بیٹیوں کے نام کر رہے ہیں۔ حالیہ بے نام بینک اکاؤنٹس بھی اِسی سلسلے کی کڑی ہے، جہاں پولیٹکل ایلیٹ، اور ملٹری اور سول نوکر شاہی اشرافیہ نے کرپشن چھپانے کیلئے اپنے ملازمین کے نام تک اکاؤنٹ کھلوائے۔ وسائل کی ملکیت اور قبضہ دو فرق پہلو ہیں، کہیں ملکیت ہے تو قبضہ نہیں، اور طاقت کے زور پر قبضہ کسی اور کا۔ تاہم، جو کاغذوں میں ملکیت رکھتے ہیں، اُن کو طبقاتی گٹھ جوڑ کے بدلے کچھ مراعات ملتی ہیں۔
67- سرمایہ داری کے اندر مساوی مواقع کے دھوکے کو بے نقاب کرنے کے لئے ”ویمن بینکنگ“ دوسری بڑی مثال ہے، جو پاکستان میں اس وقت عورتوں کی ”اکنامک ایمپاورمنٹ“ کی نشانی کے طور پر سٹیٹ بینک اور پرائیویٹ بینکوں کی رپوٹوں میں شد و مد سے دکھایا جا رہا ہے۔ اِس وقت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت غریب ترین عورتوں کی سرکاری امداد کے لیے لازمی بینک اکاؤنٹس 9 ملین ہیں۔ یہ عورتیں خطِ غربت سے نیچے خاندانوں سے تعلق رکھتی ہیں، اور قطاروں میں کھڑی ہو کر امداد حاصل کرتی ہیں، جو کسی بھی صورت معاشی آزادی میں نہیں گِنا جا سکتا۔ دوسری طرف ٹیکس اور زکوٰۃ سے بچنے کے لئے بہت ساری بزرگ اور بیوہ عورتوں کے نام ان کے بیٹوں نے اکاؤنٹس کھولے ہیں۔ ویمن بینک کے قرضے بھی عورتوں کے نام اُن کے خاندان کے مرد لے لیتے تھے۔ اِس وقت مُلک میں کُل 70 ملین فعال بینک اکاؤنٹس میں سے صرف 14 ملین (20%) عورتوں کے ہیں، جس کا 80 فیصد شوہروں کے ساتھ جوائنٹ اکاؤنٹس پر مشتمل ہے۔ اس میں بینظیر اکاؤنٹس کے علاوہ ایمرجنسی فنڈز، اور شاک رِسپانس کے لئے سرکاری امداد کے لازمی اکاؤنٹس، اور بزرگ اور بیوہ عورتوں کے نام پر اکاؤنٹس شامل ہیں۔ اس کے باوجود یہ تعداد مردوں سے تین گُنا کم ہے۔ سٹیٹ بینک کے مطابق عورتوں کے اکاؤنٹس زیادہ تر مختصر رقوم کے ہیں اور گھر کے خرچ کے پیسے رکھنے کے لئے استعمال ہوتے ہیں، کاروبار کے لئے بہت ہی کم ہیں۔ کاروباری قرضے حاصل کرنے کے لئے بینکوں میں زمینیں گروی رکھی جاتیں ہیں، جو عورتوں کے پاس نہیں ہیں۔ کاروباری حصص تو چھوڑیں، اِس وقت پاکستان کے سب سے جدید سرمایہ دارانہ ادارے سٹاک ایکسچینج جو جدید شہروں میں ہیں، اُن میں فیمیل سٹاف صرف 14 فیصد ہے۔
68- جدید سرمایہ دارانہ طرزِ پیداوار یقیناً عورت کے لئے معاشی خود انحصاری کے مواقع لائی ہے، اور سخت گیر قبائلی اور جاگیردارانہ پدرشاہی، صنفی تقسیمِ کار، جنسی اور تولیدی ضابطوں میں بھی کچھ نرمی لائی ہے۔ خاص طور پر ایلیٹ اور شہری مڈل کلاس میں پدرشاہی ضابطوں کا زور کم ہوا ہے۔ اس طبقے کی خواتین کی محدود تعداد اپنے طبقے کے زور پر اعلیٰ تعلیم، روزگار اور ممکنہ حد تک شخصی آزادیاں حاصل کر لیتی ہے، اور ورکنگ کلاس کی نسبت بہتر زندگی گزارتی ہے۔ باروزگار مڈل کلاس عورتوں نے دوہری محنت سے بچنے کے لئے گھر کے کام اکثر محنت کش طبقے کی ”کام والی“ کے سپرد کر دیئے، جو غیر یقینی اور غیر محفوظ مُلازمت ہے۔ مگر سرمایہ داری نظام منافع خوری کے لئے ورکنگ کلاس عورتوں کا غیر مساوی اُجرت کے ذریعے استحصال کرتا ہے، اور حقوق بھی چھینتا ہے۔ اس طرزِ پیداوار کا ایک حصہ عورت کے جنسی استحصال پر بھی مبنی ہے، جو سرمائے کے پھیلاؤ کے لئے عورت کی جنسیت کا استعمال کرتا ہے۔ ورکنگ/مڈل کلاس عورتوں کے پاس وسائل کی ملکیت نہ ہونے کی وجہ سے ملازمت جانے کی صورت میں پھر سے معاشی مجبوری کا شکار ہوتی ہیں۔ اُوپر سے طبقاتی اور پدرشاہانہ سماجی غلاظتوں اور تشدد سے مسلسل نبرد آزما رہتی ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ صرف ”معاوضہ“ عورت کو جبر سے مکمل معاشی اور سماجی آزادی نہیں دلاتا۔ نظام بدلنا ضروری ہے۔
69- ہم مُٹھی بھر عورتوں کے وسائل کی نجی ملکیت میں حصہ، اور مڈل کلاس عورتوں کی زیادہ آمدن کے ذریعے معاشی خوشحالی واسطے محنت کش عورتوں کے طبقاتی استحصال کی حمایت نہیں کرتے، اور نہ ہی عورت کے ہاتھوں عورت کے طبقاتی استحصال کی حمایت کرتے ہیں۔ ایک طرح سے سرمایہ دار/جاگیردار/سول و ملٹری حکمران طبقات سے تعلق رکھنے والی عورتیں طبقاتی استحصال کا شکار نہیں بلکہ محنت کش طبقات کے استحصال سے حاصل شدہ دولت سے مستفید ہوتی ہیں۔ وہ اپنے طبقے کے مردوں کی طرح محنت کش طبقے کے استحصال میں بلواسطہ اور بلاواسطہ شریک ہیں، تاہم وہ اپنے خاندان اور سماج میں صنفی بنیادوں پر پدرشاہی جبر کا شکار ہیں۔ پدرشاہی اُسے اپنے ہی طبقے کے مرد سے کمتر تو بناتی ہے مگر وہ اپنے طبقاتی مفاد کی وجہ سے محنت کش عورت سے کبھی نہیں جُڑتی، اُلٹا اپنے طبقاتی مفاد کے لیے پدرشاہی بارگین کرتی ہے، یعنی طبقاتی مفاد کے بدلے پدرشاہی کا دفاع کرتی ہے۔ اِس کی مثال حکمران طبقات کی سیاسی جماعتوں میں موجود اُمراء خواتین کی طرف سے پدرشاہی نظام پر مجرمانہ خاموشی یا روایات و مذہب کے نام پر دفاع ہے۔ سرمایہ دار/جاگیردار طبقے کی عورت طبقاتی مراعات میں حصہ دار ہے۔ پدرشاہی کا حتمی فائدہ بھی سرمایہ دار کو ملتا ہے لیکن مرد بھی ایک صنفی گروہ کے طور پر پدرشاہی مراعات میں حصہ دار ہیں۔ اس لئے طبقاتی جدوجہد میں ہمارا فوکس ورکنگ کلاس عورت کی منظّم مزاحمت پر ہی رہے گا۔
70- اَپر اور مڈل کلاس کا طبقاتی سیاست سے جُڑنے کا سوال: جہاں تک طبقاتی سیاست میں اَپر اور مڈل کی شمولیت کا سوال ہے، تو ہم صرف اُن کو خوش آمدید کہتے ہیں، جو ہمارے منشور اور آئین، اور تنظیمی اُصولوں سے متفق ہوں، اور ورکنگ کلاس کی جدوجہد کے ساتھ ترقی پسند نظریاتی بنیادوں پر جُڑنا چاہیں گی۔
71- نجی ملکیت کا خاتمہ: ہم پیداواری اور مالی ذرائع کے نجی ملکیت پر مبنی معاشی نظام کو ہر ممکن حد تک مٹانے اور اُلٹانے اور سماجی ملکیت میں بدلنے کے حامی ہیں۔ کیونکہ اس میں سماج کے غریب طبقات کی بہت بڑی اکثریت کے پاس ”حصہ“ نہیں ہوتا اور جس کے پاس ہوتا ہے وہ عورت کو اُس سے محروم کر دینا چاہتا ہے۔ یہ وہ نظام ہے جس کی لازمی شرط یہ ہے کہ عورت اپنے ”حصے“ سے دستبردار ہو جائے، اور اس میں ہر مرد ہر عورت کے حصے پر گھات لگائے بیٹھا ہے۔ یہ نظام عورت کو مالی و پیداواری وسائل سے محروم کر کے زندگی بھر کے لیے معاشی انحصاری اور غلامی میں دھکیلتا ہے۔ ہمیں اس طرزِ ملکیت اور اس سے جُڑے اُس خاندانی نظام، اور تقسیمِ محنت کے نظام کو بھی مٹانا ہو گا جس میں عورت کی حیثیت صرف پیداوار اور بچے/وارث پیدا کرنے والی ایک مشین جیسی ہو؛ جو عورت کو بھی ایک نجی ملکیت اور جنس (کموڈٹی) میں بدلتا ہو، جو عورت کو اپنی آزادی کی جنگ لڑنے سے دستبردار ہونے کے لیے مجبور کرتا ہو؛ جو اپنی بقاء کے لیے عورت کو انقلابی نہیں بلکہ رجعتی بنانے پر مجبور کرتا ہو۔
72- ہم سمجھتے ہیں کہ طبقاتی اور صنفی جبر استحصال دونوں کی مادی بنیادوں کو اُلٹائے بغیر محنت کش طبقے کی نجات ممکن نہیں۔ اس لیے اس طرزِ معیشت اور اِس سے جُڑی سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ طرزِ جمہوریت اور طرزِ خاندان کو بدلے بغیر، اور نجی پیداواری ذرائع اور اثاثوں کو سماجی ملکیت میں لائے بغیر مزدور خاندان کی نجات ممکن نہیں۔ لہٰذا پاکستان میں سوشلسٹ نظام اور غیر طبقاتی سماج کے قیام کے لیے جدوجہد کرنے والی تحریکوں سے جُڑنا ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کی جدوجہد کا ایک بنیادی جُزو ہو گا۔ غیر طبقاتی سماج کے قیام کے لئے ہم درجِ ذیل مُدعوں کے گرد جاری جدوجہد میں حصہ ڈالیں گے: زرعی اور شہری اصلاحات؛ نجی ملکیت کا ہر ممکن حد تک خاتمہ اور سماجی ملکیت میں بدلنا؛ سرمایہ دارانہ پدرشاہی کا خاتمہ؛ مساوی روزگار کی مساوی اُجرت کی ضمانت اور گھریلو محنت کے تگنے بوجھ سے نجات؛ جبری مشقت کا خاتمہ، بچوں سے لے جانی والی مشقت کا خاتمہ، اور کام کی جگہ پر جنسی ہراسانی کا خاتمہ۔
(4) سیاسی معیشت کی جمہوریت سازی
73- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ ملکی معیشت کو سماجی انصاف کے ہر ضابطے سے ماورا ”فری مارکیٹ اکانومی“ یعنی سرمائے کے راج اور اس سے وابستہ گلوبلائزیشن (عالمگیریت) کے خاتمے، اور اس کی جگہ منصوبہ بند معیشت کے قیام تک جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم تمام قدرتی وسائل، اور بڑی اور لازمی صنعت و خدمات (بشمول نجی اور فوجی) کی مشترکہ سماجی بنیادوں پر سماجی ملکیت میں لانے، اور چھوٹے نجی کاروبار اور سیلف ایمپلائمنٹ کی گنجائش کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم معیشت میں فوج کے کسی بھی طرح کے کردار کے مکمل خاتمے کے حامی ہیں۔ اس انقلابی معاشی منتہائے مقصود کے لئے جدوجہد کے علاوہ ہماری تنظیم موجودہ سیاسی معاشی نظام کی جمہوری بنیادوں پر تشکیلِ نو کے لئے فوری اصلاحات کیلئے جدوجہد کا بھی حصہ ہو گی، خاص طور پر موجودہ معاشی و مالی بُحران کے خاتمے کے لئے درج ذیل فوری اصلاحات کے لئے تمام ترقی پسند قوتوں کے ساتھ یکجہتی میں آئینی، قانونی، ثقافتی اور سیاسی جدوجہد کا حصہ ہوں گے: سامراجیت کا خاتمہ، زرعی اور شہری اصلاحات، ترقی پسند بنیادوں پر ٹیکس اصلاحات، بجٹ اصلاحات، تجارتی اصلاحات، اور موجودہ ملکی صنعت کو تحفظ اور ماحول اور مزدور دوست صنعت سازی۔
74- ہم سرمایہ دارانہ گروتھ کی مرکزیت پر مبنی بجٹ سازی اور ترقیاتی ماڈل کو رد کرتے ہیں۔ اور ترقی پسند بنیادوں پر عوام کی مرکزیت پر مبنی ’سماجی معاشی پیش رفت/نشوونما‘، اور ماڈل کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم بنیادی عوامی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے عالمی بینکوں سے قرضے لینے کی پالیسی رد کرتے ہیں۔ اور بجٹ خسارہ جو اکثر فوجی اخراجات، سول بیوروکریسی اور سیاسی اشرافیہ کے اخراجات اور مراعات، اور قرضوں کی واپسی سے بنتا ہے، کو پورا کرنے کیلئے بجٹ سپورٹ قرضے، اور قرض کی عالمی سامراجی منڈی میں قرضوں کے ذریعے فارن ایکسچینج کے حصول اور ان قرضوں سے منسلک شرائط جیسے آسٹریٹی پالیسیاں، نجکاریاں، اور عوامی اخراجات کی کٹوتیاں بھی رد کرتے ہیں۔ ہم ”خود کفالت“ اور ملکی وسائل کی صوبوں کو واپسی، اور غیر پیداواری اخراجات کی کٹوتی کے حامی ہیں۔
75- معاشی بُحران کا خاتمہ: پاکستان اس وقت نا صرف معاشی بحران، بلکہ موسمیاتی بحران، اور جنگوں میں گھرا ہوا ہے۔ اِن بُحرانوں کی آپسی جڑی ہوئی اور باہمی پیوست نوعیت، اور خواتین، محکوم اقوام، مظلوم مذاہب کے لوگوں، خواجہ سراء، اور سب سے بڑھ کر محنت کش طبقے کو درپیش طویل جبر اور استحصال کی مختلف شکلوں کو تسلیم کرتے ہوئے، ہم سمجھتے ہیں کہ پورے کے پورے معاشی نظام کو معاشی انقلاب کی ضرورت ہے۔ تاہم اِس مرحلے پر ملک کو مکمل دیوالیہ ہونے اور افراتفری سے بچانے کے لئے ہم درج ذیل فوری اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں:
76- ویسے تو معاشی بُحران اور مستقل خسارہ سرمایہ داری کے خمیر میں ہے، سرمایہ داری کا خاتمہ ہی نجات کی راہ ہے۔ مگر معیشت پر فوج کا تسلط ختم کرنے، قیامِ امن، نجکاریوں کا خاتمہ، زرعی اور شہری اصلاحات، سامانِ تعیش اور اسلحے کی درآمد پر مکمل پابندی، اشرافیہ کو مراعات کا خاتمہ اور پروگریسو ٹیکس، اور تجارتی اصلاحات سے مالیاتی اور معاشی بُحران کے خاتمے کا نکتۂ آغاز ہو سکتا ہے۔ اس سے پدرشاہانہ بربریت سے نجات کی راہیں بھی کھل سکتی ہیں۔ عالمی قرضوں سے نجات، زرعی اصلاحات اور شہری زمین کی از سرِ نو تقسیم کے لئے اصلاحات، اور سویلین معیشت کا قیام ہماری جدوجہد کے مرکزی نکات ہیں۔
(5) عالمی سامراجیت سے آزادی
77- ہماری نظر میں تاریخی طور پر پاکستان کبھی ’پوسٹ کالونیل‘ دور میں داخل نہیں ہوا، بلکہ کالونیل دور سے نیو کالونیل دور میں داخل ہوا ہے۔ اس وقت پاکستان سامراجیت میں مکمل ڈوبا ہوا ہے، جس کے کئی پہلو ہیں: مالیاتی سامراجیت، سامراجی جنگ، ماحولیاتی سامراجیت، اور نیولبرل رائے سازی اور تعلیم اِس کے اہم پہلو ہیں۔ یہ چار پہلو ایک دوسرے سے تقویت لیتے ہیں۔ اپنی سیاسی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے پاکستان دنیا کا سب سے زیادہ کالونائزڈ ملک بنتا جا رہا ہے۔ برطانیہ اب بھی پاکستان کی سیاست اور معیشت کو کنٹرول کرتا ہے۔ جبکہ امریکی سامراج نے بھی پاکستان بنتے ہی اس کا کنٹرول لے لیا۔ آج آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی صورت میں مالی کنٹرول کرتا ہے۔ کولڈ وار میں پاکستان امریکہ کی چھاؤنی/سہولت کار ریاست رہا۔ اسی طرح، سعودی عرب کی نظریاتی اور معاشی جنگیں لڑنے والی چھاؤنی ریاست ہے۔ اب اس معاشی صف بندی میں چین بھی داخل ہو رہا ہے۔ پاکستان چین کا بھی بہت مقروض ہو چکا ہے، اور چین سی پیک کے ذریعے پاکستان کی معیشت اور سیاسی جغرافیہ میں اثر و رسوخ بڑھا رہا ہے۔ اس وقت پاکستان 128 بلین ڈالر کا مقروض ہے، اور 2024ء میں 24.6 بلین ڈالر کا سود اور قرضے لوٹانے ہیں۔ پاکستان کی سول اور ملٹری حکمران اشرافیہ نے اپنی مراعات اور جنگی اقتصاد کے لئے پاکستان کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے۔ جبکہ بجٹ کا بڑا حصہ فوج خود لے جاتی ہے۔ اِس کے بعد عوامی فلاح و بہبود کے لئے کچھ بھی نہیں بچتا، اور نہ ہی قومی اکائیوں کے لئے وسائل بچتے ہیں۔
78- ماحولیاتی سامراجیت کے ہماری معیشت پر شدید منفی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ سرمایہ داری کے بے مہار سامراجی پھیلاؤ کے لئے فوسل فیول (تیل، گیس، اور کوئلہ) پر مبنی صنعتی پیداوار کی وجہ سے گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں عالمی درجۂ حرارت اور سمندروں میں پانی کی سطح بلند ہو رہی ہے۔ گرمی کی اٹھنے والی لہروں، خشک سالیوں، سیلابوں، سمندری طوفانوں اور جنگلات میں بھڑک اٹھنے والی آگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ یہ حالات تیسری دنیا میں محنت کش طبقے میں اناج کی قلت اور بھوک، مسماریوں، مزید غربت اور بیماریوں کا باعث بن رہے ہیں۔ پاکستان میں اس سال دوبارہ جنگلوں میں آگ اور سیلاب متوقع ہیں۔ جبکہ سرکار معیشت کو وسائل کی از سرِ منصفانہ تقسیم، سرمایہ دار مغربی ممالک سے ماحولیاتی تباہی کے بدلے مغربی ممالک سے تاوان (کلائمیٹ ریپیریشن) لینے، اور وسائل کی از سرِ منصفانہ تقسیم اور خود کفالت کے بجائے سرمایہ دار مغربی ممالک کے عالمی مالیاتی اداروں سے مزید بے بہا قرضے لے رہا ہے، اور مُلک مزید قرضوں میں ڈبو رہا ہے۔ یاد رہے کہ یہ قرضے خود سے ”گرین واشنگ“ جیسے ماحولیاتی فریب کے زمرے میں آتے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان کے حکمران طبقے نے غربت اور عوام کے مصائب کو عالمی قرضوں کے ذریعے ڈالر کے حصول کا وسیلہ بنا دیا ہے۔ ہم ڈی کالونائزیشن، ڈی کاربنائزیشن، اور ڈی ملٹرائزیشن کی عالمی اور مُلکی تحریکوں کا حصہ رہیں گے۔
(6) عوامی اور قومی جمہوری بنیادوں پر ریاست سازی
79- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ پاکستان میں عوامی جمہوری نظام کے قیام کے لئے کی جانے والی جدوجہد کا حصہ ہو گا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ڈیموکریسی صرف پارلیمانی نظام اور انتخابات کا نام نہیں ہے۔ ہم درج ذیل مُدعوں کے گرد جدوجہد کا حصہ ہوں گے: سیکیوریٹی سٹیٹ یعنی معیشت و ریاست پر فوجی غلبے کا خاتمہ اور سویلین ڈیموکریسی کا قیام۔ ریاست پر عوام کی عملداری۔ حقِ خود ارادیت کے اصولوں پر مبنی رضا کارانہ وفاق کی آئینی ضمانت۔ پارلیمنٹ کا استحکام اور بالا دستی، اور متناسب نمائندگی (پروپورشنل ریپرزنٹیشن سسٹم) کا انتخابی نظام۔ سیکولر سٹیٹ کا قیام۔ ریاستی ڈھانچوں کی سماجی و صنفی انصاف اور مساوات کے اصولوں پر تشکیلِ نو۔ طبقاتی نظامِ تعلیم کا خاتمہ اور نصاب کی سیکولر جمہوری، اور سائنسی بنیادوں پر تشکیلِ نو۔ معاشی جمہوریت، زرعی اور شہری اصلاحات، اور صنعت سازی کی پروگریسو پالیسی۔ آزاد عدلیہ اور میڈیا کا قیام۔ آزاد خارجہ پالیسی اور ہمسایہ مملک سے دوستانہ سفارتی و تجارتی تعلقات۔ زندگی کی ضمانت۔
80- ہم عوامی جمہوری ریاست اور ملٹی پارٹی ڈیموکریسی کے حامی ہیں، مگر سمجھتے ہیں کہ طبقاتی فرق کے ہوتے ہوئے امیر اور غریب کے درمیان آزاد انتخابی مقابلہ نہیں ہو سکتا۔ اور نہ ہی انتخابات پر فوج کے چلتے آئے کنٹرول اور پری انجینیئرنگ کی وجہ سے کوئی آزاد یا عوام دوست پارلیمان تشکیل دی جا سکتی ہے۔ اس لئے ہم زرعی اور شہری لینڈ ریفارمز، فوج کی بالادستی کے خاتمے کو جمہوریت کی تشکیل کے لئے انتخابی ریفارمز کے طور پر بھی دیکھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ریاست پر فوج کے تسلط کے خاتمے، زرعی اصلاحات اور جرگہ و پنچائتی نظام کے ڈھانے، سیکولر بنیادوں پر ریاست کی تشکیل، اور طلباء یونین کی بحالی سے ریاست کی جمہوری بنیادوں پر تشکیل کے راہیں کھل سکتی ہیں۔
81- رضا کارانہ وفاق کی تشکیل اور حقِ خود ارادیت: ہم پاکستان کو ایک کثیر القومی، کثیر الثقافتی، کثیر اللسانی اور کثیر المذ ہبی مُلک تسلیم کرتے ہیں۔ دفاع، کرنسی، خارجہ پالیسی، بین الصوبائی کوآرڈینیشن کے علاوہ باقی تمام محکموں کو صوبوں کو واپسی کے حامی ہیں۔ وفاقیت، اور قومی سوال پر عالمی جمہوری اصولوں کے مطابق قومی حقِ خود ارادیت بشمولِ حقِ علیحد گی پر مبنی رضا کارانہ وفاق کی آئینی ضمانت پر مبنی ریاست سازی تک جدوجہد کا عزم رکھتے ہیں۔ پاکستان میں بسنے والی محکوم اقوام اور پاکستان سے ملحقہ گلگت بلتستان اور کشمیر کے متنازعہ خطوں میں رہنے والی اقوام کا حقِ خود ارادیت بشمول حقِ علیحد گی تسلیم کرتے ہیں۔ قوموں کو انتظامی لکیروں کے ذریعے تقسیم کے گرد تنازعات کے حل کیلئے صوبوں کی تشکیلِ نو، اور سرائیکی وسیب / سرائیکستان صوبے کی حمایت کرتے ہیں۔
82- گلگت بلتستان اور جموں کشمیر: ہم گلگت بلتستان اور جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہم اِن متنازعہ خطوں میں بسنے والی اقوام کی سرزمین، قدرتی وسائل پر قبضہ اور ان کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے، ان کی قومی اور تہذیبی شناخت کو مٹانے کی نو آبادیاتی توسیعات اور ان خطوں کو جدید عالمی سامراجی سازشوں کے نئے گریٹ گیم کا اکھاڑہ بنانے کے منصوبوں کو رد کرتے ہیں۔ ہندوستان کی طرف سے اپنے زیرِ تسلط جموں کشمیر پر قبضے کے لئے کی جانے والی قانون سازی کے طرز پر پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان میں حالیہ لینڈ ریفارمز، ریونیو ایکٹ، اور ٹورازم ایکٹ کے تحت فوجی اور سویلین اشرافیہ حکمران طبقے کے سرمایہ دارانہ قبضے کے لئے راہ ہموار کی جا رہی ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اِسی طرح ہندوستان کی طرف سے 2019ء میں کشمیر کی خود مختار حیثیت کے خاتمے اور یونین ٹیرٹری بنانے، اور وہاں جاری ظلم و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالیوں کو بھی رد کرتے ہیں۔ ہم یہاں بسنے والی اقوام کے حقِ خود ارادیت، بشمول حقِ علیحد گی، اور اپنی اپنی تاریخی قومی وحدتوں کی بحالی کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔ ہم پاکستان اور ہندوستان کے زیرِ تسلط اس ہائی ایشیاء خطے میں جنگ اور سرمایہ داری سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی تباہی کی بھی مذمت کرتے ہیں۔ یہاں جاری مذہبی انتہا پسندی، بے انصافیوں اور جنگ کے خاتمے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم ان خطوں میں بسنے والے اقوام کی طرف سے ترقی پسند بنیادوں پر کی جانے والی قومی، طبقاتی، فیمنسٹ، اور ماحولیاتی جدوجہدوں اور تحریکوں سے یکجہتی کا عزم رکھتے ہیں۔
83- اکثریت کے آمرانہ جبر کا خاتمہ: ہم ایک کثیر القومی، کثیر المذ ہبی، اور کثیر الثقافتی مُلک میں وسائل اور اختیارات کی تقسیم، اور انتخابات میں اکثریت کے آمرانہ جبر (اتھارٹیرین میجارٹیرین ازم) اور قومی یا مذہبی مائنارٹی کے تصور کو رد کرتے ہیں۔ یہ مائنارٹی کا ریاستی نظریہ ہی ہے، جو پاکستان میں بسنے والے محکوم قوموں کے خلاف، اور مسیحی، ہندو اور سکھ کمیونٹی یا زیرِ عتاب مسلم فرقوں کے خلاف بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔ قومی یا مذہبی مائنارٹی کا نظریہ بنیادی جمہوری حقوق، بنیادی انسانی حقوق اور سماجی انصاف کے نظریات اور اُصولوں سے متصادم ہے۔ ہم عوامی جمہوری اُصولوں کے حامی ہیں، اور انسانی مساوات، سماجی انصاف، قومی مساوات، اور سیکولرازم کے جمہوری اُصولوں پر مبنی ریاست سازی کے حامی ہیں۔
84- سرزمین، پیداواری اور قدرتی وسائل کی ملکیت پر اختیار: ہم قوموں کی سرزمینوں پر قوموں کے اختیار، پیداواری وسائل، قدرتی وسائل، معدنیات، ساحل اور بندرگاہیں، اور ٹریڈ ٹرمنل وغیرہ قوموں کے اختیار اور سماجی ملکیت میں دینے کے حامی ہیں۔
85- مالی وسائل کی تقسیم کا متبادل جمہوری نظام: ہم وسائل کی تقسیم کے لئے نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) فارمولے کے بجائے عوامی دولت، وسائل، حقِ حکمرانی اور اختیارات قوموں کو منتقل کرنے کے حامی ہیں۔ قومی اکائیاں فیڈریشن کو چلانے کے لئے فیڈرل بجٹ کے خرچے میں اپنا اپنا حصہ ڈال سکتی ہیں۔ مگر وفاق کی بالا دستی اور مرکزیت پر مبنی وسائل جمع کرنے کے موجودہ نظام کو رد کرتے ہیں، جس میں وفاق قومی اکائیوں سے سب کچھ لے لیتا ہے، اور قومی اکائیاں وسائل واپس مانگتی پھرتی ہیں۔ معاشی طور پر پاکستان اب بھی ایوب خان کا 'ون یونٹ' ہے، اسی لئے تو وفاق ”ایک پاکستان“ کے تحت جبری ایکتا کا نصاب پڑھاتا ہے۔ ہم اکنامک فیڈرلزم کے حامی ہیں۔ ہم مقامی حکومتوں کو باقاعدہ تیسری پرت بنانے، اور آئینی تحفظ اور مالی اختیارات دینے کے حامی ہیں۔
86- زرعی اور شہری لینڈ ریفارمز: ہم تمام سویلین اور فوجی ملکیتوں میں بڑی شہری اور زرعی اراضیوں کی نجی ملکیتوں کو ختم کر کے سماجی ملکیت میں دینے اور بے زمین خاندانوں میں تقسیم کرنے کے حامی ہیں۔ شہری مکانات کی ملکیت کی حد 1 کینال پر اور زرعی اراضی کی ملکیت کو خاندان کے دانہ پانی ضرورت یعنی گزارے کی سطح پر طے کرنے کے حامی ہیں۔ ہم بڑی زمینداریوں کے خاتمے اور زرعی اصلاحات کے ذریعے زمین کی حد پچاس ایکڑ نہری، اور سوا ایکڑ بارانی فی کاشتکار خاندان مقرر کرنے اور باقی حاصل شدہ زمین کو بلا تفریق جنس کسانوں، ہاریوں اور کھیت مزدوروں میں تقسیم کرنے کی جدوجہد کریں گے اور وارثت میں عورتوں کے مساوی حصے کے حمایت کرتے ہیں۔ ہم شریعت کورٹ جیسے ادارہ، جس نے آج تک جاگیرداری کے دفاع میں لینڈ ریفارمز کو غیر اِسلامی کہہ کر روکا ہوا ہے، کو ختم کرنے کی حمایت کرتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہم قبائلی ملکوں اور سرداروں کو دی گئی سرکاری مراعات، وظیفوں اور سرکاری جرگوں کے نظام کے خاتمے کے حامی ہیں۔ قبائلی اضلاع جو صوبہ پختونخوا میں ضم ہونے کے بعد اراضیوں کا بندوبست نہ ہونے کی وجہ سے بڑی قبائلی لڑائیوں پر منتج ہوئے، کو لینڈ ریفارمز کا حصہ بنائیں گے۔ جنگلات، دریا اور شاملات میں عوامی حقوق کا دفاع کریں گے۔
87- موجودہ شہری ایلیٹ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی تعمیر پر پابندی، اور اس کے بجائے نئے منصوبہ بند عوامی شہروں کی تعمیر جہاں سوک سروسز اور لیبر کالونیوں کے لیے کم از کم 33 فیصد رقبہ مخصوص ہو، ہماری جدوجہد کا حصہ ہوگا۔ ہم مزدوروں کے لئے تمام میٹروپولیٹن شہروں میں لیبر کالونیوں کی تعمیر، زرعی اراضی پر رئیل اسٹیٹ کی تجاوزات کا خاتمہ، کچی آبادیوں اور بستیوں سے جبری بے دخلیوں کا خاتمہ، اور کچی آبادیوں اور بستوں گوٹھوں کی ریگولرائزیشن اور مکینوں کو مالکانہ حقوق اور تمام شہری بنیادی سہولیات فراہمی ہماری جدوجہد کا حصہ ہوگا۔
88- ٹیکس اصلاحات: ہم پاکستان کے ایلیٹ گروپس کو دی جانے والے تمام مراعات کے خاتمے اور پروگریسو ٹیکس اصلاحات کی جدوجہد کا حصہ ہوں گے۔ ٹیکس لگانے اور وصولی کے اختیارات صوبوں اور ضلعی حکومتوں کو منتقلی، اور بجلی، گیس اور ٹیلی فون، یوٹیلیٹیز پر تمام ٹیکسز اور سرچارجز کے خاتمے کی جدوجہد کریں گے۔ ہم براہ راست ٹیکس، اور ٹیکسیشن پاور زصوبائی اور لوکل گورنمنٹ کو منتقل کرنے کے حامی ہیں۔
89- بجٹ اِصلاحات: ہم سرمایہ دارانہ گروتھ کی مرکزیت پر مبنی بجٹ سازی اور ترقیاتی ماڈل کو رد کرتے ہیں۔ اور ترقی پسند بنیادوں پر مفادِ عامہ کی مرکزیت پر مبنی 'سماجی معاشی پیش رفت / نشوونما' کے ماڈل کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم بنیادی عوامی ضروریات یا بجٹ خسارے کو پورا کرنے میں بجٹ سپورٹ کے لئے عالمی بینکوں سے قرضے لینے کی پالیسی رد کرتے ہیں۔ اور قرض کی عالمی سامراجی منڈی میں قرضوں کے ذریعے فارن ایکسچینج کے حصول اور ان قرضوں سے منسلک شرائط جیسے آسٹریٹی پالیسیاں، نجکاریاں، اور عوامی اخراجات کی کٹوتیاں رد کرتے ہیں۔
90- ہم ایسی بجٹ تبدیلیوں کی جدوجہد کریں گے جس کا محور 'سرمایہ' نہیں، بلکہ عوام ہوں، اور مرکز نہیں بلکہ محکوم قومیں ہوں، میگا پراجیکٹ نہیں بلکہ عوام کی فلاح و بہبود ہو، اور بڑے شہر نہیں بلکہ ناہموار ترقی کا شکار اطراف کے علاقے ہوں۔ ہم ”مفت تعلیم اور علاج، رہائش، روزگار، اور پبلک ٹرانسپورٹ سب کے لیے“ پر عوامی اخراجات بڑھانے کے لیے فوجی اخراجات کاٹنے کی جدوجہد کریں گے۔ حکمران طبقے کو مراعات کا نظام گرانے، تنخواہوں میں فرق کو مٹانے، مزدوروں کی کم سے کم اُجرت کو ضروریاتِ زندگی کے مطابق لانا، اور اساتذہ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور ینگ ڈاکٹروں، نرسوں، اور ہوم بیسڈ ورکرز کے لیے مناسب سروس سٹرکچر کی فراہمی کی جدوجہد کا حصہ ہوں گے، اور کانٹریکٹ سسٹم کا خاتمہ اور پنشن کا قیام بھی ہماری جدوجہد کا حصہ ہوگا۔
91- ہم وفاقی بجٹ میں مفت صحت، تعلیم، علاج کا خرچہ بڑھانے کے نکتہ نظر کو رد کرتے ہیں۔ اُس کی جگہ ٹیکس لگانے اور ریونیو کولیکشن کے اختیارات کو صوبوں اور ضلعوں کو منتقلی کے حامی ہیں، تاکہ وہ خود مفت دبندوبست کر سکیں۔ اور اگر بڑی اور کاروباری فوج ہوگی، تو وفاقی بجٹ بھی وہی لے جائے گی۔ اِس لئے محرکات پر توجہ دینا ہوگی۔
92- ریاست پر ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے غلبے کا خاتمہ: ہم ریاست پر عوام کی عملداری اور سویلین ڈیموکریسی کے حامی ہیں، اور اس کے لئے جدوجہد کرنے والی جمہوری قوتوں کے ساتھ کھڑے ہوں گے، بجائے اُن غیر جمہوری، نیولبرل، مذہبی قدامت پرست، اور پدرشاہانہ انتہا پسند سیاسی قوتوں کے جو ملی بھگت سے فوج کے غلبے کے ذریعے اقتدار میں حصہ داری چاہتی ہوں۔ ہم فوجی اور سیاسی قوتوں کے درمیان کسی ایسے اتحاد کی حمایت نہیں کرتے، جو قیامِ امن، محنت کش عوام کی نجات، قوموں کی آزادی، صنفی مساوات، اور جمہوری آزادیوں پر منتج نہ ہو۔
93- تجارتی اِصلاحات: ہم درج ذیل اصلاحات کی حمایت کرتے ہیں: آزاد، جمہوری، مستحکم اور پُرامن افغانستان کا قیام۔ تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ تجارتی اور سفارتی تعلقات، خاص طور پر ہندوستان اور افغانستان کے ساتھ۔ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے ایران سے تیل کی خریداری پر امریکہ اور سعودی عرب کی طرف سے تجارتی پابندیوں اور سینکشن کو مسترد کرتے ہیں۔ تجارتی خسارے کو کم کرنے اور ملکی صنعت سازی کو ترغیب دینے کے لیے زیادہ درآمدی ٹیکس کے بجائے لگژری آئٹمز کی درآمد پر پابندی کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم کنزیومرازم کے گرد درآمدات کی بجائے مُلک میں صنعت سازی کے حامی ہیں۔ ہم ان اصلاحات کے لئے کی جانے والی جدوجہد کا حصہ ہوں گے۔
94- صنعت سازی: جب تک پاکستان میں صنعت سازی نہیں ہوگی، وہ بھی اطراف میں، اُس وقت تک بیروزگاری، بالخصوص عورتوں کی بے روزگاری، لیبر کی نقل مکانی، غربت اور پسماندگی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ نہ ہی قدیم قبیلوی اور جاگیردارانہ طرزِ پیداوار اور پُرانے پیداواری رشتے ٹوٹیں گے۔ صنعت سازی نا صرف تعلیم اور روزگار کے رستے کھولتی ہے بلکہ اپنے حقوق کے لیے منظّم ہونے کے رستے بھی کھولتی ہے، ذہنی اُفق کو وسیع کرتی ہے جس سے اُنہیں پسماندہ قبائلی اور جاگیردارانہ بیڑیاں توڑنے میں مدد ملتی ہے۔
95- ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی صنعتی پالیسیاں عورت کے استحصال اور مشقت سے نجات کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ پاکستان میں جمہوری بنیادوں پر صنعت سازی کے لئے، پبلک سیکٹر میں موجود بڑی اور ضروری صنعتوں کی نجکاریوں، تعلیم اور صحت کے شعبوں میں نجکاریوں، پبلک سروسز کی نجکاری، صنعتوں اور زرعی زمینوں کو اجاروں پر دینے کے خلاف کی جانے والی جدوجہد کا حصہ ہوگا۔ ہم خود کفالت، مفادِ عامہ، اور ماحولیاتی بقاء کی بنیاد پر صنعتی انقلاب کے حامی ہیں۔ ہم لازمی اور بڑی صنعت (بشمول سول اور فوجی) کی مشترکہ سماجی بنیادوں پر سماجی ملکیت میں لانے کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم ماحول دوست، مزدور دوست، اور انسان دوست صنعت سازی کے حامی ہیں۔
96- نظامِ قانون اور عدل و انصاف کی تشکیلِ نو: پاکستان کا نظامِ قانون اور عدل و انصاف، خاص طور پر ضابطۂ تعزیرات اور فوجداری، اور جیل کا نظام موروثی طور پر کالونیول، طبقاتی اور پدرشاہانہ جبر پر مبنی ہے۔ عدلیہ بھی آزاد نہیں ہے، خاص طور پر اعلیٰ عدلیہ فوجی آمریتوں میں ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی ڈائریکٹ تابع رہی ہے مگر جمہوریتوں میں بھی اسٹیبلشمنٹ اور حکمران طبقے کے قبضے میں رہی ہے۔ ضلعی عدالتوں، بار، تھانہ، اور جیل سب ہی اداروں کی ثقافت محنت کش طبقے، خواتین، خواجہ سراء، اور محکوم قوموں کے خلاف تعصب پر مبنی ہیں۔ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ موجودہ نظام کو گرانے، اور سماجی انصاف پر مبنی متبادل نظام کے تشکیل کی جدوجہد کرے گا۔
97- ہم ناانصافیوں کے معاشی، سماجی اور ریاستی نظام کے ڈھانچوں میں بنیادی تبدیلی کے حامی ہیں، اور کریمنل جسٹس سسٹم کے اصولوں کے بجائے سماجی انصاف کے اُصولوں پر مبنی متبادل نظام کے حامی ہیں، جو منظّم ناانصافیوں اور جرائم کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے نکتہ نظر پر مبنی ہے۔ ہم سوشلسٹ فیمنسٹ اصولوں پر مبنی سماج کی ہیئت تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے انصاف کے نظام (ٹرانسفارمیٹو جسٹس سسٹم) کے لئے جدوجہد کریں گے، جو سماج کی بحالی اور اجتماعی احتساب کو ترجیح دیتا ہے۔ ہم بحالی انصاف (رسٹوریٹو جسٹس سسٹم) کے ماڈلز کی حمایت کرتے ہیں جو نقصان کی تلافی، سماجی تعلقات کی تعمیرِ نو، جوابدہی، ہمدردی، اور کمیونٹی کی شفایابی کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔
98- ہم سمجھتے ہیں کہ لیگل ایکٹوازم سرمایہ دارانہ نظام کے بنیادی ڈھانچے کو چیلنج کرنے کے بجائے اُسی نظام کے موجودہ قانونی فریم ورک کے اندر رہتے ہوئے مخصوص مسائل یا ناانصافیوں کو حل کرنے کے لیے اصلاح پسندانہ نوعیت اور فطرت رکھتا ہے۔ اجتماعی مسائل کا انفرادی حل ممکن نہیں ہے۔ سرمایہ داری کے اندر لیگل اور جوڈیشل سسٹم بورژوازی اور پدرشاہی جبر و اقتدار کے آلے ہیں، جن کا حتمی مقصد حکمران طبقے کے مفادات اور مراعات کو قائم رکھنا ہے۔ اور وہ قانونی جنگ جو عدل و انصاف کے انہی نظاموں کے اندر لڑی جاتی ہے، وہ اکثر اوقات دانستہ یا نادانستہ طور پر ان قانونی آلات کی طبقاتی اور پدرشاہانہ نوعیت کو تقویت دیتی ہے، بجائے اس کے کہ اسے ختم کر دیا جائے یا طاقت کی حرکیات کو بنیادی طور پر دوبارہ ترتیب دیا جائے۔ لہٰذا، ہم قانونی جدوجہد کو محض ایک مقصد کے طور پر دیکھتے ہیں، نہ کہ خود اپنے آپ میں ایک نظام کے طور پر۔ ہم قانونی جدوجہد اور ترقی پسند قانونی اور عدالتی اصلاحات کی جدوجہد کو سوشلسٹ فیمنسٹ انقلاب کے لیے اپنے طویل سفر کے ایک حصے کے طور پر دیکھتے ہیں۔
(7) جنگ اور فوجی آپریشنز کا خاتمہ اور قیامِ امن
99- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ ”گھر سے سرحدات تک امن“ کا تصور رکھتا ہے۔ ہم خطے میں سامراجی جنگ کے خاتمے، اور مُلک کے اندر عوام پر فوجی حملوں کی حمایت نہیں کرتے، ہم قیامِ امن کے لئے جاری مُلکی اور عالمی جدوجہدوں، اور مسنگ پرسن تحریک کا حصہ ہیں، اور رہیں گے۔
100- تاریخی طور پر اپنے آغاز ہی سے ہماری ریاست کولڈ وار کے پس منظر میں اپنی ہیئت میں ایک ردِ انقلاب سیکیوریٹی سٹیٹ کے طور پر تشکیل دی گئی۔ جس نے سوشلسٹ انقلابات کو گرانے، اور ایشیائی ممالک کی ملکیت حاصل کرنے / کالونائزیشن پر عالمی طاقتوں کے درمیان جنگ میں بفر سٹیٹ کا کردار ادا کیا۔ اُوپر سے ریاست نے محکوم قوموں سے جنگیں لڑتی رہی ہے، خاص طور پر بنگالیوں، بلوچوں، اور پشتونوں سے۔
101- پچھلے پینتالیس سالوں میں افغان ثور انقلاب پر حملے، جہاد اور پھر وار آن ٹیرر فوجی آپریشنز، اور جہادیوں کی بربریت نے عورتوں کی زندگی کو بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر بری طرح متاثر کر رکھا ہے۔ بلوچستان، سندھ خصوصاً کراچی، پختونخوا، خاص طور پر ڈیورنڈ لائن پر واقع قبائلی اضلاع میں فوجی آپریشنز اور ملک بھر میں دہشت گردی کے واقعات نے عورتوں اور بچیوں کا گھروں سے نکلنا محال کئے رکھا ہے۔ جبری گمشدگیاں اور مسخ شدہ لاشوں کا ملنا، بچوں اور عورتوں کے مستقبل کا برباد ہونا، روز کا معمول ہے۔ اِن علاقوں میں نا صرف عورتوں کے لیے سکول اور ہسپتال چلانا مشکل ہو گیا ہے بلکہ جبری نقل مکانی سے اُن کے حالات مزید مخدوش ہو گئے ہیں۔ عورتیں اور عوام پچھلی چار دہائیوں سے بدامنی، وبائی بیماریاں، نقل مکانی کی تکالیف جھیل رہے ہیں۔
102- مثال کے طور پر اقوام متحدہ کے 2016ء کے اعداد و شمار کے مطابق 2008ء کے ملٹری آپریشنز سے فاٹا سے 53 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے۔ وزیرستان میں ضربِ عضب (2014-15ء) آپریشن سے بے گھر ہونے والوں کی کُل آبادی کا 75 فیصد عورتیں تھیں۔ یو این اور ہیومن رائٹس کمیشن کے مطابق بلوچستان میں 2004ء سے اَب تک جاری رہنے والے ملٹری آپریشن میں ڈھائی لاکھ لوگوں کو جبری نقل مکانی کرنی پڑی، جن کی اکثریت عورتوں اور بچوں پر مشتمل ہے۔ پختونخوا میں تاحال لاکھوں لوگ کیمپوں اور شہروں کے اطراف میں بے سرو سامانی کی زندگی گزار رہے ہیں، اور ایک پوری کی پوری نسل تعلیم سے محروم ہو گئی ہے۔ جن متاثرین نے شہری کچی آبادیوں میں رہائش بنائی، وہ بھی سرکار نے مسمار کر کے زمینیں لینڈ مافیا، شہری مڈل کلاس اور کاروباری حلقوں کو بیچ دیں۔
103- پاکستان کی ریاست کے پاس ہر مسئلے کا ایک ہی حل ہے، وہ ہے طاقت اور بندوق کا استعمال۔ ہم طاقت کے بجائے سیاسی حل کا نکتہ نظر رکھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ پختونخوا اور بلوچستان میں جنگ بندی، فوج کی بیرکوں میں واپسی، سیاسی مذاکرات، سویلین ڈیموکریسی، خارجہ پالیسی میں تبدیلی اور ہمسایہ ممالک سے دوستانہ تعلقات، مذہبی انتہا پسندوں کی ریاستی پشت پناہی ختم کرنے سے ہی پاکستان میں امن بحال ہو سکتا ہے۔
104- پراکسی جنگوں کا خاتمہ: ہمارے خطے میں دوسری کولڈ وار کا آغاز ہو چکا ہے، اور اس بار یہ جنگ امریکہ نے چین کے خلاف لگائی ہے، جس میں ہمارا خطہ پھر سے میدانِ جنگ ہے۔ ہم پراکسی جنگوں میں ریاست کی شمولیت اور حصہ داری کے خاتمے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس نے ہماری ریاست اور معاشرے میں پدرشاہی کی بے حد بڑھوتری، عسکریت پسندی، اور بنیاد پرستی کی بے حد بڑھوتری کے لیے موافق مسکن فراہم کیا ہے۔
105- ملٹری آپریشنز کی پالیسی اور ریاستی جبر کا خاتمہ: ہم درج ذیل جدوجہدوں میں حصہ ڈالیں گے: بلوچستان، پختونخوا اور سندھ میں فوجی آپریشن، پراکسی گروپوں اور ڈیتھ سکواڈز کا خاتمہ۔ ساؤتھ افریقہ کی طرز پر 'ٹروتھ اینڈ ری کنسلیشن کمیشن' کے ذریعے سیاسی حل۔ جبری گمشدگیوں کا خاتمہ، اِسے جرم قرار دینے سے متعلق قانون سازی، اور وکیل اور دلیل کا حق۔ دہشت گردی اور مذہبی بنیادوں پر ٹارگٹ کلنگ کا خاتمہ۔ پختونخوا کے قبائلی اضلاع میں بارودی سرنگوں کی صفائی، اور بے گھر کئے جانے والے لوگوں کی دوبارہ آبادکاری۔
106- ریاست اور معاشرے میں مذہبی انتہا پسندی کا خاتمہ: ریاست کو سیکولر بنیادوں پر تشکیل دینے، ریاست کے تمام پہلوؤں، نظامِ تعلیم، اور سماجی ثقافتوں میں مذہبی انتہا پسندی کے خاتمہ کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ شیعہ اور احمدیوں کی ٹارگٹ کلنگ اور ہندو اور مسیحی لڑکیوں کی جبری تبدیلی مذہب اور اغواء کاروں سے جبری شادیوں پر مکمل روک کے لئے بھی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
(8) ماحولیاتی اور انسانی بقاء
107- ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ عالمی اور مُلکی سطح پر طور پر ماحولیات کی بقاء کے لئے لیفٹ کی تحریکوں کا حصہ ہو گا، خاص طور پر ماحولیاتی سامراجیت کے خاتمے اور فاسل انڈسٹری (تیل، کوئلہ اور قدرتی گیس) کے پھیلاؤ کی روک تھام اور متبادل انرجی کے ذرائع کی تشکیل؛ زراعت میں نقصان دہ کیمیکلز کا استعمال؛ صنعتی آلودگی، اور سرمایہ دارانہ طرزِ ترقی کے خاتمے اور آب و ہوا اور حیاتیات کے تحفظ کے لئے جدوجہد۔ اس کے علاوہ پاکستان میں ماحولیاتی تباہی اور آلودگی کے خاتمے کے لیے تمام تحریکوں اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی ہمارے سیاسی کام کا حصہ ہوگا۔
108- نظریاتی پہلو: ہم اس سائنسی نکتۂ نظر سے متفق ہیں کہ 'زمین کی سطح کے اُوپر' ماحولیات میں واقع پذیر ہونے والی تمام تبدیلیاں ”قدرتی آفات“ نہیں بلکہ انسان کی منظّم سرگرمی اور مداخلت کی وجہ سے پیدا ہونے والی آفات ہیں، خاص طور پر سرمایہ دارانہ سرگرمیاں اور مداخلت: جیسے کہ سرکاری ترقیاتی منصوبے، کاروبار اور صنعتکاری، اور کسی کمیونٹی کی سرگرمی۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب، آندھیاں، سمندری طوفان، زیادہ بارشیں، بے وقت بارشیں، خشک سالی، ٹڈی دَل، بے وقت اولے پڑنا، درجہ حرارت کا بے قابو ہونا یا شدید گرمی کی لہریں، یہ سب موسمیاتی بُحران کا حصہ ہیں، نہ کہ قدرتی یا خُدائی آفات۔
109- ماحولیاتی تبدیلی اور وباؤں کا اثر بلا تخصیص امیر یا غریب ملک سب پر پڑتا ہے مگر تباہی ان ممالک میں سب سے زیادہ ہے، جہاں معاشی، انتظامی اور سیاسی نظام کی بنیادیں کالونیل، انتہائی غیر منصفانہ، غیر منصوبہ بند، اور کمزور ہیں۔ پاکستان اُن ممالک میں سے ایک ہے، جہاں ہر بحران نظام کی بے انصافیوں کو بے نقاب کر دیتا ہے۔
110- مزدوروں کی محنت کے استحصال کے علاوہ ماحولیاتی استحصال بھی سرمایہ داری نظام کا انسان پر جبر بن کر سامنے آیا ہے۔ ایک طرف بے انتہا منافع خوری کے لئے بے تحاشا فیکٹری پروڈکشن سے خارج ہونے والی گیسوں اور مواد نے دُنیا کو آلودہ کیا، اور قدرتی نظام کو بھی درہم برہم کیا۔ دوسری طرف سرمایہ دارانہ ترقیاتی منصوبوں نے ماحول اور حیاتیات کو درہم برہم کیا، جیسے گوادر پورٹ نے بلوچ ماہی گیروں کو بے دخل کیا۔ ہائی ویز بنانے کے لئے بستیوں کو اُکھاڑا گیا۔ بلین ٹری پراجیکٹ نے کسانوں کو جنگلات سے بے دخل کیا۔ زیرِ زمین پانی کی سطح میں کمی سے قحط آئے۔ جان لیوا بیماریوں میں اضافہ ہوا ہے۔ غذائی قلت، پلاسٹک کا استعمال اور کچروں کے بڑھتے ڈھیر، ٹمبر کا کاروبار اور جنگلات کی کٹائی سے لکڑی اور چارے کی عدم دستیابی جیسے مسائل نے محنت کش طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔
111- ماحولیات کا تحفظ: ویسے تو ماحولیاتی بحران کے کئی پہلو ہیں، جیسے کہ آب و ہوا کی آلودگی، جنگ سے تابکاری اور آلودگی، نیوکلیئر ٹسٹنگ، حیاتیاتی تنوع، اور گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی، اور زلزلے۔ پاکستان کے بڑے ماحولیاتی مسائل درجِ ذیل ہیں: موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں جنگلوں میں آگ اور سیلاب۔ سمندری طوفان کے نتیجے میں ساحلی علاقوں میں انسانی و آبی حیات کی تباہی اور ساحلوں کی آلودگی۔ نہروں، اور نالوں کی آلودگی اور پانی کے بہاؤ میں رُکاوٹیں۔ آب و ہوا کی آلودگی میں بڑے مسئلے کوڑے کے ڈسپوزل کا محدود انتظام، خاص طور پلاسٹک کی تباہ کاریاں، پینے کے پانی کی آلودگی، سموگ؛ اور انرجی کی صنعت سے ماحولیات کی تباہی؛ صنعتی فضلے اور دھواں؛ ترقیاتی منصوبوں سے زراعت اور ماحولیات کی تباہی، جن میں عالمی مالیاتی اداروں جیسے ورلڈ بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک کا بڑا ہاتھ ہے۔ رئیل اسٹیٹ اور شہر سازی کے منصوبوں کے کاروبار نے پانی کے بہاؤ میں رُکاوٹ، اور زراعت، جنگلی و آبی حیات کی تباہی کر دی ہے۔ شہری آبادی میں پانی کے قدرتی بہاؤ کے گرد عمارات کی تعمیر سے رکاوٹ اور آلودگی۔ آبادی میں بے پناہ اضافہ اور قدرتی وسائل پر دباؤ۔ اور 2022ء کے سیلاب متاثرین کی زندگی اور پیداوار اوی وسائل کی بحالی۔ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ ان مُدعوں کے گرد تحریکوں کا حصہ ہوگا۔
112- زمین اور قدرتی وسائل پر قبضوں کا خاتمہ: پیداوار چاہے کھیت میں ہو یا کارخانے میں، دونوں کا دارومدار نہ صرف پانی اور اس سے پیدا ہونے والی بجلی پر ہے، بلکہ گیس اور کوئلے پر بھی ہے۔ دریاؤں، آبی وسائل پر قبضے کا مطلب عوام کی قوتِ محنت، پیداواری وسائل، ماحولیات اور حیاتیات (ایکولوجی) سب پر مکمل کنٹرول حاصل کرنا ہے، اُنہیں ماحولیاتی اور معاشی طور پر محکوم بنانا ہے۔ ہماری نظر میں دریاؤں، ساحل اور قدرتی وسائل پر قبضہ منافع حاصل کرنے، اور ماحولیاتی بُحران کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔ مغربی سرمایہ دار ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کے علاوہ پاکستان میں برطانوی راج کے بنائے آبی وسائل اور اُس کے بہاؤ کے ڈھانچہ (ہائیڈرولوجیکل انفراسٹرکچر) بھی سیلابوں کی ایک بڑی وجہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ دریا کی زمین اور دریا کنارے پر پہلا حق دریا کا ہے!
113- ہم درج ذیل مُدعوں کے گرد جاری جدوجہدوں کا حصہ ہوں گے: دریاؤں کے انتظام کے نو آبادیاتی ماڈل کا خاتمہ، ریاست کی جانب سے شدید لاپرواہی، اور لوگوں کی مستقل بے دخلیوں اور ان کی زمینوں پر قبضے کا خاتمہ، دریاؤں، قدرتی ندیوں، اور نالوں پر کارپوریٹ تجاوزات کا صفایا۔
114- سیلاب متاثرین کی بحالی: ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ درج ذیل مُدعوں کے گرد جدوجہدوں کا حصہ ہوگا: آئینی بنیادوں پر سیاسی اور مالیاتی اختیارات وفاق سے صوبائی اور مقامی حکومتوں کو مستقل منتقلی تاکہ انہیں ماحولیاتی آفات سے بہتر طریقے سے نمٹنے کے لیے بااختیار بنایا جا سکے۔ وفاقی حکومت کی طرف سے سیلاب سے متاثرہ صوبوں کو تباہ شدہ مکانات، کسانوں کے زرعی کھیتوں اور ان کے ذریعہ معاش کی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے وسائل کی فراہمی۔ جاگیرداری اور منسلک سبسڈیز اور مراعات کا خاتمہ۔ متاثرین کی مکمل بحالی، فوڈ سیکورٹی کی ضمانت، اور حاملہ خواتین کو صحت کی دیکھ بھال اور معاش کی بحالی۔ اس کے علاوہ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ خود اپنے یونٹس، اور دوست تنظیموں کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کا کام اپنے ”عوامی یکجہتی پروگرام“ کے تحت کرے گی۔
(9) آبادی میں توازن اور تولیدی انصاف
115- آبادی کے اضافے اور کمی کرنے، دونوں کا بوجھ عورت پر لادا جا رہا ہے جو کہ تولیدی بے انصافیوں کی ایک بڑی وجہ ہے: ایک طرف خاندان کی طرف سے خاندان بڑھانے کی ذمہ داری کا بوجھ عورت پر ہے، مگر خاندان کے مرد نگہداشت اور گھریلو ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ دوسری طرف خاندان کا سائز گھٹانے کا بوجھ ریاست کی طرف سے عورت پر ہے، مگر ریاست خاندان کی بنیادی ضروریات پوری کرنے کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ اِس وقت عورت کی کوکھ ایک میدانِ جنگ بنی ہوئی ہے۔ حتمی تجزیے میں بڑے خاندان کا جسمانی اور ذہنی بوجھ بھی عورت پر پڑتا ہے۔ خاندان کی لازمی ضرویات پوری کرنے کے لئے عورتیں اپنی اور لڑکیوں کی ضروریات بھی کاٹتی ہیں۔
116- پاکستان کی شرح اموات، شرح پیدائش سے زیادہ ہے، وہ بھی زچہ بچہ کی اموات۔ ہماری نظر میں جب تک بچوں کی شرح اموات نیچے نہیں لائی جاتی، غریب خاندان اپنے معاشی مستقبل کی سیکیورٹی کے لئے مزید بچے پیدا کرتے رہیں گے۔ اِس وقت پاکستان میں پانچ سال سے کم ہر 1,000 بچوں میں سے 66 بچے مر جاتے ہیں، جو کہ دُنیا کی اوسط شرح کے تقریباً دوگنا ہے، اور سب ممالک سے زیادہ، حتیٰ کہ جنگ زدہ یمن اور افغانستان سے بھی زیادہ ہے۔ عالمی شرح 26 ہے۔ جبکہ ایشیائی ممالک میں افغانستان 58، انڈیا 33، بنگلہ دیش 31، چائنا 7، جاپان 2.5 ہے۔ جبکہ ترقی یافتہ مغربی ممالک میں امریکہ میں یہ شرح 6، اور آسٹریلیا 3.7 ہے۔ غربت اور بھوک، لاعلاجی، لڑکیوں کی کمسنی کی شادی، غیر محفوظ اسقاطِ حمل، نرینہ اولاد کی پیدائش کا دباؤ ماؤں اور بچوں کی ان خاموش اموات کی اہم وجوہات ہیں۔
117- آبادی میں توازن اور تولیدی انصاف کے لئے جدوجہد ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کے سیاسی کام کا حصہ رہے گا۔ ہماری نظر میں آبادی کو گھٹانے کی بنیادی ذمہ داری عورت پر نہیں، بلکہ ریاست پر ہے۔ آبادی کی شرح میں کمی لانے یا بڑھانے کے لئے صدیاں درکار ہوتیں ہیں، جبکہ پاکستان کی ریاست کے پاس عورتوں کی کوکھوں کو زخمی کرنے کے علاوہ کوئی منصوبہ نہیں۔
118- ہم سمجھتے ہیں کہ زندگی کی ضمانت، بہتر معیارِ زندگی، اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ضمانت ہی شرح اموات میں کمی لا سکتی ہے۔ اور جب تک ریاست غربت، پدرشاہانہ جنونیت، اور مذہبی جنونیت قابو نہیں کرتا، برتھ کنٹرول ناممکن ہے۔ جب تک پیداواری نظام پسماندہ اور استحصالی رہے گا، اُس کی مردانہ لیبر کی ضروریات بھی زیادہ رہیں گی، اور خاندان نرینہ اولاد پیدا کرنے کے چکر میں زیادہ اولادیں پیدا کرتے رہیں گے۔ مفت تعلیم اور علاج، مستحکم روزگار، مذہبی انتہا پسندی کا خاتمہ اور پدرشاہانہ جنونیت کا خاتمہ، اور سب سے اہم وسائل کی از سرِ نو تقسیم اور لینڈ ریفارمز برتھ کنٹرول میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے منشور کے صفحہ نمبر 22 پر پیراگراف 33 میں دیا گئے 15 نُکاتی ہنگامی ایجنڈا آبادی میں اضافے کو کم کر سکتا ہے، اور تولیدی انصاف کی راہیں کھول سکتا ہے۔