تیسرا حصہ: سیاسی حکمتِ عملی

1- دُنیا میں کئی سوشلسٹ انقلابات کے انہدام کے بعد، آج کے گلوبلائزڈ اور ٹیکنالوجیکلی مضبوط جدید سرمایہ دارانہ اور سامراجی دور میں ویسے بھی سوشلسٹ فیمنسٹ مزاحمتی سیاست اور صنفی انقلاب کے لئے تیاری ایک لمبی جدوجہد ہے۔ وہ بھی پاکستان جیسے تضادات کے مجموعہ مُلک میں جہاں لیفٹ کی سیاست تو کیا، بورژوا جمہوری سیاست کو بے انتہا دُشواریوں کا سامنا ہے۔ اپنی سماجی، معاشی اور سیاسی فارمیشن میں متعدد تضادات اور پیچیدگیوں کی وجہ سے یہاں آزادی کی جدوجہد کئی پرتوں اور زندگی کے کئی پہلوؤں میں کرنی پڑتی ہے۔ اُوپر سے انتہا پسند پدرشاہی اور مذہبی انتہا پسندی سے لدے اِس سماج اور سیاست میں کسی ”ایک“ حکمتِ عملی سے اِنقلابی عورتوں کی تنظیم کھڑی کرنا ایک مشکل ترین جدوجہد ہے۔ اس لئے اس کو کئی محاذوں سے لڑنے کی ضرورت ہے۔

2- پاکستان کے پولیٹکل سپیکٹرم پر اِس وقت ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ خود کو سینٹر لیفٹ کے اندر دیکھتا ہے، اور خود کو مین سٹریم ڈیموکریٹک لیفٹ کا حصہ سمجھتا ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کی اب فار لیفٹ کی کلاسیکل حکمت عملیوں کی بجائے، ہمیں اپنے معروضی حالات کے مطابق، اکیسویں صدی کے تناظر میں، اور اپنی قومی دھرتیوں کے نامیاتی سیاست سے جُڑے نئے رستے ڈھونڈنے پڑیں گے۔ اپنے معروضی حالات اور پیچیدگیوں میں رستہ بناتے ہوئے، اور اپنے پچھلے پانچ سال کے تجربات کا تنقیدی جائزہ لیتے ہوئے، سوشلسٹ فیمنسٹ مزاحمت کی تشکیل اور لیفٹ کی تشکیل میں اپنا حصہ ڈالنے کے لئے ہماری حکمتِ عملی درج ذیل 12 نُکات پر مشتمل ہوگی:

3- فیمنسٹ سیاست پر سرمائے اور مذہب کی بالادستی سے آزادی: پاکستان کی فیمنسٹ تحریک آج ایک دوراہے پر کھڑی ہے۔ ایک طرف فیمنزم کو سرمائے کے ایجنڈے میں تبدیل کر کے تصرف میں لایا جا رہا ہے، کمزور رکھا جا رہا ہے، اور 'کارپوریٹ' یا لاغر فیمنزم کے ذریعے سرمائے کے تعاون کی وجہ سے سیاسی طور پر بانجھ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری طرف، فیمنزم کو صرف مذہب کے خلاف کھڑا کیا جا رہا ہے۔ نیولبرل اور مذہبی انتہا پسند قوتیں دونوں ریاستی طاقت کے زور پر فیمنزم کو سیاسی میدان سے بے دخل کر رہی ہیں۔ اسی طرح سیاسی حلقوں میں اینٹی لیفٹ رُجحانات بکثرت موجود ہیں۔ لیفٹ کو ایک طرف نیولبرلز کی طرف سے اور دوسری طرف سے مذہبی رائٹ ونگ کی طرف سے مخالفت کا سامنا ہے۔ نیولبرلز چاہے فیمنسٹ ہوں یا نہیں، موجودہ استحصالی نظام کے اندر رہتے ہوئے انسانی و جمہوری حقوق اور سیکولرازم کے مُدعوں پر ایک حد تک پوزیشن لیتے ہیں۔ مگر طبقاتی اور قومی جدوجہدوں اور نظام کو اُلٹانے کے مُدعوں پر لیفٹ کے مدِ مقابل آ جاتے ہیں۔ اس طرح یہ تضاد نا صرف محدود جمہوری اِتحاد کی راہ میں رُکاوٹ کھڑی کر دیتا ہے، بلکہ فیمنسٹ ایکتا میں بھی رُکاوٹ کھڑی کرتا ہے۔ یہ ایک سٹرکچرل مسئلہ ہے۔

4- تیسرا راستہ — جسے ہم جیسے ترقی پسندوں کو اختیار کرنا ہوگا — وہ یہ ہے کہ فیمنسٹ جدوجہد ترقی پسند قوتوں کے ساتھ مل کر عوام تک ایک 'عوامی سیاسی ایجنڈے' کے طور پر لے کر جائیں، اور ان تمام جابرانہ ڈھانچوں کے خلاف متحرک کریں جو عوام کو محکوم بناتی ہیں۔ خاص طور پر محنت کش طبقے کی خواتین، محکوم اقوام اور زیرِ عتاب مذاہب اور فرقوں کے سیکولر حلقوں کی تمام منظّم قوتوں کے ساتھ یکجہتی بنائیں۔

5- مین سٹریم فیمنسٹ سیاست میں لبرل فیمنسٹ نظریہ غالب ہے، جو تحریک کے سوشلسٹ فیمنسٹ حصے کو گاہے بگاہے لپیٹ میں لیتا رہتا ہے۔ ہم اپنے بنیادی نظریاتی اور سیاسی اصولوں پر سمجھوتہ کے بغیر، سیکولر جمہوری خطوط پر کم از کم ایجنڈے کے ساتھ فیمنسٹ مزاحمتی تنظیموں کے ساتھ مل کر ایک متحدہ فیمنسٹ فرنٹ تشکیل دینے کے حامی ہیں۔ تاہم، ایک سوشلسٹ فیمنسٹ تنظیم کے ناطے ہم اتحاد کی کسی بھی ایسی شکل کو قبول نہیں کر سکتے اور نہ کریں گے جو طبقاتی اور قومی جبر و استحصال، اور سامراجی جنگوں کی حمایت کرتی ہو۔

6- ہم پدرشاہانہ جبر کو ایک الگ تھلگ مسئلہ کے طور پر نہیں دیکھتے - یہ عوام اور محکوم قوموں کے مجموعی استحصال کا حصہ ہے۔ لہٰذا کسی مصنوعی فیمنسٹ ایکتا کے سراب کے پیچھے بھاگنے اور اُس کے گرد کارروائی ڈالنے پر مبنی 'پرفارمیٹو' فیمنسٹ سیاست کی بجائے ہم محنت کش طبقے کے عوام، محکوم قوموں، زیرِ عتاب مذاہب اور فرقوں کے سیکولر حلقوں اور خواجہ سراؤں کی جدوجہد کے ساتھ اتحاد قائم کرنے، اور مشترکہ مزاحمت کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔

7- ہم وسیع تر لیفٹ کے ساتھ یکجہتی میں سیاست جاری رکھیں گے۔ البتہ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ ماضی کی طرح خود صرف مزاحمتی سیاست تک محدود رہے گا، اور پارلیمانی سیاست نہیں کرے گا۔ تاہم وسیع تر لیفٹ کی انتخابی سیاست کو سپورٹ کرے گا، خاص طور پر سرمایہ دارانہ پدرشاہی کے خلاف صنفی مساوات کا ایجنڈا رکھنے والی لیفٹ کی سیاسی جماعتوں کو۔ وسیع تر لیفٹ سے ہماری مراد سوشلسٹ اور ترقی پسند نیشنلسٹ حلقے ہیں۔

8- اکیسویں صدی کی سوشلزم میں ہم قومی سوال اور عورت کے سوال کو ”بورژوا سیاست“ کہہ کر رد نہیں کر سکتے۔ ہم سامراجی جنگ کو 'مذہبی جنگ' کہہ کر اس کی تباہی اور دل چیرنے والی سسکتی انسانیت سے آنکھ نہیں پھیر سکتے۔ جہاں ہر دوسرے گھر میں لاشیں آتی ہوں، وہاں ہمیں طبقاتی جدوجہد کے ساتھ ساتھ، خطے میں امن، قومی آزادی، صنفی آزادی، اور جمہوری حقوق کے مدعوں کو اپنی سیاست کا حصہ بنانا ہوگا، ورگرنہ ”فیمنسٹ، سوشلسٹ، اور نیشنلسٹ“ تینوں جدوجہد آخری تجزیے میں ملٹری / سول حکمران طبقے کے مفاد میں کام آئیں گے، اور وہ مقصد ہے: ”ڈیوائڈ اینڈ رول“۔

9- الگ تھلگ فیمنسٹ سیاست سے چھٹکارا: موجودہ مین سٹریم فیمنسٹ تحریک کے اندر پارٹی پالیٹکس مخالفت، انفرادیت پسندی اور لبرلزم عام ہے، جو ملکی سیاست میں اِسے تنہا کر رہی ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سرمایہ دارانہ اور سامراجی فریم ورک کے اندر فیمنسٹ تنظیموں کا ایک الگ تھلگ اتحاد عورتوں کے طبقاتی اور قومی آزادی کی جدوجہد کی قیمت پر بنتا ہے، جبکہ پدرشاہی کے خاتمے کا رستہ طبقاتی و قومی آزادی کے رستے کی اندر سے ہو کر جاتا ہے۔ اس لئے ہم الگ تھلگ فیمنسٹ تحریک کے سیاسی لائحہ عمل کے حامی نہیں ہیں، اور نہ ہی صرف اور صرف صنفی بنیادوں پر سیاست کے حامی ہیں۔

10- ویسے بھی طبقاتی اور قومی شعور فیمنسٹ شعور کی ارتقاء میں اہم کردار رکھتے ہیں، اسی طرح فیمنسٹ شعور ان دونوں کی ارتقاء میں۔ یہ نا صرف عورت کو سیاسی دائرے میں لاتے ہیں بلکہ اُس کی تنقیدی سیاسی فکر سازی کی ارتقاء میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پاکستان میں جو فیمنسٹ ان رستوں سے چل کر نہیں آتے، وہ فیمنسٹ جدوجہد کو آسانی سے 'سیاسی جدوجہد' تسلیم نہیں کرتے۔ اور الگ تھلگ فیمنسٹ سیاست کا رُجحان رکھتے ہیں۔ ہم طبقاتی اور قومی جدوجہد کو صنفی بنیادوں پر تقسیم کرنے کے حامی نہیں ہیں، ہاں ان کے سیاسی ایجنڈے میں صنفی مساوات شامل کرنے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اور اپنے ایجنڈے میں قومی اور طبقاتی جدوجہد شامل رکھیں گے۔

11- گزشتہ پانچ سالوں سے مین سٹریم فیمنسٹ تحریک کے اندر کچھ حلقوں کی سیاست 8 مارچ کے گرد محدود رہی۔ مگر اب دوسرے مُدعوں کے گرد آواز اُٹھانے لگی ہے۔ یہ خوش آئند پیشرفت ہے۔ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ نے اپنی سیاست کو نہ کبھی آٹھ مارچ تک محدود رکھا ہے، اور نہ رکھے گا۔ اور ”جہدِ مسلسل“ کے اُصول پر کاربند رہے گا۔

12- فیمنسٹ سکالرشپ کی ترقی پسند بنیادوں پر تشکیلِ نو: پاکستان میں تاریخی طور پر فیمنسٹ شعور اور مزاحمت کے بارے میں فیمنسٹ سکالرشپ پر نا صرف ”مسلم نیشنلزم“ اور ”مسلم فیمنزم“ کا غلبہ رہا ہے، بلکہ یہ ماضی پرست بھی ہے۔ پاکستان میں فیمنسٹ سکالرشپ کی ارتقاء دو ادوار میں جامد اور مقید ہے: پچھلی چار دہائیوں سے ضیاء دور میں، اور اِس سے پیچھے تحریک پاکستان میں۔

13- یہ بیانیہ ایک تھیوکریٹک، ملٹرسٹ، بورژوا، اور پدرشاہانہ ریاست اور حکمران طبقے کے تسلط کو نہ صرف چیلنج نہیں کرتا، بلکہ اُلٹا مددگار رہا ہے۔ اس سکالرشپ نے نا صرف 'صنفی بنیادوں' تک محدود فیمنزم کا ایک تنگ دائرہ کھینچ دیا ہے، اور فیمنسٹ تحریک اور عورتوں کی تحریک کی تفریق کھڑی کر کے ایک بائنری بھی بنا دی ہے، بلکہ موجودہ نظام کے اندر ویلفیئر اور حقوق کے لئے قانونی اصلاحات تک محدود ہے۔ اور سب سے اہم: یہ فیمنزم کے دائرے سے تجزیئے اور جدوجہد کے دو بڑے اہم باب خارج کرتا ہے: قومی جدوجہد اور طبقاتی جدوجہد۔

14- عہدِ حاضر کی ترقی پسند فیمنسٹ تصنیفات بھی قومی اور طبقاتی مزاحمتوں کو فیمنسٹ تسلیم نہیں کرتیں۔ قوم کی جگہ جغرافیہ کی اصطلاح استعمال کرتی ہیں۔ کالونیل ازم اور اس کی تاریخ کا مطالعہ ”مسلم ویمن“ اور ”مسلم نیشنلزم“ تک محدود رکھتی ہیں۔ یہ تصنیفات برصغیر کی وسیع قومی آزادی کی تحریک کو ”تحریک پاکستان“ تک دیکھتی ہیں۔ پاکستان کو ”نیشن سٹیٹ“ مانتی ہیں، جبکہ پاکستان ایک ”ملٹی نیشن سٹیٹ“ ہے۔ مزاحمت کے دائرے میں این جی اوز تک کو شامل کرتی ہیں، مگر عورتوں کی قومی اور طبقاتی جدوجہد کو خارج کرتی ہیں۔ بنگالی، بلوچ، سندھی، پشتون عورتوں کی عظیم الشان قومی آزادی کی جدوجہد کو فیمنسٹ تاریخ اور سکالرشپ سے غائب کرتی ہیں۔ لیفٹ کی سب سے بڑی تحریک 'نیپ'، کسان تحریک، اور کمیونسٹ تحریک کو بھی غائب کرتی ہیں۔

15- اس قید و جمود نے نا صرف فیمنسٹ تحریک کے قومی اور طبقاتی پہلوؤں، ملکی اور عالمی سیاسی معیشت، اور خطے میں تبدیلیوں پر بحثوں کو روکے رکھا، بلکہ عمومی سیاسی منظرنامے سے بھی کاٹے رکھا، جو فیمنسٹ شعور اور سکالرشپ کی ارتقاء میں رکاوٹ ہے۔ فیمنسٹ سکالرشپ اور ہسٹری رائٹنگ میں مذہبی نکتۂ نظر تاریخ کو غائب یا مسخ کر دیتی ہے۔ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ فیمنسٹ سکالرشپ کو ترقی پسند بنیادوں پر استوار کرنے کا فکری ایکشن جاری رکھے گا۔

16- آزاد تنظیمی حیثیت: ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کسی بھی مُلکی اور عالمی لیفٹ کی سیاسی تنظیم کی نہ ذیلی تنظیم ہے، اور نہ بنے گا۔ البتہ وسیع لیفٹ کا حصہ ضرور ہے۔ لیفٹ مخالف لبرل حلقوں کی طرف سے ہماری آزاد حیثیت پر مسلسل حملوں کے پس منظر میں ہم یہ واضح کر دینا چاہتے ہیں، کہ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ کی تشکیل کے کام کا آغاز پاکستان میں بائیں بازو کی عورتوں نے ضرور کیا تھا، خاص طور پر عوامی ورکرز پارٹی کی ممبران عورتوں نے۔ مگر ابتداء ہی سے اس میں دوسری ترقی پسند خواتین شامل ہوتی گئیں۔ یہ تاریخی حقیقت ہے کہ ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ اپنے آغاز سے اپنے آزاد اور منتخب فیصلہ ساز ادارے رکھتا ہے، اپنا منشور و دستور، اور اپنا پرچم رکھتا ہے، اور ایک مکمل آزاد سوشلسٹ فیمنسٹ تنظیم رہی ہے، اور رہے گی۔ مگر ہم خیال دوست تنظیموں سے یکجہتی کے لئے ورکنگ ریلیشن شپ پہلے کی طرح جاری رکھیں گے۔ ”سانجھی جدوجہد اور سانجھی آزادی“ کے تصور، عوام اور محکوم قوموں کی آزادی کے عزم، اور سیلف آرگنائزنگ کے ذریعے خود کی آزادی بحیثیت عورت اور خواجہ سراء ہمارے اُصول رہیں گے۔

17- جمہوری ثقافت کی تشکیل: ہم اپنی تنظیمی ثقافت کی سوشلسٹ فیمنسٹ بنیادوں پر تشکیل جاری رکھیں گے: جمہوریت پسندی، سوشلسٹ فیمنسٹ تنظیمی اقدار، باہمی اعتبار، سیلف ڈسپلن، اور تنظیمی خود تنقیدی۔ تنظیم کے تمام ادارے مساوی نمائندگی کے اصول پر ہر تین سال بعد منتخب ہوں گے۔

18- انٹرنیشنلزم اور نیشنلزم میں توازن: اِس میں کوئی دو رائے نہیں کہ سامراجیت عالمگیریت پر مبنی ہے، اور انٹرنیشنلزم ضروری ہے۔ تاہم پاکستان جیسے کثیر القومی مُلک اور سیکیوریٹی سٹیٹ میں یہ عملی سیاست میں ایک پیچیدگی کھڑی کرتا ہے۔ ہمارے تجربے میں عملی جدوجہد میں انٹرنیشنلزم پاکستان کے حکمران طبقے اور ریاست کو وارا کھاتا ہے، کیونکہ وہ ایک طرح سے سیاسی فریم سے باہر نکل جاتے ہیں، اور سیاست ”حب الوطنی / پاکستانی نیشنلزم“ کے فریم میں پھنس جاتی ہے۔ اور بُحرانوں کی ذمہ داری ”خوارجی عناصر“ پر چلی جاتی ہے، بالکل ایسے ہی جیسے سیکیوریٹی سٹیٹ ہر معاملہ خوارجی عناصر (اکثر ہندوستان، امریکہ اور صیہونی عناصر) پر ڈال دیتا ہے۔ اس کے باوجود کہ ریاست خود اپنی نوعیت میں نیو امپریالسٹ گماشتہ ہے، اِس پیچیدگی کی وجہ سے امپریالزم کے خلاف جدوجہد، اور انٹرنیشنلسٹ سیاست، حتمی تجزیئے میں ریاست کے کام آ جاتی ہے۔ امپریالزم اور اینٹی امریکن ازم بھی عملی سیاست میں گڈ مڈ ہو جاتے ہیں، اور نظریاتی دُھواں بن جاتا ہے، جبکہ امریکہ مخالفت ضروری طور پر سامراجیت کی مخالفت نہیں ہے۔ امپریالزم، تیسری دُنیا میں آمریت، اور قومی جبر لازم و ملزوم ہیں، خاص کر نو آبادیاتی ریاستوں میں۔ اس لئے اپنے تاریخی اور معروضی حالات کے مطابق مؤقف رکھتے ہیں۔

19- درجِ بالا پس منظر میں ہم انٹرنیشنلزم اور نیشنلزم کو اپوزیشن میں نہیں دیکھتے، اور اپنی قومی اور طبقاتی جدوجہد کو دو جہتی سمجھتے ہیں۔ دُنیا بھر کے ممالک میں اور پاکستان میں انقلابات کو سپورٹ کرتے ہیں۔ تاہم، امپریالزم کے خلاف ہماری جدوجہد عالمی سے زیادہ مُلکی تحریکوں کا حصہ ہوگی، جیسے کہ سامراجی جنگ، ماحولیاتی اور مالیاتی امپریالزم، اور وسائل پر قبضہ گیری کے مُدعوں پر۔ مُلکی سیاست ہماری توجہ کا مرکز رہے گا، اور ترقی پسند قوتوں کے ساتھ مل کر سیاست کریں گے اور سوشلسٹ فیمنسٹ مزاحمت کی تعمیر ہماری ترجیح ہوگی۔ ریجنلزم پر فوکس رہے گا: کابل تا اِسلام آباد تا تہران اور دہلی سوشلسٹ فیمنسٹ یکجہتی بنانا ہماری ترجیح رہے گی۔

20- سیاسی مزاحمت کی تشکیل: سیاسی مزاحمت کی تشکیل کے لئے ہمارا لائحہ عمل تین رُخی ہوگا: (1) ڈبلیو ڈی ایف کے اپنے پلیٹ فارم سے مزاحمت کی تشکیل، (2) دوسری ہم خیال مزاحمتی تحریکوں اور تنظیموں کے ساتھ مشترکہ آرگنائزنگ، اور (3) اپنی تنظیمی نمائندگی پر ہم خیال سیاسی تحریکوں اور تنظیموں کے ساتھ یکجہتی۔

21- ہم تمام ہم خیال طبقاتی اور قومی مزاحمتی تحریکوں اور سیاسی تنظیموں سے یکجہتی کا رشتہ جاری رکھیں گے۔ خود کو دوسری طبقاتی اور قومی تحریکوں کے ساتھ جوڑیں گے۔ طبقاتی تحریکیں جیسے کہ ہاری، کسان، دہقان، صنعتی مزدور، فارمل اور ان فارمل سیکٹرز کے ملازمین کی تحریکوں؛ اور برسرِ روزگار عورتوں کی منظّم یونین اور ایسوسی ایشنز سے یکجہتی جاری رکھیں گے۔ قومی آزادی اور حقِ خود ارادیت کی تحریکوں، مسنگ پرسنز کی تحریک، جنگ اور ملٹرائزیشن کے خلاف امن بحالی تحریک، اور سامراجیت کے خاتمے کی تحریک کا حصہ رہیں گے۔ آمریت کے خلاف مزاحمت، جمہوری حقوق اور انسانی حقوق کی تحریک، زیرِ عتاب مذاہب اور فرقوں کی سیکولر مزاحمت، فیمنسٹ تحریک، ترقی پسند طلباء مزاحمت، خواجہ سراء مزاحمت کا بھی حصہ رہیں گے۔ جبری بیدخلیوں کے شکار عوام کی مزاحمت؛ موسمیاتی بُحران کے خلاف تحریک، کچی آبادی کی رہائش کے حق کی تحریک، اور دیہی اور شہری لینڈ ریفارمز کی تحریک کا بھی حصہ رہیں گے۔

22- عوامی سطح پر سوشلسٹ فیمنسٹ بیانیے کی تشکیل: مُلکی اور سیاسی معاملات پر باقاعدگی سے تنظیم کا مؤقف مسلسل فارمل اور سوشل میڈیا مہم، سٹڈی سرکلز کے ذریعے جاری رہے گا۔ سیاسی سرگرمیوں کی تشہیر بھی جاری رہے گی۔

23- سیاسی تعلیم پروگرام: اس پروگرام میں ملک گیر سوشلسٹ فیمنسٹ سکول (ضلعی، قومی اور فیڈرل سطح پر)، آن لائن سکول، سیاسی بیٹھک، آرٹ سکول، ضلعی سطح پر لائبریریوں کا قیام، ملکی سطح پر سوشلسٹ فیمنسٹ لٹریچر کانفرنسوں کا انعقاد، پبلی کیشن، مہم سازی، سٹریٹ آرٹ اور سٹریٹ تھیٹر، اور سپورٹس شامل ہیں۔

24- عوامی یکجہتی پروگرام: ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ وباؤں، موسمیاتی آفات، زلزلوں، جنگ اور ملٹری آپریشنز، اور شہروں کی اشرافیہ سازی کے لئے کچی آبادیوں اور بستیوں پر آپریشنز کے نتیجے میں جبری دخلیوں کے متاثرین کی ریلیف اور بحالی کے لئے عوامی چندوں سے یکجہتی پروگرام چلائے گا۔ اور متاثرین کے ساتھ یکجہتی کے لئے اپنے حالیہ پروگرام کو وسیع اور باقاعدہ منظّم کرے گی۔

25- سیلف ڈیفنس: پچھلے پانچ سالوں میں تنظیم پر مسلسل منظّم کریک ڈاؤن اور مستقبل میں متوقع حالات کے پیشِ نظر ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ اپنے نظریاتی، سیاسی، تنظیمی کام، اور اپنے ممبران کا دفاع کرے گا۔ اور ساتھ ہی ساتھ پاکستان میں حاصل شدہ آزادیوں اور حقوق کا بھی دفاع کرے گا۔

26- تنظیم کاری: یہ ہمارے کام کا سب سے اہم حصہ ہے۔ ہم نا صرف پاکستان کے شہروں اور دیہاتوں میں ورکنگ کلاس، محکوم اقوام، اور زیرِ عتاب مذاہب کی عورتوں اور خواجہ سراؤں کو وسیع بنیادوں پر تنظیموں میں منظّم کر کے ترقی پسند بنیادوں پر ایک وسیع اور متحدہ سوشلسٹ فیمنسٹ تحریک کی تعمیر کریں گے۔ بلکہ جو مُدعے ہمارے منشور کا حصہ ہیں، ہم اُن مدعوں کے گرد عوامی مزاحمتی تحریکوں کا حصہ بھی رہیں گے، اور وسیع تر لیفٹ کی تشکیل میں حصہ ڈالیں گے۔

☆