ہم گلگت بلتستان میں جاری اندرونی خود مختاری کی تحریک کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔
اسلام آباد ( 2 فروری 2024 ): ہم ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ، پاکستان سے مُلحقہ متنازعہ قومی خطے گلگت بلتستان میں جاری “اندرونی خود مختاری” کے لئے عوامی ایکشن کمیٹی کی طرف سے جاری دھرنے, اور دھرنے کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اور گللگت بلتستان کےعوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کی طرف سے گلگت بلتستان میں نو آبادیاتی توسیعی پالیسیوں، قبضہ گیری، اور ملٹرائزشن کو رد کرتے ہیں۔
ہم گلگت بلتستان میں بنیادی ضروریات کی فراہمی، سبسڈیز کی بحالی، او بے دریغ سرمایہ دارانہ مائننگ کے خاتمے اور پہلے سے نازک ایکالوجی کی بحالی کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم اسلام آباد کی طرف سے گلگت بلتستان کی سر زمین پر قبضے، قدرتی ار پیداواری وسائل کی بندربانٹ، نیو لبرل پالیسوں اور سیاسی بالا دستی کی بنیاد پر مسلط فیصلوں کو رد کرتے ہیں۔
ہم گلگت بلتستان اور جموں کشمیر دونوں خطوں کی متنازعہ حیثیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ اِن متنازعہ خطوں میں بسنے والی اقوام کی سرزمین، قدرتی وسائل پر قبضہ اور ان کی ڈیموگرافی کو تبدیل کرنے، ان کے قومی و تہذیبی شناخت کو مٹانے، اور وسائل پر قبضہ جاری رکھنے کی نو آبادیاتی توسیعات اور ان خطوں کو جدید عالمی سامراجی سازشوں کے نئے گریٹ گیم/سیکنڈ کولڈ وار کا اکھاڑہ بنانے کے منصوبوں کو رد کرتے ہیں۔
ہم عالمی جمہوری اُصولوں کے مطابق ان خطوں میں بسنے والی اقوام کے حقِ خودارادیت اور اپنی تاریخی وحدتوں کی بحالی کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔
ہم قومی سوال کو صرف قومی تشخص/ شاخت کا سوال نہیں سمجھتے، بلکہ اسکو ایک معاشی، سیاسی، تاریخی،جغرائیائی، اور تہذیبی ثقافتی سوال بھی سمجھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ حقِ خود ارادیت بشمول حق علیحدگی، اپنی سر زمین اور پیداواری وسائل پراختیار، مساوی حقِ حکمرانی و جمہوری حقوق، زندہ رہنے کا حق اور جینو سائیڈ سے آزادی، مساوی بنیادی اور انسانی حقوق، ڈیموگرفک بالا دستی اور قومی بنیادوں پر جبری بے دخلیوں، اپنی تہذیب ا ور ثقافت پر تسلط سے آزادی، فکری تسلط اور جبری قوم سازی کے نظریات سے آزادی، جبری ریاست سازی سے آزادی، قومی زبان کا حق، اپنے نصاب وتاریخ اور تاریخی قومی وحدت کی بحالی کا سوال بھی ہے۔
ہم ان خطوں میں بسنے والے اقوام کی طرف سے ترقی پسند بنیادوں پر کی جانے والی قومی، طبقاتی، فیمنسٹ، اور ماحولیاتی جدوجہدوں اور تحریکوں سے یکجہتی کا عزم رکھتے ہیں۔