ہم ’امن بحالی تحریک‘ کو سندھ کے سیاسی منظر نامے پر ایک اہم شروعات سمجھتے ہیں، اور تمام ترقی پسند قوتوں کو شمولیت کی دعوت دیتے ہیں۔
2024 پرہس ریلیز: 21 مارچ
سندھ کے مختلف علاقوں خصوصاً کشمور, گھوٹکی، اور شکارپور میں لاقانونیت کی صورتحال برقرار۔ قبائلی تنازعات, منشیات کی کھلی عام خرید و فروخت ، ہتھیار کے زور پر اغواءکاری اور قتل ایک معمول بن چکا ہے۔
سندھ میں مجموعی طور اور خصوصاً کشمور اور گھوٹکی میں بدترین بدامنی قائم ہے۔ ڈاکو دن دہاڑے جس کو چاہے اغوا کرتے ہیں اور جس کو چاہے قتل۔ جب بھی کسی سماج میں اس قسم کی صورت حال ہوتی ہے تو اس کا سب سے زیادہ خراب اثر عورت اور بچوں پر پڑتا ہے۔
قبائلی تنازعات کی صورت میں سنگ چٹی، کارو کاری، بچوں کا اغوا ہونا، اور بیواؤں کا شدت سے اضافہ اس جبر و بربریت کی چند اشکال ہیں۔
ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ موجودہ حکومت کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال اور مکمل غفلت کی مذمت کرتی ہے۔ پولیس سمیت اعلا حکام محض مقامی زمیندار اور اشرافیہ کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے محض تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ سندھ میں ایسے جدید ہتھیاروں کا ڈاکوؤں کے پاس ہونا بہت اعلیٰ اداروں پر سوال اٹھاتا ہے۔
دہشت گردی کے اس ماحول میں عوام کے لیے ہر مقام غیر محفوظ ہے حتیٰ کہ لوگ اپنے گھروں میں بھی محفوظ نہیں۔ اساتذہ کا قتل روز مرہ کا کام بن چکا ہے۔ اللہ رکھیو نندوانی نامی ایک استاد بھی ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد میں شامل ہے۔
اغوا ایک معمول بن گیا ہے اور اگر متاثرین تاوان کی رقم ادا کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو انہیں بیدردی سے قتل کر دیا جاتا ہے۔ان کی نازیبا وڈیوز بنا کر خوف اور ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔
ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ اس بربریت، ظلم اور زیادتی کی سخت لفظوں میں مذمت کرتی ہے اور اس صورت حال میں سندھ کی تمام خواتین، مرد، بچوں اور بزرگوں کے ساتھ کھڑی ہے جو اس ظلم سے کسی بھی صورت میں متاثرہ ہیں. ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ، عوامی ورکرز پارٹی کی جانب سے امن بحالی تحریک کو ایک اہم شروعات سمجھتی ہے اور تمام ترقی پسند قوتوں کو بھی دعوت دیتی ہے کہ اس کا حصہ بنیں تاکہ ایک مضبوط عوامی طاقت ابھر کر آئے اور گھر سے سرحدات تک امن کے نعرے کو ایک عملی شکل دینے میں کامیابی حاصل کی جا سکے۔
اور ساتھ ہی سندھ حکومت سے مطالبہ بھی رکھتی ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر لاقانونیت اور بدامنی کے ماحول پر قابو پانے کے لئے جلد از جلد اقدامات لیں۔
جاری کردہ: سیکریٹری، میڈیا اور نشریات، ویمن ڈیموکریٹک فرنٹ (سندھ)